اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان کے شہر بشکیک جائیں گے جس کے لیے بھارت نے مودی کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد بھارتی وزیراعظم کا طیارہ پاکستان کی حدود سے گزر کر بشکیک جاسکے گا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا 2 روزہ اجلاس کل سے بشکیک میں شروع ہورہا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان بھی شرکت کریں گا۔
واضح رہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد دونوں ممالک کے مختف شہروں میں فضائی حدود بند کردی گئی تھی اور اس سلسلے میں پاکستان کے حساس ہوائی اڈوں پر آپریشن بند کردیا گیا تھا۔