جمعہ : 21 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا سیاسی حل ممکن ہے، چانسلر میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کا سیاسی حل ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بات برسلز میں یورپی یونین کونسل کے سربراہ اجلاس کے حاشیے میں یورپی ممالک کی حکومتوں کے پالیسی مشیران کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ فطری بات ہے کہ سبھی کی طرح وہ بھی پریشان ہیں اور سفارتی مذاکراتی عمل ہی میں اس بحرانی صورت حال کا حل پوشیدہ ہے۔ میرکل نے سیاسی حل کے حوالے سے جاری کوششوں کی تفصیلات کی وضاحت نہیں کی۔

[pullquote]افغان سکیورٹی فورسز کی تشکیل نو ميں عدم تعاون کا سامنا ہے، امریکی واچ ڈاگ[/pullquote]

اسپیشل انسپیکٹر برائے افغانستان تعمیرنو (SIGAR) نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ گزشتہ اٹھارہ ماہ کے دوران افغان سکیورٹی فورسز کی تشکیل نو و تربیت کے عمل کو بین الاقوامی فورسز کے درمیان عدم تعاون کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ واچ ڈاگ کی اس رپورٹ کے مطابق تراسی بلین ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں اور مطولبہ نتائج اب تک برآمد نہیں ہو سکے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس وقت کوئی بھی فرد یا ادارہ اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے موجود نہیں ہے۔ SIGAR نامی آزاد واچ ڈاگ امریکی کانگریس نے مختلف بین الاقوامی امور پر نظرثانی کے لیے قائم کر رکھا ہے۔

[pullquote]جارجیا: اپوزیشن کے مظاہرے پر کریک ڈاؤن، ڈھائی سو کے قریب زخمی[/pullquote]

قفقاذ خطے کے ملک جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں اپوزیشن کے حکومت مخالف مظاہرے کو منتشر کرنے کی پولیس کارروائی میں کم از کم 240 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ جارجیا کی وزارت صحت کے مطابق زیادہ تر متاثرہ افراد ربڑ کی گولیوں کے استعمال اور آنسو گیس کے گولے پھینکے جانے سے زخمی ہوئے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈروں کا کہنا ہے کہ وہ ملکی پارلیمنٹ کے تحلیل ہونے تک اپنا احتجاج اور مظاہرے جاری رکھیں گے۔ جمعہ اکیس جون کی شام ایک اور مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اُدھر تبلیسی میں اپوزیشن کی ریلی پر پولیس کارروائی کی روسی حکومت نے شدید مذمت کی ہے۔

[pullquote]کسی بھی فوجی ایکشن کا ذمہ دار امریکا ہو گا، ایران[/pullquote]

ایران نے سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے کے توسط سے امریکا کو مطلع کیا ہے کہ کسی بھی فوجی ایکشن کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہو گی۔ ایرانی وزارت خارجہ نے سوئس سفیر کو طلب کر کے یہ پیغام دیا۔ سفیر کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایران کسی بھی صورت میں امریکا کے ساتھ جنگ کے راستے پر نہیں ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے تہران میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر امریکی مفادات کی نمائندگی کرتے ہیں۔

[pullquote]ہوائی کمپنیوں نے آبنائے ہرمز کی فضائی گزرگاہ کا استعمال بند کر دیا[/pullquote]

مختلف ہوائی کمپنیوں نے مشرق وسطیٰ میں ایران اور امریکا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں آبنائے ہرمز کی فضائی گزر گاہ کا استعمال بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اس فضائی راستے کی جگہ پر مختلف پروازوں کے لیے متبادل فضائی گزر گاہوں کو اپنایا جائے گا۔ جن ہوائی کمپنیوں نے یہ فیصلہ کیا ہے، اُن میں جرمن لفتھانزا، برٹش ایئر ویز، ڈچ کے ایل ایم، آسٹریلوی قنطاس خاص طور پر نمایاں ہیں۔ ہوائی کمپنیوں نے یہ فیصلہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن اینڈمنسٹریشن کی جانب سے خلیج فارس اور خلیج عمان میں عسکری سرگرمیوں کے تناظر میں جاری شدہ انتباہ کے تناظر میں کیا ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر اقتصادیات کی ہواوے کے بانی سے ملاقات[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات پیٹر آلٹمائر نے چین کے بندرگاہی شہر شنگھائی میں ٹیلی کام کمپنی ہواوے کے بانی رین ژینگفئی سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے اس ملاقات میں معلومات کے تبادلے کو مفید اور حقائق پر مبنی قرار دیا۔ ملاقات کے بعد رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے آلٹمائر نے ہواوے کے ساتھ امریکی تنازعے کے تناظر میں واضح کیا کہ ناپ تول کے بغير کیے جانے والے فیصلوں کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ آلٹمائر کے مطابق جرمنی میں فائیو جی انٹرنیٹ نیٹ ورک کی تنصیب کے لیے قوانین اور ضوابط کو سامنے رکھ کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں متنازعہ قانونی بل کی منسوخی کا مطالبہ، بڑا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی اختیارات کے حامل علاقے ہانگ کانگ میں ہزاروں مظاہرین نے اُس متنازعہ بل کی حتمی منسوخی کا ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے، جس کی رائے شماری کے سلسلے کو شہری انتظامیہ کی خاتون سربراہ نے پندرہ جون کو معطل کر دیا گیا تھا۔ جمعہ اکیس جون کے مظاہرے کے شرکاء سیاہ ملبوسات پہنے ہوئے تھے۔ مظاہرین نے شہر کے کئی اہم راستوں کو بلاک بھی کیا۔ متنازعہ بل کی منظوری اور نفاذ کے بعد کسی بھی مشتبہ شخص کو چین کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ ہانگ کانگ کے مظاہرین اس مسودہٴ قانون کی مکمل منسوخی کا مطالبہ کئی دنوں سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ اتوار کو اس بل کی مخالفت میں ملین مارچ کیا گیا تھا۔

[pullquote]جرمنی اور قطر افغان دھڑوں کے درمیان مذاکرات کی کوشش میں ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ قطر اور جرمنی افغانستان کے مختلف دھڑوں کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کی کوشش کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عالمی ادارے کے مطابق ان کوششوں کا تعلق انجام کار طالبان اور کابل حکومت کے درمیان براہ راست اور رسمی مکالمت شروع کرنے سے ہے۔ طالبان اور امریکا کے مذاکراتی ادوار میں غیر ملکی افواج کا انخلا اور کابل حکومت کے ساتھ بات چیت انتہائی اہمیت کے حامل اور حل طلب معاملات ہیں۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق طالبان اور کابل حکومت کے درمیان مذاکرات کی ضرورت کو عالمی برادری کی حمایت حاصل ہے۔ حال ہی میں امریکی سفارت کار زلمے خلیل زاد نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی تھی۔

[pullquote]امریکی خصوصی مندوب کا دورہٴ سعودی عرب[/pullquote]

ایران کے لیے خصوصی امریکی مندوب برائن ہُک مشرق وسطیٰ کے دورے کے دوران سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض پہنچنے کے بعد ملکی وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ برائن ہُک نے سعودی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات میں خطے کی کشیدہ صورت حال کے تناظر میں ایرانی اقدامات پر توجہ مرکوز کی۔ سعودی وزیر نے اس ملاقات میں اُن امریکی کوششوں کی حمایت کی، جو ایران پر دباؤ بڑھانے کے سلسلے میں کی گئی ہیں۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایک امریکی ڈرون کو ایران نے مار گرایا ہے۔

[pullquote]چینی صدر کا شمالی کوریائی دورہ مکمل[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ شمالی کوریا کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس اپنے ملک کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ پیونگ یونگ نے چینی صدر کے دورے کو تاریخی اور انتہائی اہم قرار دیا۔ گزشتہ چودہ برسوں میں یہ کسی چینی صدر کا پہلا دورہ تھا۔ اس دورے کے موقع پر شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ اُن کے ملک اور چین کی لازوال دوستی کا مظہر ہے۔ دونوں لیڈروں نے اسٹریٹیجک رابطوں کو مزید بہتر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ چینی صدر نے واضح کیا کہ بیجنگ حکومت شمالی کوریا کی سفارتی حمایت کے ساتھ ساتھ تجارتی روابط بڑھائے گی اور اسے امداد بھی فراہم کرے گی۔ یہ امر اہم ہے کہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن تین مرتبہ چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے لیے بیجنگ کا دورہ کر چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت سمیت کئی ممالک میں یوگا کے عالمی دن کی تقریبات[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اکیس جون کو یوگا کے انٹرنیشنل دن کی خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے تیس ہزار افراد کے ہمراہ یوگا کی امشاق میں حصہ لیا۔ مودی نے جس تقریب میں شرکت کی وہ شمالی بھارتی شہر رانچی میں منعقد ہوئی۔ بھارتی وزیر اعظم نے اس دن کی مناسبت سے کہا کہ اقوام عالم میں نفرت انگیز نظریات افراد کو منقسم کر رہے ہیں اور ان میں اتفاق یوگا پر عمل سے ممکن ہے۔ یوگا کے پانچویں بین الاقوامی دن کا موضوع ’ماحولیات کو بہتر کرنے کا عمل‘ رکھا گیا ہے۔ اکیس جون کو یوگا کا عالمی دن منانے کا فیصلہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سن 2014 میں کیا تھا اور پہلا بین الاقوامی دن سن 2015 میں منایا گیا تھا۔

[pullquote]طالبان کے وفد کی چینی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور مذاکرات[/pullquote]

چینی وزارت خارجہ نے جمعرات بیس جون کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان طالبان کے ایک وفد نے امن کوششوں کو تقویت دینے کے سلسلے میں بیجنگ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں شرکت کی ہے۔ طالبان کے اس وفد کی قیادت قطر میں مقیم نمائندے ملا عبدالغنی برادر کر رہے تھے۔ اس بیان میں مزید واضح کیا گیا کہ طالبان کے نماائندوں نے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کو اہم قرار دیا۔ چینی وزارت خارجہ نے طالبان کے وفد سے ملاقات کرنے والے چینی اہلکاروں کے نام نہیں بتائے ہیں۔ چینی دورے سے قبل طالبان کے وفد سے سینیئر افغان سیاستدانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ایک بڑے گروپ نے روسی دارالحکومت ماسکو میں ملاقات کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے