جمعہ:08 جون 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدر کا عید پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان[/pullquote]

کابل: افغانستان کی حکومت نے عیدالفطر پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کردیا تاہم اس کا کہنا ہے کہ دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ 27 ویں روزے سے عید کی تعطیلات تک جنگ بندی جاری رہے گی۔ اشرف غنی نے کہا کہ یہ جنگ بندی صرف طالبان کے ساتھ ہوگی اور افغان سیکورٹی فورسز داعش اور دیگر غیر ملکی تنظیموں کے خلاف آپریشن بند نہیں کریں گی۔ افغان صدر نے کہا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا یہ فیصلہ افغان علما کے تاریخی فتوے کی روشنی میں کیا گیا۔
افغان حکومت نے عید پر 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے اور دونوں فریقوں نے معاہدے کا احترام کیا تو یہ سیز فائر 12 سے 19 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔ ادھر طالبان نے تاحال افغان حکومت کی اس پیش کش کا جواب نہیں دیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اپنے اعلیٰ حکام سے پوچھ کر جواب دیں گے۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل افغانستان میں حکومت کے خلاف جنگ کو حرام قرار دینے والے علمائے کرام کے اجلاس میں دھماکا ہوا تھا جس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ دھماکے سے کچھ دیر قبل 2 ہزار سے زائد علمائے کرام نے اس اہم اجلاس میں افغانستان میں حکومت کے خلاف جاری جنگ کو غیر شرعی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف ہتھیار اُٹھانے والوں کو شر پسند قرار دیا تھا۔

[pullquote]ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، امریکا[/pullquote]

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ کسی صورت میں بھی ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا یورینیم افزودگی کی مقدار میں اضافے کے حوالے سے ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہے ہیں، ایران کو ہمارے عزم کا اندازہ ہے کہ امریکا اسے من مانی کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کو یورینیئم افزودگی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائیگی، امریکہ اور عالمی برادری کے پاس ایران پر دباؤ ڈالنے کے بڑے وسائل موجود ہیں۔ ایران کو کسی بھی قیمت پر ایٹمی عسکری سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
ادھر فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا ایران کا یہ بیان کہ وہ یورینیئم کی افزودگی کی صلاحیت بڑھائے گا اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ سرخ نشان کے قریب پہنچ گیا ہے اور ایٹمی معاہدہ بکھر چکا ہے۔

[pullquote]مقبوضہ کشمیر میں آج جمعتہ الوداع یوم القدس، کشمیر کے طور پر منایا گیا، حریت قیادت[/pullquote]

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کہا ہے کہ اس بار بھی آج جمعۃ الوداع کو حسب روایت یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منایا گیا۔
مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے سری نگر میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس نے جمعۃ الوداع کے حوالے سے ایک قرار داد مرتب کر لی ہے جو اس روز مقبوضہ علاقے کی تمام مساجد، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں ہونے والے نماز جمعہ کے اجتماعات میں پیش کر کے عوام الناس سے اس کی تائید حاصل کی جائے گی۔
مشترکہ قیادت نے قرار داد میں جو نکات پیش کیے ہیں وہ یہ ہیں کہ یہ اجتماع فلسطین اور کشمیریعوام پر ہونے والے مظالم اور ان دونوں دیرینہ تنازعات کے حل کے تئیں عالمی برادری کی عدم توجہی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ ان دونوں تنازعات کو ان کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
یاسین ملک نے کہا کہ محبوبہ مفتی کی کٹھ پتلی حکومت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم اور ان کی تذلیل کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے۔

[pullquote]یمن کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 46 افراد ہلاک[/pullquote]

جینیوا: خلیج عدن میں یمن کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 46 افراد ہلاک جب کہ 16 لاپتہ ہوگئے۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے تارکین وطن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خلیج عدن میں یمن کے ساحل کے قریب غیر قانونی تارکین وطن سے بھری کشتی اونچی لہروں کی زد میں آکر الٹ گئی، کشتی میں 100 سے زائد افراد تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اقوام متحدہ کے ادارے برائے تارکین وطن نے واقعے میں 46 افراد کی ہلاکت جب کہ 16 کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں 37 مرد اور 9 خواتین شامل ہیں جب کہ لاپتہ افراد کی بھی ہلاکت کا قیاس کیا جارہا ہے۔
حادثے میں بچ جانے والے افراد کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار تمام لوگوں کا تعلق افریقی ملک ایتھوپیا سے ہے، ان کی منزل یمن اور دیگر خلیجی ممالک تھی، اس مقصد کے لئے انہوں نے انسانی اسمگلروں کو خطیر رقم دی تھی، یمن کے ساحل کے قریب تیز اور اونچی لہروں کے باعث کشتی بے قابو ہوگئی، کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا تو لوگ اپنی جان بچانے کے لیے سمندر میں کود پڑے تاہم بیشتر لوگ لائف جیکٹس نا ہونے اور تیراکی سے ناواقفیت کی بنا پر ڈوب گئے۔
آپریشن اینڈ ایمرجنسیز (آئی او ایم) کے سربراہ محمد عبدیکر کا کہنا ہے کہ ہر ماہ تقریباً 7 ہزار افراد بہتر مستقبل کے لیے غیر قانونی طریقوں سے خطرناک حالتوں میں سفر کرتے ہیں، جس کے دوران بڑی تعداد میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔

[pullquote]فٹبال ورلڈکپ سے قبل کرپشن کا بڑا اسکینڈل سامنے آگیا[/pullquote]

لندن: فٹبال ورلڈکپ کے آغاز سے پہلے دنیا کے مقبول ترین کھیل میں بھی کرپشن اسکینڈل سامنے آگیا۔
فٹ بال کے کھیل میں بھی ایک بڑے اسٹنگ آپریشن نے کئی چہروں کو بے نقاب کردیا، اسٹنگ آپریشن کی ویڈیو میں افریقن فٹبال کے ریفری اور حکام کو میچز سے پہلے ڈالرز اور تحائف لیتے دیکھا جاسکتا ہے، ان میں ایک ریفری ایسا بھی شامل ہے جس نے ورلڈکپ میں بھی ذمہ داری نبھانی تھی۔
ویڈیو میں مکالمہ سنا جاسکتا ہے جس میں کرپٹ ریفری نے کہا کہ تحفہ دینے کا شکریہ، اس سے بھی زیادہ اہم آپ سے دوستی ہونا ہے۔ اسٹنگ آپریشن نے افریقن فٹبال کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ افریقن فٹبال حکام نے چند روز بعد 2026 کی میزبانی کے لیے اپنا ووٹ بھی کاسٹ کرناہے۔

[pullquote]’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف سخت آپریشن کریں گے، امریکی جنرل[/pullquote]

افغانستان میں غیر ملکی اور امریکی فوج کے سپریم کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں جہادی کارروائیوں میں مصروف ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو اگلے ایام کے دوران سخت عسکری آپریشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو اتحادی ممالک کے وزرائے دفاع سے ملاقات کے موقع پر جنرل نکلسن کا کہنا تھا کہ کابل حکومت کی جانب سے طالبان کے خلاف جنگ بندی کے اعلان کے بعد ’اسلامک اسٹیٹ‘ پر توجہ مرکوز کرنا آسان ہو گا۔ مشرقی افغان صوبے ننگرہار میں انتہا پسند جہادی گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ اپنے قدم جمانے کی کوشش میں ہے۔ نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں امریکی جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے جنگ بندی کا یک طرفہ اعلان طالبان کے علاوہ کسی اور گروپ پر قابل عمل نہیں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے