ممبئی میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ پانچ روز سےجاری ہے جس کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا جب کہ مختلف حادثات میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں طوفانی بارشوں کےسبب دیوار گرنےسے 18 افراد ہلاک ہوئے جس میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی۔
ممبئی میں شدید بارشوں کی وجہ سے آج سرکاری تعطیل کا اعلان بھی کیا گیاہے جس کے باعث تمام سرکاری دفاتر، اسکول اور کالج بند رہیں گے۔
بارش کے باعث شہر میں ٹرانسپورٹ اور ریل کانظام بری طرح سے متاثر ہوا اور سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کررہی ہیں ۔
اس کے علاوہ خراب موسمی صورتحال اور شدید بارشوں کے پیش نظر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے جس کے باعث 52 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ 54 پروازوں کا رخ موڑ دیاگیا ہے۔
پانی میں گھرے افراد کی مدد کے لیے بھارتی بحریہ نے ریسکیو آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ مہاراشٹرا میں مون سون کی بارشوں کی مزید پیشگوئی کی گئی ہے۔
مون سون کے موسم میں ہر سال جون سے لے کر اکتوبر تک ممبئی کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔