بدھ : 03 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اطالوی قانون دان یورپی پارلیمان کے نئے صدر منتخب[/pullquote]

اٹلی سے تعلق رکھنے والے سوشلسٹ قانون دان ڈیوڈ ساسولی کو یورپی پارلیمنٹ کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہیں 751 رکنی ایوان میں 345 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس انتخاب کے ساتھ ہی یورپی یونین کے اعلیٰ ترین منصبوں پر نئی تعیناتیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ساسولی ڈھائی برس تک اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے ایک اور اطالوی قدامت پسند سیاستدان انتونیو تاجانی کی جگہ منصب اسپیکر سنبھال لیا ہے۔ ساسولی نے اپنی افتتاحی تقریر میں یورپ میں انتہا پسندی کے ’وائرس‘ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یورپی یونین میں اصلاحات متعارف کرانے کو وقت کی ضرورت بھی قرار دیا۔

[pullquote]ایران یورینیئم افزودگی کی سطح بلند کرے گا، صدر روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ سات جولائی کے بعد ایران یورینیئم افزودہ کرنے کی سطح کو بلند کرے گا۔ روحانی کے مطابق سن 2015 کی ڈیل میں اس سطح تک کی افزودگی کو روک دیا گیا تھا۔ اسی ہفتے کے دوران ایران نے کم افزودہ یورنیئم کے ذخیرے میں اضافہ کی بھی تصدیق کی تھی۔ ایرانی صدر کے تازہ اعلان پر جوہری ڈیل کے یورپی دستخط کنندگان نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]مہاجر کیمپ پر حملہ، افریقی یونین کی مذمت[/pullquote]

لیبیا کے ایک مہاجر کیمپ پر ہونے والے فضائی حملے کی عالمی برادری کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ افریقی یونین نے اسے ایک ’خوفناک جرم‘ قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین نے بھی اس کی مذمت کی ہے جبکہ اس حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کروانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس حملے کے بعد یورپی یونین کی مہاجرین سے متعلق اس پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت غیرقانونی تارکین وطن کو واپس لیبیا بھیجا جا رہا ہے۔

[pullquote]فرانس نے اسمگل شدہ قیمتی نوادرات پاکستان کو واپس کر دیے[/pullquote]

فرانسیسی حکومت نے اسمگل کیے گئے قدیمی نوادرات پاکستان کو واپس کر دیے ہیں۔ یہ قیمتی نوادرات فرانسیسی کسٹم حکام نے تیرہ برس قبل پیرس کے ہوائی اڈے پر ضبط کیے تھے۔ جو نوادرات پاکستان کو لوٹائے گئے ہیں، اُن میں سےکچھ چار ہزار سال قبل از مسیح کے دور کے ہیں اور ان کا تعلق مہرگڑھ اور سندھ تہذبیوں سے بتایا گیا ہے۔ ان نوادرات کی مجموعی تعداد ساڑھے چار سو ہے جبکہ ان کی مجموعی مالیت ایک لاکھ انتالیس ہزار یورو سے زائد بتائی گئی ہے۔

[pullquote]جاپان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لاکھوں افراد کی نقل مکانی[/pullquote]

جاپان کے جنوب مغرب میں شدید بارشوں کی وجہ سے لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے جیسے خطرات کے پیش نظر صوبہ کاگوشیما کے تقریبا آٹھ لاکھ افراد کو اپنے گھر چھوڑنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔ جاپانی محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جزیروں پر مشتمل جنوب مغربی اور مغربی علاقوں میں آئندہ کئی روز تک شدید بارشیں ہوں گی۔

[pullquote]آئل ٹینکر حادثے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک :نائجیریا[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا میں ایک آئل ٹینکر کے حادثے کے نتیجے میں کم از کم پچاس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وسطی ریاست بینو کے گورنر کے ترجمان کے مطابق یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں، جب ایک آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہوا اور وہاں بہنے والے تیل کو جمع کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ اس دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی اور پچاس سے زائد افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ چند برس پہلے پاکستان میں بھی اسی طرح کا ایک حادثہ پیش آیا تھا۔ ماہرین ایسے حادثات کی صورت میں آئل ٹینکر سے دور رہنے کی تاکید کرتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے