[pullquote]کوسووو میں اقوام متحدہ مشن کے عملے کے دو افراد کی حراست[/pullquote]
اقوام متحدہ کے کوسووو میں تعینات مشن UNMIK نے اپنے دو افراد کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ مشن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان افراد کو کوسووو کی سرب اکثریتی آبادی میں کی گئی پولیس کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ اس کارروائی میں مشن کے عملے کے دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا۔ پولیس کارروائی کے بعد سرب علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ اُدھر روسی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ کوسووو میں حراست میں لیے جانے والے دو افراد میں سے ایک روسی شہری ہے۔ اس روسی کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ مشن کے سفیر نے بھی اپنے عملے کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]وزراء نئے نگران چانسلر کی نامزدگی تک کام جاری رکھیں، آسٹریائی صدر[/pullquote]
آسٹریا کے صدر الیگزانڈر فان ڈر بیلن نے عدم اعتماد کی تحریک میں ناکام ہونے والے چانسلر سیباستیان کرس کی کابینہ کے وزرا سے کہا ہے کہ وہ اپنے امور چلاتے رہیں۔ صدر بیلن نے نئے چانسلر کے حوالے سے کوئی تفصیل ظاہر نہیں کی ہے۔ دوسری جانب سیباستیان کرس آج چانسلر کے دفتر سے رخصت ہو گئے ہیں۔ ملکی صدر نے نائب چانسلر اور وزیر خزانہ ہارٹ وِگ لوئگر کو عبوری طور پر چانسلر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی ہے۔ لوئگر ہی اب برسلز میں رواں ہفتے ہونے والی یورپی یونین سمٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ صدر بیلن نے رواں ہفتے کے دوران نئی حکومت کی تشکیل کا امکان ظاہر کیا ہے۔
[pullquote]بھارت میں زہریلی شراب پینے سے نصف درجن ہلاک[/pullquote]
بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ بیس شدید علالت میں ہسپتال لائے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں کسان اور مزدور شامل ہیں۔ زہریلی شراب پینے سے ہونے والی ہلاکتیں اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ہوئیں۔ ایک مقامی انتظامی اہکار کے مطابق ہلاک ہونے والے چھ افراد میں سے چار کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ مقامی میڈیا نے ہلاکتوں کی تعداد دس بتائی ہے۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے اس واقعے کی فوری تفتیش کا حکم دیا ہے۔
[pullquote]برطانیہ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار بریگڑٹ ڈیل کے معاملے پر منقسم[/pullquote]
برطانیہ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار بریگزٹ معاملے پر تقسیم کا شکار ہیں۔ وزیراعظم ٹیریزا مے کے بعد وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے خواہش مندوں میں سے کچھ تو یورپی یونین سے بغیر کسی ڈیل کے الگ ہونے کے حق میں ہیں جب کہ کچھ کا خیال ہے کہ ایسی صورت میں برطانیہ کو سیاسی اور اقتصادی طور پر شدید نقصان پہنچے گا۔ وزیراعظم مے کی قدامت پسند جماعت کو حالیہ یورپی انتخابات میں شدید دھچکا پہنچا ہے اور اس کی پوزیشن پانچویں رہی ہے۔ ان انتخابات کے بعد بعض قدامت پسند رہنماؤں بہ شمول بورس جانسن اور ڈومینیک راب کا کہنا ہے کہ برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے کسی معاہدے کے بغیر ہی نکل جائے۔
[pullquote]گریٹا تھنبرگ کا عالمی رہنماؤں سے ماحولیاتی بحران کو تسلیم کرنے کا مطالبہ[/pullquote]
نوجوان ماحول دوست کارکن گریٹا تھنبرگ نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو ’انسانیت کو درپیش سب سے بڑا بحران‘ تسلیم کریں۔ آسٹریا میں منگل کے روز سیاسی اور کاروباری شخصیات سے خطاب میں اس ٹین ایجر کارکن نے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو ماحولیاتی تبدیلیوں کی سنجیدگی سے متعلق آگاہ کریں اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ سویڈن سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ رہنما گریٹا تھنبرگ حالیہ کچھ عرصے سے مختلف مقامات پر ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق مظاہروں اور اجتماعات میں شامل ہو چکی ہیں۔
[pullquote]دو بم دھماکوں کے بعد بنگلہ دیش میں پولیس ہائی الرٹ[/pullquote]
بنگلہ دیش میں دو بم دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی جانب سے قبول کیے جانے کے بعد ملک بھر میں پولیس ہائی الرٹ کی دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ماہ سے بھی کم وقت میں ہوئے دوسرے بم دھماکے کے بعد ملک بھر میں پولیس کو چوکنا کر دیا گیا۔ اتوار کی شب ڈھاکا کے مالی باغ علاقے کے نواح میں پولیس کی خصوصی برانچ کے ہیڈکوارٹرز کے قریب بم دھمکا ہوا۔ اس واقعے میں ایک خاتون پولیس افسر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ ڈھاکا پولیس کمیشنر نے بتایا کہ یہ طاقت ور بم ایک پولیس وین میں نصب کیا گیا تھا۔ اسلامک اسٹیٹ نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔
[pullquote]ٹرمپ کی جانب سے امریکی اور جاپانی فوجیوں کو ’یادگاری دن کی مبارک باد‘[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان پر لنگر انداز ہونے والے لڑاکا بحری جہاز کے عملے کو ’یادگاری دن کی مبارک باد‘ دی۔ اس جہاز پر فوجیوں سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ’سخت جان لوگوں کا ٹولا‘ ہیں۔ ٹرمپ نے امریکی فوجیوں کو ’پیسیفک خطے کے سب سے حوصلہ مند‘ فوجیوں کا لقب بھی دیا۔ امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کو ’یادگاری دن کی مبارک باد‘ دیتے ہيں۔ اس سے قبل ٹرمپ نے خاتون اول کے ہم راہ جاپانی جنگی جہاز کا دورہ بھی کیا۔
[pullquote]ہالینڈ میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، متعدد پروازیں منسوخ[/pullquote]
پالینڈ میں پبلک ٹرانسپورٹ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے منگل کے روز درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی وجہ سے سینکڑوں مسافر ہوائی اڈے تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہو پائے۔ ایمسٹرڈیم کے شِپہول ایئرپورٹ کی ایک ترجمان نے بتایا کہ اسی صورت حال کے مدنظر متعدد پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا۔ ہالینڈ کی کے ایل ایم اور سستے فضائی سفر کی ایئرلائنز رائن ائیر اور ایزی جیٹ اس صورت حال سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ ان تین ایئرلائنز نے مجموعی طور پر 80 پروازیں منسوخ کی۔ اس کے علاوہ متعدد دیگر پروازیں بھی اس صورت حال میں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
[pullquote]چین نے شمالی کوریا کے لیے خصوصی مندوب کو جاپان میں سفیر مقرر کر دیا[/pullquote]
چین نے شمالی کوریا کے لیے خصوصی مندوب اور نائب وزیرخارجہ کونگ شوان یُو کو جاپان کے لیے اپنا نیا سفیر مقرر کر دی ہے۔ چینی میڈیا رپورٹوں کے مطابق شوان یُو جنوبی ایشیا کے خطے کے لیے بھی چین کے لیے سفارت کاری کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے ہیں اور وہ سن 2017 سے شمالی کوریا کے لیے خصوصی چینی مندوب کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں کہ آیا جاپانی سفیر کی ذمہ داریاں سونپی جانے کے باوجود وہ شمالی کوریا کے لیے خصوصی چینی مندوب کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
[pullquote]مکہ سربراہی اجلاس پر ایران کے ساتھ تناؤ کے سائے[/pullquote]
سعودی عرب رواں ہفتے اسلامی، عرب اور خلیجی ممالک کے سربراہان کی تین کانفرنسوں کی میزبانی کر رہا ہے، تاہم ان کانفرنسوں پر ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ عسکری تنازعے کے سائے منڈلا رہے ہیں۔ یہ تینوں سربراہی اجلاس مسلمانوں کے مقدس شہر مکہ میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ایران اسلامی تعاون تنظیم کا رکن ہے تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ آیا تہران حکومت اس اجلاس میں شریک ہو گی یا نہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف سخت ترین پابندیوں کا نفاذ کر رکھا ہے اور چند روز قبل واشنگٹن حکومت نے خطے میں اپنے پندرہ سو فوجی بھی تعینات کیے ہیں۔ امریکا کا طیارہ بردار بحری بیڑہ پہلے ہی خلیج میں موجود ہے۔
[pullquote]اسرائیلی راکٹ حملے میں ایک شامی فوجی ہلاک، شامی میڈیا[/pullquote]
شامی میڈیا کی جانب سے پیر کی شب کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شام میں گولان کے پہاڑی سلسلے کے قریب شامی فوجی چوکی کو نشانہ بنایا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے شامی فوج کی ایک پوزیشن کو راکٹ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شامی فوجی ہلاک ہو گیا۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی سانا کے مطابق یہ حملہ قنائطرہ کے علاقے میں کیا گیا۔ تاہم اس سلسلے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ایک فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جب کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
[pullquote]افغانستان میں اسکولوں پر حملوں میں تین گنا اضافہ ہوا، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سن 2017 اور 2018 کے درمیانی عرصے میں افغانستان بھر میں مختلف اسکولوں پر حملوں میں تین گنا اضافہ دیکھا گيا ہے۔ منگل کے روز جاری کردہ ايک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سن 2015 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسکولوں پر حملوں کے واقعات 68 سے بڑھ کر 192 تک پہنچ گئے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال کے مطابق سکیورٹی کی خراب صورت حال کی وجہ سے افغانستان میں پہلے ہی ایک ہزار سے زائد اسکول بند ہیں، جب کہ قریب نصف ملین بچے اسکول جانے سے محروم ہیں۔ یونیسف کی ایک عہدیدار نے کہا کہ افغانستان میں تعلیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
[pullquote]اسپین میں متعدد فٹ بال کھلاڑی میچ فکسنگ الزامات کے تحت گرفتار[/pullquote]
اسپین میں منگل کے روز متعدد فٹ بال کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے شبے میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسپینش لیگ کے مطابق یہ گرفتاریاں نیشنل پولیس کی ایک کارروائی کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ پولیس اس سلسلے میں پہلے سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے تھیں۔ ہسپانوی خبر رساں اداروں کے مطابق گرفتار کیے گئے کھلاڑیوں میں سے دو فرست ڈویژن ٹیموں کا حصہ ہیں۔ لیگ کے مطابق سن 2018 اور 2019 کے سیزن میں مبینہ طور پر میچ فکسنگ کے آٹھ مختلف واقعات سامنے آئے تھے۔
[pullquote]یہودی شہری کِپا پہنیں، جرمن حکومت[/pullquote]
جرمن حکومت نے ملک میں موجود یہودیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی مقدس ٹوپی ’کِپا‘ ضرور پہنیں۔ ملک میں سامیت مخالف جذبات کے تناظر میں سامیت دشمنی کے انسداد کے شعبے کے کمشنر فِیلکس کلائن نے کہا تھا کہ وہ یہودیوں کو یہ مشورہ نہیں دیں گے کہ وہ جرمنی میں ہر وقت کپا پہنیں۔ تاہم پیر کی شام چانسلر میرکل کے ترجمان کی اس معاملے میں مداخلت کے بعد کلائن نے کہا کہ ان کے بیان کا مقصد صرف یہ بتانا تھا کہ یہودی جرمنی میں محفوظ نہیں ہیں۔ میرکل کے ترجمان سباستیان زائبرٹ نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست کو ملک بھر میں شہریوں کے آزادی مذہب کے حق کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
[pullquote]ٹوکیو کے نواح میں چاقو حملہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]
جاپانی درالحکومت ٹوکیو کے نواح میں میں پیر کو ہوئے ایک چاقو حملے میں اسکول کی ایک بچی اور ایک بالغ شخص ہلاک ہو گیا۔ اس کے علاوہ اس واقعے میں 15 طالبات کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ حملہ ایک بس اسٹاپ پر ہوا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا ایک شخص بعد میں ہلاک ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹوکیو کے نواحی شہر کاواساکی میں اس واقعے سے متاثرہ بچیوں کی عمریں چھ تا بارہ برسوں کے درمیان ہیں اور یہ سب ایک پرائیویٹ کیتھولک اسکول کی طالبات تھیں۔
[pullquote]امریکا میں سائنس دان کو جھوٹ بولنے پر مقدمے کا سامنا[/pullquote]
ایک امریکی سائنس دان کو نیو میکسیکو ریاست میں ایک عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس سائنس دان پر الزام ہے کہ اس نے چینی حکومت کے تعاون سے چلنے والے ایک پروگرام کے سلسلے میں جھوٹا بیان دیا تھا۔ تراب لقمان نامی اس سائنس دان کا تعلق لوس الاموس نیشنل لیبارٹری سے ہے۔ اس سائنس دان نے اس ملازمت کے لیے سوال نامے کے علاوہ وفاقی حکام کو یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ چینی حکومت کے تعاون سے چلنے والے ایک پروگرام سے کوئی تعلق رکھتا ہے۔
[pullquote]برطانیہ کے وزیرداخلہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے پرامید[/pullquote]
برطانوی وزیرداخلہ ساجد جاوید وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے باقاعدہ طور پر میدان میں اترنے والے نویں امیدوار بن گئے ہیں۔ وزیراعظم ٹیریزا مے کی جانب سے استعفے کے اعلان کے بعد قدامت پسند جماعت کے متعدد رہنما وزارت عظمیٰ کا عہدہ چاہتے ہیں۔ حالیہ یورپی پارلیمانی انتخابات میں ٹیریزا مے کی قدامت پسند جماعت کو زبردست ناکامی دیکھنا پڑی تھی۔ ساجد جاوید نے ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نئے پارٹی سربراہ کو ووٹروں کا جماعت پر اعتماد بحال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی انتخابات سے یہ بات واضح ہے کہ برطانیہ کو بریگزٹ پر عمل درآمد کرنا ہے تاکہ عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال رہے۔ واضح رہے کہ ساجد جاوید کا تعلق اس خاندان سے ہے، جو پاکستان سے ہجرت کر کے برطانیہ آباد ہوا تھا۔