[pullquote]تیسری سمٹ کی کوششیں: شمالی کوریائی اور امریکی حکام کے مابین ’پس پردہ مذاکرات‘[/pullquote]
شمالی کوریا اور امریکا کے حکام کے مابین ایسے ’پس پردہ مذاکرات‘ جاری ہیں، جن کا مقصد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مابین تیسری سمٹ کو ممکن بنانا ہے۔ یہ بات جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے بدھ کے روز سیئول میں کہی۔ کم جونگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کی اب تک دو سربراہی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ ان میں سے دوسری سمٹ چار ماہ قبل ویت نام میں ہوئی تھی، جو کوئی پیش رفت نہ ہونے کے باعث ناکام رہی تھی۔
[pullquote]ایران اپنے ہاں یورینیم کی افزودگی تیز تر کر دے گا، ایرانی جوہری ادارہ[/pullquote]
ایران اپنے خلاف پابندیوں سے متعلق جمود کے پس منظر میں کل جمعرات کے بعد سے اپنی جوہری تنصیبات میں یورینیم کی افزودگی کا عمل تیز تر کر دے گا۔ ایرانی نیوز ایجنسی آئی آر آئی بی کے مطابق یہ بات آج بدھ کے روز ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ایک ترجمان نے کہی۔ تہران نے یورپی ممالک کو اس سلسلے میں کل جمعرات ستائیس جون تک کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت ایران کو اب تک اپنے ہاں تین سو کلوگرام تک افزودہ یورینیم کی پیداوار کی اجازت ہے۔
[pullquote]امریکی وزیر خارجہ بھارت میں، وزیر اعظم مودی سے ملاقات[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے آج بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ مودی کے ساتھ ملاقات کے بعد پومپیو کو اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے بھی ملنا تھا۔ مائیک پومپیو کل منگل کی رات نئی دہلی پہنچے تھے۔ وہ بھارت سے پہلے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور افغانستان بھی گئے تھے۔ اپنے اس دورے کے دوران امریکی وزیر خارجہ ایران کے ساتھ کشیدگی میں واشنگٹن کے لیے زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ وہ ایک ایسے وقت پر بھارت گئے ہیں، جب امریکا اور بھارت کے مابین تجارت اور محصولات کے شعبے میں باہمی کھچاؤ مسلسل زیادہ ہوتا جا رہا ہے۔
[pullquote]افغانستان میں بم حملے میں دو امریکی فوجی مارے گئے[/pullquote]
افغانستان میں آج بدھ کے روز کیے گئے ایک حملے میں نیٹو دستوں میں شامل دو امریکی فوجی مارے گئے۔ یہ دونوں فوجی ایک ایسے وقت پر مارے گئے، جب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ایک غیر اعلانیہ دورہ افغاستان کو ابھی چوبیس گھنٹے بھی نہیں ہوئے تھے۔ نیٹو کے جاری کردہ ایک بیان میں ان فوجیوں کی شناخت ظاہر کیے بغیر ان ہلاکتوں کی تصدیق تو کر دی گئی ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ کہاں مارے گئے۔ اس کے برعکس طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ امریکی فوجی صوبے وردک کے ضلع سید آباد میں کیے گئے ایک بم حملے میں ہلاک ہوئے۔ ان تازہ ہلاکتوں کے ساتھ افغانستان میں اس سال اب تک مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔
[pullquote]نیو یارک میں ڈونر کانفرنس، فلسطینیوں کے لیے ایک سو دس ملین ڈالر کے عطیات[/pullquote]
نیو یارک میں ہوئی ایک ڈونر کانفرنس میں شرکاء نے اقوام متحدہ کی طرف سے فلسطینیوں کی مدد کے لیے قائم کردہ ادارے یو این آر ڈبلیو اے کے لیے مجموعی طور پر ایک سو دس ملین ڈالر سے زائد کے عطیات کا اعلان کر دیا۔ فلسطینیوں کے لیے عالمی برادری کے اس امدادی ادارے کے جنرل کمشنر پیئر کریہن بیُو نے کہا کہ یہ رقوم فلسطینیوں کے مسائل کے حل کی طرف اہم قدم ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے سال رواں کے لیے امدادی منصوبوں کی تکمیل کی خاطر ابھی مزید رقوم درکار ہیں۔ جب سے امریکا نے اس ادارے کی مالی مدد بند کی ہے، اسے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس ادارے کے مطابق اسے فلسطینیوں کی مدد کے لیے سالانہ تقریباﹰ ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کی ضرورت ہوتی ہے۔
[pullquote]ٹرمپ کے داماد مشرق وسطیٰ سے متعلق اپنے منصوبے کے لیے حمایت کے حصول کی کوشش میں[/pullquote]
خلیجی ریاست بحرین میں امریکا کی کوششوں سے منعقد ہونے والی ایک ایسی کانفرنس شروع ہو گئی ہے، جس کا مقصد اسرائیل اور فلسطینیوں کے مابین امن کا قیام ہے۔ فلسطینیوں کے لیے اس اقتصادی کانفرنس کے ذریعے امریکا مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے برسوں سے جمود کے شکار عمل میں نئی تحریک لانا چاہتا ہے۔ اس کانفرنس کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیئرڈ کُشنر نے اس بارے میں اپنے تجویز کردہ امن منصوبے کی تفصیلات بیان کیں۔ اس پلان میں فلسطینی علاقوں کی اقتصادی بہتری کے لیے کئی سرمایہ کاری منصوبے بھی شامل ہیں۔ خود فلسطینیوں اور کئی عرب ریاستوں نے اس پلان کی اس لیے مخالفت کی ہے کہ اس میں اسرائیلی فلسطینی تنازعے کے سیاسی پہلوؤں کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔
[pullquote]نیپال میں آسمانی بجلی گرنے سے چھ افراد ہلاک[/pullquote]
جنوبی نیپال میں مون سون کی شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کل منگل کے روز چھ افراد ہلاک ہو گئے، جن میں سے تین بچے تھے۔ پولیس نے آج بدھ کے روز بتایا کہ یہ تینوں بچے، جن کی عمریں گیارہ اور بارہ برس کے درمیان تھیں، کل منگل کی رات ضلع دانگ کے ایک گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو گئے۔ اس سے پہلے کل دن کے دوران بھی ضلع رُوپن دیہی میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر تین بالغ مرد بھی مارے گئے تھے۔ نیپال میں ہر سال آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں اوسطاﹰسو سے زائد شہری ہلاک ہو جاتے ہیں۔
[pullquote]برازیل کے صدر نے اسلحے سے متعلق قوانین میں نرمی کا حکم واپس لے لیا[/pullquote]
برازیل کے انتہائی دائیں بازو کے صدر بولسونارو نے ملک میں ہتھیاروں سے متعلق قوانین میں نرمی کا اپنا ایک متنازعہ حکم واپس لے لیا ہے۔ اس صدارتی حکم کے بعد برازیل کے کئی ملین شہریوں کے لیے یہ ممکن ہو گیا تھا کہ وہ اپنے آتشیں ہتھیار سرعام اپنے پاس رکھ سکتے تھے۔ ملکی سینیٹ نے ایک ہفتہ قبل ہی اکثریتی رائے سے یہ فیصلہ کیا تھا کہ اس متنازعہ صدارتی حکم پر عمل درآمد معطل کر دیا جائے۔ قانونی سطح پر بھی صدر بولسونارو کا یہ حکم متنازعہ تھا۔ آج بدھ کو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں اس بارے میں سماعت بھی ہونے والی تھی کہ آیا یہ صدارتی حکم نامہ ملکی آئین کے مطابق تھا۔
[pullquote]ڈنمارک کی تاریخ کی کم عمر ترین سربراہ حکومت، اگلی وزیر اعظم فریڈیرکسن ہوں گی[/pullquote]
ڈنمارک کی آئندہ وزیر اعظم سوشل ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان مَیٹے فریڈیرکسن ہوں گی۔ ان کی پارٹی اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی دیگر جماعتوں کے مابین ملک میں عام انتخابات کے تقریباﹰ تین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں یہ اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ کوپن ہیگن میں اگلی حکومت یہی جماعتیں مل کر بنائیں گی۔ اس بات کا اعلان مَیٹے فریڈیرکسن نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ڈینش سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت میں بننے والی یہ حکومت تاہم ایک اقلیتی حکومت ہو گی۔ سینٹر لیفٹ بلاک کی چند چھوٹی جماعتوں نے بھی نئی مخلوط حکومت کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔ اکتالیس سالہ مَیٹے فریڈیرکسن ڈنمارک کی تاریخ کی سب سے کم عمر وزیر اعظم ہوں گی۔
[pullquote]چین کا کینیڈا سے گوشت کی تمام مصنوعات کی درآمد روک دینے کا فیصلہ[/pullquote]
چین نے آج بدھ کے دن سے اپنے ہاں کینیڈا سے گوشت کی ہر قسم کی مصنوعات کی درآمد روک دی ہے۔ یہ فیصلہ گوشت کی ان مصنوعات کے معائنے کے نتیجے میں اس انکشاف کے بعد کیا گیا کہ ان مصنوعات میں جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونے والے اضافی لیکن ممنوعہ مادوں کی باقیات موجود تھیں۔ کینیڈین حکام بھی اس بارے میں اپنے طور پر چھان بین کر رہے ہیں۔ بیجنگ نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر کیا ہے جب چین اور کینیڈا کے مابین پہلے ہی ایک سفارتی تنازعہ بھی پایا جاتا ہے، جس کا محور چینی ٹیلی کوم کمپنی ہواوے ہے۔
[pullquote]امریکا کو افغان طالبان کے ساتھ جلد امن معاہدے کی امید[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو واشنگٹن اور افغان طالبان کے مابین خلیجی ریاست قطر میں اگلے مذاکراتی دور سے پہلے اپنے ایک اچانک دورے پر افغانستان پہنچ گئے۔ پومپیو نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کابل میں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ بڑی تعمیری گفتگو کی۔ اس ملاقات میں طالبان عسکریت پسندوں کے ساتھ قیام امن اور ملک میں نئے لیکن قابل اعتماد عام انتخابات کے انعقاد کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ مائیک پومپیو نے بعد ازاں صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں امید ظاہر کی کہ امریکا اور طالبان کے مابین امن معاہدہ یکم ستمبر سے پہلے طے پا جائے گا۔ پومپیو کے اس دورے کا ان کے افغانستان جانے سے پہلے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
[pullquote]خصوصی تفتیش کار میولر امریکی کانگریس کے سامنے بیان دیں گے[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ انتخابی مہم اور اس میں روس کی مبینہ مداخلت کی چھان بین کرنے والے خصوصی تفتیش کار رابرٹ میولر اس بارے میں امریکی کانگریس میں ارکان کی طرف سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات دیں گے۔ کانگریس کی انصاف سے متعلقہ امور کی کمیٹی کے سربراہ جیری نیڈلر نے بتایا کہ رابرٹ میولر ایوان نمائندگان کی انصاف اور انٹیلیجنس امور کی کمیٹی کے سامنے سترہ جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ میولر نے اپنی تقریباﹰ دو سالہ تفتیش کے بعد کچھ عرصہ قبل جو رپورٹ پیش کی تھی، اس میں کہا گیا تھا کہ انہیں ٹرمپ کی انتخابی مہم اور اس کے روس کے ساتھ مبینہ رابطوں کے کوئی شواہد نہیں ملے تھے۔
[pullquote]خواتین کا فٹ بال ورلڈ کپ: اٹلی اور ہالینڈ کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں[/pullquote]
فرانس میں جاری خواتین کے فٹ بال ورلڈ کپ مقابلوں میں اٹلی اور یورپی چیمپئن ملک ہالینڈ کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ ہالینڈ کی ٹیم نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر جبکہ اٹلی کی ٹیم نے چین کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر اپنی کوارٹر فائنل مرحلے میں شرکت کو یقینی بنا لیا۔