ڈی آئی خان: خودکش دھماکہ، اکرام اللہ گنڈاپور شہید. بنوں: اکرم درانی پر فائرنگ، بال بال بچ گئے

ڈی آئی خان: خودکش حملے میں پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور شہید

اکرام اللہ گنڈاپور

تحصیل کلاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اور سابق وزیر اکرام اللہ گنڈاپور سمیت 2 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں خود کش حملے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ خان گنڈاپور سمیت 2 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار اکرام خان گنڈاپور انتخابی مہم کے لیے جیسے ہی گھر سے نکل کر گاڑی میں بیٹھنے لگے کہ ایک خودکش بمبار نے ان کے قریب آکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اکرام اللہ گنڈا پور، سابق ناظم یو سی درابن نجیب شاہ، ڈرائیور رمضان سمیت 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اکرام اللہ گنڈا پور اور ان کا ڈرائیور رمضان شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور کے اعضا قبضے میں لے لیے ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لیکر مزید شواہد اکھٹے کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔ اکرام خان گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 99 سے پی ٹی آئی کے امیدوار تھے جب کہ وہ پی ٹی آئی کی حکومت میں صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ ان کے بھائی اسرار اللہ گنڈا پور بھی خودکش حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔

اکتوبر 2013ء میں ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں ہی خودکش حملہ ہوا تھا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور سمیت 6 افراد شہید اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

نوابزادہ سراج رئیسانی

گزشتہ ہفتے مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خود کش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 128 افراد شہید جب کہ 150 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

 

 

 

 

[pullquote]بنوں میں سابق وزیراعلی اکرم خان درانی پر چند روز میں دوسرا قاتلانہ حملہ ناکام[/pullquote]

اکرم خان درانی

بنوں: سابق وزیراعلی اور متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے امیدوار اکرم خان درانی پر ایک اور قاتلانہ حملہ ناکام ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بنوں کے علاقے بسیہ خیل میں سابق وزیراعلی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تاہم وہ محفوظ رہے۔ نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔

ادھر بنوں کے علاقے جانی خیل میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ میں 1 دہشت گرد ہلاک اور 1 زخمی ہوگیا۔

بنوں میں اکرم خان درانی کے قافلے پر چند روز قبل 13 جولائی کو بھی بم حملہ ہوا تھا جس میں 5 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے جبکہ اکرم درانی محفوظ رہے تھے۔ اکرم خان درانی کا تعلق جمیعت علمائے اسلام (ف) سے ہے جب کہ وہ 2018 کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مد مقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ 2002 سے 2007 تک صوبے کے وزیراعلیٰ رہے ہیں۔

رواں ماہ ہی پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران دھماکے میں 13 افراد شہید ہوگئے تھے جن میں اے این پی کے انتخابی امیدوار ہارون بلور بھی شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے