راولپنڈی طالبہ زیادتی معاملہ: ملزمان 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

راولپنڈی میں طالبہ کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی میں ملوث تین پولیس اہلکاروں سمیت چاروں کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

راولپنڈی میں گرلز ہاسٹل کی طالبہ کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کے چاروں ملزمان کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔

تھانہ روات کی پولیس نے ملزمان محمد نصیر، راشد منہاس، محمد عظیم اور عامر کو عدالت میں پیش کیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ نے چاروں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ 40 سالوں میں پولیس کے ادارے کو تباہ کیا گیا اور پولیس کو مخالفین کو کچلنے کے لیے استعمال کیا گیا۔

شہباز گل نے کہا کہ متاثرین ہم سے رابطہ کریں، ہم انہیں تحفظ فراہم کریں گے۔

[pullquote]آئی جی پنجاب کا واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم[/pullquote]

آئی جی پولیس پنجاب عارف نواز خان نے آر پی او اور سی پی او راولپنڈی کو طالبہ کے ساتھ زیادتی میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

عارف نواز خان نے سی پی او راولپنڈی کو تفتیش اپنی نگرانی میں جلد مکمل کروا کر رپورٹ سینٹرل پولیس آفس بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو خاتون اور اس کی فیملی کے ساتھ خود رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی جی عارف نواز خان نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف زیادتی کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو نشان عبرت بنایا جائے گا، محکمہ پولیس میں ایسے بد کردار اور بد عنوان اہلکاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

[pullquote]ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی: سی پی او راولپنڈی[/pullquote]

سی پی او راولپنڈی کیپٹن ریٹائرڈ محمد فیصل رانا کا کہنا ہے کہ لڑکی کی درخواست پر فوراً ایکشن لیا گیا، لڑکی کا میڈیکل کروایا گیا اور لڑکوں کا بھی ڈی این اے کروایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس جسے عوام کے تحفظ کی محافظ ہونا چاہیے اگر وہاں کوئی اہکار ایسی حرکت کرتا ہے تو اسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔

سی پی او راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے چہروں پر کوئی ندامت نظر نہیں آتی، واقعے میں ملوث پولیس اہل کاروں کوعبرت کانشان بنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے الزام میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے