اگر یہ رشتے بھی ٹوٹ گئے تو ….

ماں باپ ، بہن بھائیوں اور بیوی بچوں سے بڑھ کر کوئی پیر ، مرشد ، امام ، مرید ، حق گو ، دست راست ، دل جو ، راست باز ، سچا، سُچا ، کھرا اور بے باک نہیں ہوتا ۔ یہ وہ رشتے ہیں جو قدرت نے آپ کے لیے تخلیق کیے ہیں ۔

ان میں ہی رہیں ، ان سے ہی جڑے رہیں۔ ان پر لگائیں ، ان پر خرچ کریں ۔ ان کے سنگ سنگ چلیں ، ان کو موثر اور فائدہ مند بنائیں ۔ ان پر جان لگائیں اور جان خرچ کریں ۔

آپ کی مشکل میں آپ کا قریب ترین دوست بھی شاید آپ تک ہزار مجبوریوں کی وجہ سے نہ پہنچ سکے ۔ یہ اپنی ہزار مجبوریاں چھوڑ کر بھی آپ کے پاس پہنچیں گے ۔ یہ بستر مرگ پر بھی ہوں گے تو آئیں گے ۔ یہ ویل چیئر پر بیٹھ کر خود مر رہے ہوں گے لیکن آپ کےحق میں دعائیں کر رہے ہوں گے ۔ یہ ہزار اختلافات بھول جائیں گے ۔

یہ روٹھنے کے ڈرامے کریں گے ۔ یہ مصنوعی ناراضیاں بھی پالیں گے ۔ یہ ڈانٹ ڈپٹ بھی کریں گے ۔ یہ دل پر جبر کر کے گھر سے نکلنے کا بھی کہہ دیں گے ۔ یہ آخری حد تک جاتے ہوئے عاق نامہ بھی تحریر کروا دیں گے لیکن ان کے دل و دماغ پر آپ ہی چھائے رہیں گے ۔

آپ کو ہزار نئے دوست مل جائیں گے ۔ بے شمار پیر مل جائیں گے ۔ بہترین علماء اور سیاستدان مل جائیں گے ۔منطقی اور فلاسفر مل جائیں گے لیکن جو نعمت ماں باپ کی صورت میں آپ کے پاس ہے ، وہ دوبارہ نہیں ملے گی ۔

آپ ارب پتی ہیں ، پیسے میں بڑی چمک دمک ہوتی ہے ۔ آپ پیسے سے دنیا کی خوبصورت اور مہنگی ترین چیز حاصل کر سکتے ہیں ۔ خوبصورت ترین خاتون یا مرد کے ساتھ روپیہ خرچ کر کے کوئی بھی رشتہ قائم کر سکتے ہیں ۔ لیکن ماں کی ممتا اور باپ کا پیار اربوں روپے خرچ کر کے بھی نہیں خرید سکتے ۔

الہامی روایتوں سے لیکر سوچ و فکر کی آیتوں تک ، باطن سے لیکر ظاہر تک جب بھی دریچہ دل وا ہوتا ہے تو یہ شہادتیں دل و دماغ کی کامل یکسوئی کے بعد سامنے کھڑی ہو جاتی ہیں ۔

اس لیے سپنوں میں رہیں اور اپنوں میں رہیں ۔ میری ایک ایک لائن کے پیچھے عینی شہادتیں ہیں ۔ خدا نے مجھے بہت پہلے ان باتوں کو سمجھنے کے شاندار مواقع فراہم کیے ۔یہ مجھے جیسے تند مزاج پر ذات بارہ الہ کا خاص فضل ہے ۔ میرے قریبی دوست جانتے ہیں کہ میں جب سے اس نتیجے تک پہنچا ہوں ،ان سے یہی کہتا ہوں ۔

خدا آپ کو اپنی امان میں رکھے اور خوش رکھے ۔ آمین

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے