[pullquote]جرمن چانسلر سے ملاقات بروقت اور مفید رہی، روسی صدر[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے روسی شہر سوچی میں اپنی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس پریس کانفرنس میں روسی صدر نے چانسلر میرکل کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کو بروقت اور مفید قرار دیا۔ دوسری جانب انگیلا میرکل نے کہا کہ یورپ اور روس کے درمیان تعلقات اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں۔ میرکل نے یوکرائن کے لیے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اس تناظر میں صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ روس یوکرائن کے راستے گیس کی فراہمی کا سلسلہ اُس وقت تک جاری رکھے گا، جب تک وہ اقتصادی طور پر فائدہ مند رہتا ہے۔ میرکل نے یہ بھی کہا کہ یورپ اور بحر اوقیانوس کے آر پار کے تعلقات بھی معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔
[pullquote]طالبان کے کئی حملوں میں درجن سے زائد افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]
افغان ذرائع نے بتایا ہے کہ تین مختلف صوبوں میں کیے جانے والے حملوں میں سولہ سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ تمام حملے طالبان عسکریت پسندوں نے کیے۔ صوبے غزنی کی پولیس کے نائب سربراہ رمضان علی موسینی کے مطابق ضلع اجرستان میں عسکریت پسندوں کے حملے میں نو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور سات دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ موسینی کے مطابق اجرستان میں ہونے والی جھڑپ میں پچیس عسکریت پسند بھی مارے گئے۔ باقی دو میں سے ایک حملہ قندھار کے ایک ضلع معروف میں کیا گیا اور پانچ پولیس اہلکار مارے گئے۔ اس حملے میں بارہ طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ تیسرا حملہ صوبے اُرُوزگان میں کیا گیا، جہاں دو پولیس اہلکار مارے گئے۔
[pullquote]مسلم ممالک کی سمٹ استنبول میں آج جمعے کواسرائیل نے ایک قابض قوت کے طور پر [/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ایک سال کے اندر اندر دوسری مرتبہ تنظیم برائے اسلامی تعاون (OIC) کے رکن ملکوں کا ایک ہنگامی سربراہی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں غزہ پٹی کے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی مذمت اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کیا جائے گا۔ یہ اجلاس آج جمعہ اٹھارہ مئی کو ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں ہو رہا ہے۔ سربراہی اجلاس سے قبل شریک ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس بھی ہوا اور اس میں سمٹ کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔ گزشتہ برس دسمبر میں بھی مسلم ممالک کی اس تنظیم کا ایک اجلاس ترکی میں ہوا تھا۔
[pullquote]فلسطینیوں سے وقار چھین لیا ہے، الحسین[/pullquote]
اقوام متحدہ کے کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے اسرائیلی فوج کےغزہ مظاہرین پر طاقت کے استعمال کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ الحسین کے مطابق ایسی کوئی اشارے نہیں ملتے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ہلاکتوں کو کم رکھنے کی کوئی کوشش کی ہو۔ یہ بیان انہوں نے جنیوا میں انسانی حقوق کی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران دیا۔ ان کے بقول ایک قابض قوت کے طور پر اسرائیل نے فلسطینیوں کو ایک گندی بستی میں محصور کرتے ہوئے انہیں وقار سے محروم کردیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی سرحد پر احتجاج کے دوران ساٹھ فلسطینوں کی ہلاکت پر اسرائیل پر تنقید کی جاری رہے۔
[pullquote]پوٹن کی اسد سے غیر متوقع ملاقات[/pullquote]
روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے شامی صدر بشارالاسد سے سوچی میں ملاقات کی ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے بشارالاسد کو بتایا کہ شام میں اب سیاسی عمل کو آگے بڑھنے کے لیے حالات سازگار ہیں۔ ساتھ ہی بشارالاسد کا کہنا تھا کہ شامی فوج کی کامیابیوں کا مطلب ہے کہ ان کی حکومت صورتحال کو معمول پر لانے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اسد نے سترہ مئی کو پوٹن سے ملاقات کی تھی۔
[pullquote]شام: حما کے ہوائی اڈے کی عمارت میں دھماکا[/pullquote]
شامی شہر حما کے ہوائی اڈے کی عمارت میں ایک زوردار اور شدید دھماکے کی اطلاعات ہیں۔ شام کے سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ہوائی اڈے کے قریبی علاقے میں سلسلہ وار دھماکے ہوئے ہیں۔ تاہم اس بیان میں ان دھماکوں کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔ سیریئن آبزرویٹری نے اس سے قبل حما کے ایک فوجی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی خبر دی تھی۔ تاہم ابھی تک ان دھماکوں میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
[pullquote]سابق روسی جاسوس برطانوی ہسپتال سے فارغ[/pullquote]
برطانیہ میں حملے کا نشانہ بننے والےسابق روسی جاسوس سیرگئی اسکرپل کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ سالسبری کے ہسپتال کے مطابق اس دوران اسکرپل بہت تیزی سے صحت یات ہوئے ہیں۔ اسکرپل اور ان کی بیٹی کو مارچ کے اوائل میں زہریلی گیس سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے نے عالمی سطح پر ایک سفارتی تنازعہ کھڑا کر دیا تھا۔ برطانیہ اس حملے کی ذمہ داری روس پر عائد کرتا ہے اور ماسکو حکام اسے مسترد کرتے ہیں۔
[pullquote]فرانس: دہشت گرانہ حملہ ناکام ، دو بھائی گرفتار[/pullquote]
فرانسیسی حکام نے ایک دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنانے کا دعوٰی کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر داخلہ ژیرار کولومب کے مطابق آج دو بھائیوں کو حراست میں لیا گیا ہے، جن پر شبہ ہے کہ وہ دھماکا خیز مواد یا زہریلی گیس کے ذریعے تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔ ان دونوں بھائیوں کا تعلق مصر سے بتایا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے روز پیرس میں خنجر سے کیے جانے والے ایک حملے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔تفتیشی حکام کے مطابق یہ حملہ مذہبی بنیادوں پر کیا گیا تھا۔ فرانس میں2015ء کے بعد سے اب تک شدت پسندانہ حملوں میں 240 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]مصر نے ماہ رمضان کے دوران غزہ سے ملنے والی سرحد کو کھولنے کا اعلان کر دیا۔[/pullquote]
مصر نے ماہ رمضان کے دوران غزہ سے ملنے والی سرحد کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مصری سربراہ مملکت عبدالفتح السیسی نے رفح سرحدی گزر گاہ کو اس پورے مہینے کے دوران کھولے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ السیسی کے بقول اس اقدام کا مقصد مشکلات میں گھرے غزہ کے شہریوں کے لیے آسانی پیدا کرنا ہے۔ رفح اسرائیلی ناکہ بندی کے بغیر وہ واحد سرحدی گزر گاہ ہے، جس کے ذریعے غزہ کا بیرونی دنیا سے رابطہ ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران مصر کی جانب سےاس راستے کو زیادہ تر بند ہی رکھا گیا ہے۔
[pullquote]معاہدہ کرو ورنہ قذافی کی طرح کا حشر ہو سکتا ہے، ٹرمپ کی اُن کو دھمکی[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک کامیاب جوہری معاہدے کے بدلے شمالی کوریا کو بڑے پیمانے پر رعائیتوں کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے یہ دھمکی بھی دی ہے کہ اگر اس طرح کا کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کا حشر لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کی طرح بھی ہو سکتا ہے۔ 2011ء میں ایک انقلابی تحریک کے ذریعے قذافی کا تختہ الٹتے ہوئے انہیں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے لیے ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ٹرمپ کے مطابق وہ شمالی کوریا کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔
[pullquote]میرکل آج پوٹن سے ملاقات کر رہی ہیں[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج جمعے کو روسی صدر ولادی میر پوٹن سے ملاقات کر رہی ہیں۔ خبر رساں ادارے ’ڈی پی اے‘ کے مطابق سوچی میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہمنا ممکنہ طور پر یوکرائن تنازعے کے حل کے موضوع پر بات چیت کریں گے۔ میرکل کا یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کہ روس قدرتی گیس کی جرمنی کو فراہمی کے لیے پائپ لائن کے اپنے منصوبے کو توسیع دے رہا ہے۔ اس پائپ لائن منصوبے میں یوکرائن کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔
[pullquote]متنازعہ جینا ہاسپل کی سی آئی اے کی سربراہ کے طور پر تقرری[/pullquote]
امریکی سینیٹ نے ملکی خفیہ ادارے ’سی آئی اے‘ کے سربراہ کے طور پر نامزد متنازعہ امیدوار جینا ہاسپل کی تقرری کی توثیق کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہاسپل کے حق میں 54 جبکہ مخالفت میں 45 ووٹ پڑے۔ سینیٹ میں 61 سالہ ہاسپل کے حوالے سے شدید تحفظات پائے جاتے تھے۔ ہاسپل 2002ء میں تھائی لینڈ کے ایک امریکی حراستی مرکز کی نگران تھیں اور کہا جاتا ہے کہ اس مرکز میں مشتبہ دہشت گردوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ وہ سی آئی اے کی پہلی خاتون سربراہ ہیں۔
[pullquote]اٹلی میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا[/pullquote]
اٹلی میں عوامت پسند’ فائیو اسٹار تحریک‘ اور انتہائی دائیں بازو کے اتحاد کے مابین حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ متعدد خبر رساں اداروں نے بتایا ہے کہ نئی حکومت کے منصوبے کے مطابق اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ساتھ ہی بنیادی تنخواہ کو کم از کم 780 یورو کرنے کی بات بھی کی جا رہی ہے۔ اس دوران یورو زون سے نکلنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ اٹلی کا اگلا سربراہ حکومت کون ہو گا۔
[pullquote]مقدونیا اور یونان کے مابین نام کے تنازعے کا حل تلاش کر لیا گیا، زائیف[/pullquote]
مقدونیا کے وزیر اعظم زوران زائیف نےکہا ہے کہ یونان کے ساتھ نام کے تنازعہ کا حل تلاش کر لیا گیا ہے۔ زائیف کے بقول یونانی وزیر اعظم الیکسس سپراس کے ساتھ اس سلسلے میں اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے مختلف امکانات پر بات ہوئی ہے۔ دوسری جانب سپراس کے بقول وہ ابھی یہ کہہ نہیں سکتے کہ اس مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے۔ مقدونیا اور یونان کے مابین نام کے حوالے سے یہ تنازعہ پچیس سال پرانا ہے۔ یونانی موقف ہے کہ نام ’مقدونیا‘ کا تعلق ان کے قومی ورثے سے ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا : دہشت گردی میں اسلحہ فراہم کرنے والے شخص کو سترہ سال قید[/pullquote]
آسٹریلیا میں ایک دہشت گردانہ حملے میں اسلحہ فراہم کرنے والے ایک شخص کو سترہ سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ آج جمعے کو نیو ساؤتھ ویلز کی سپریم کورٹ کے جج پیٹر جونسن نے کہا کہ طلال علم الدین کو دہشت گردی میں استعمال ہونے والا ایک ہتھیار فراہم کرنے اور رکھنے کے جرم میں یہ سزا سنائی گئی ہے۔ 2015ء میں ایک پندرہ سالہ لڑکے نے کرٹس چینگ نامی ایک پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ اس لڑکے کو علم الدین نے یہ پستول فراہم کی تھی۔
[pullquote]ٹرمپ کی جرمنی پر تنقیدکیمیائی ہتھیار سازی میں ملوث ہونے کا شبہ [/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی شعبے پر کم خرچ کرنے کے حوالے سے جرمنی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا رکن ملک جرمنی روس سے اربوں ڈالر کی گیس تو خریدتا ہے لیکن اپنی مسلح افواج پر مناسب رقم خرچ نہیں کرتا۔ یہ بیان انہوں نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینز اسٹولٹن برگ سے ملاقات کے دوران دیا۔ امریکی صدر نے اس موقع پر اس عسکری اتحاد کے رکن ممالک کی طرف سے اپنی اپنی مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد حصہ نیٹو کو دینے کے مطالبے کو دہرایا۔ جرمنی اپنے دفاعی اخراجات کو بڑھانے کا اعلان کر چکا ہے۔
[pullquote]کیمیائی ہتھیار سازی میں ملوث ہونے کا شبہ، فرانس نے چھ کمپنیوں کے اثاثے منجمد کر دیے[/pullquote]
فرانس نے آج جمعے کوکیمیائی ہتھیاروں کی تیاری میں ملوث ہونے کے شبے میں چھ کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق شام، لبنان اور چین میں بیٹھ کر کام کرنے والی ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ یہ شام میں کیمیائی ہتیھاروں کی تیاری کے ایک منصوبے سے منسلک ہیں۔ ساتھ ہی دو شامی باشندوں کو بھی اسی طرح کی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔ رواں برس جنوری میں بھی فرانس نے انہی الزامات کی بنیاد پر پچیس افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔