نریندر مودی کا دورہ کشمیر، وادی میں کرفیو نافذ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر سری نگر میں انٹرنیٹ سروس اور تدریسی عمل معطل کرکے شہر میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کے دورے کے خلاف لال چوک پر احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے بھارتی فورسز نے پوری وادی کو سیل کردیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی آج (بروز ہفتہ) شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونش سینٹر (ایس کے آئی سی سی) میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے جس میں 14 کلومیڑ طویل زوجی لال ٹنل بھی شامل ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مذکورہ ٹنل ایشیاء کی سب سے بڑی بائی ڈائریکشنل ٹنل کہلائی گی۔

علاوہ ازیں حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے لال چوک پر احتجاج کال دی گئی تھی۔

حریت رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پر احتجاجاً اپنے گھروں کی چھت پر کالے جھنڈے لہرائیں۔

واضح رہے کہ لال چوک وہ مقام ہے جہاں بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لال نہرو نے کشمیری عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں حق خود ارادیت کا پورا حق ملے گا۔

نریندر مودی کی آمد پر ممکنہ احتجاج کے خوف سے مقامی انتظامیہ نے پوری ریاست میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں۔

ڈویژنل کمشنر کشمیر بسیر خان نے گزشتہ روز اجلاس میں کہا کہ ‘اضافی حفاطت کے پیش نظر’ جموں و کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں اور سری نگر میں نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔

دوسری جانب بھارتی فورسز کی جانب سے گزشتہ رات سے ہی بھارت مخالف متحرک مظاہرین کے خلاف کریٹ ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

دی ہندو میں شائع رپورٹ کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ‘کشمیرکا مسئلہ روڈ ، ٹنل کی تعمیر، پاور پراجیکٹ یا ملازمت میں پوشیدہ نہیں ہیں، یہ تنازع لاکھوں جموں و کشمیر کے رہنے والوں سے منسلک ہے جس کا واحد کشمیری عوام کی امنگوں سے وابستہ ہے’۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ‘کشمیروں کو اپنے من کی بات نریندر مودی کو سنانے کے لیے لال چوک پر امن مظاہرہ کرنے کی اجازت دی جائے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کشمیری عوام ان وعدہ کی پاسداری چاہتے ہیں جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے آباواجداد نے نا صرف لال چوک پر بلکہ بھارتی پارلیمنٹ میں کیے’۔

کل جماعتی حریت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے عالمی دنیا کو غلط تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ کشمیر کے شہری بھارتی جہموریت سے خوش ہیں جبکہ بھارت نے کشمیر کو جہنم میں بدل ڈالا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے