ہفتہ : 27 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ہانک کانگ، پابندی کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر[/pullquote]

ہانگ کانگ میں سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین کو منشتر کرنے کی خاطر آنسو گیس کے شیل برسائے ہیں۔ حکومت کی طرف سے اجازت نہ ملنے کے باوجود ہفتے کے دن ہزاروں مظاہرین احتجاج کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے منظم جرائم پیشہ گروہوں نے چینی سرحد سے متصل علاقے میں جمہوریت نواز مظاہرین پر تشدد کیا تھا، جس کے بعد اس احتجاج کی کال جاری کی گئی تھی۔ مظاہرین کے مطابق پولیس نے تشدد کے اس واقعے کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا تاہم حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]جموں و کشمیر میں اضافی سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کا عمل شروع[/pullquote]

بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر میں دس ہزار اضافی پیراملٹری اہلکار تعینات کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ داخلہ امور کی وزارت کے مطابق جموں و کشمیر میں ’قانون کی بالادستی اور اس ریجن میں باغیانہ کارروائیوں کو کچلنے‘ کی خاطر یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو ملک کے مختلف شہروں سے طیاروں کے ذریعے اس متنازعہ علاقے میں پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ تازہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب حال ہی میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری نے جنگجوؤں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں اپنے حملوں میں تیزی لے آئیں۔

[pullquote]غزہ پٹی، اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی مارا گیا[/pullquote]

اسرائیلی فورسز کی کارروائی کی وجہ سے ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع نے ہفتے کے دن بتایا کہ غزہ پٹی کی سرحد پر شروع ہونے والی تازہ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی، جس کی وجہ سے ایک فلسطینی مارا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق مظاہرین کی طرف سے تشدد اختیار کرنے کے بعد فائرنگ کی گئی۔ میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے ان مظاہروں میں ساڑھے پانچ ہزار فلسطینیوں نے شرکت کی۔

[pullquote]چونتیس کرد باغی مار دیے، ترک وزیر دفاع[/pullquote]

ترک وزیر دفاع نے بتایا ہے کہ شمالی عراق میں متعدد کارروائیوں کے نتیجے میں چونتیس کرد باغی مار دیے گئے ہیں۔ ہفتے کے دن انہوں نے استنبول میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ کارروائیاں سترہ تا انیس جولائی کے دوران کی گئیں، جن میں کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ترک حکومت کے علاوہ یورپی یونین اور امریکا بھی کردوں کی اس پارٹی کو دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔ یہ باغی ترکی کے جنوب مشرقی کرد ریجن میں سن انیس سو چوراسی سے آزدی کی مسلح تحریک چلا رہے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ کی فرانسیسی وائن پر ٹیکس بڑھانے کی دھمکی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی وائن پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ پیرس حکومت کی طرف سے امریکی ٹیک کمپنیوں گوگل، ایپل ، فیس بک اور ایمازون پر ٹیکس لگانے کا عندیہ دیا گیا تھا، جس کے جواب میں ٹرمپ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے اس ’بیوقوفانہ‘ ایکشن کا مناسب جواب دیں گے۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں فرانسیسی وائن پر ٹیکس بڑھا دیا جائے گا۔

[pullquote]ایران بھارتی شہری رہا کر دے، نئی دہلی حکومت[/pullquote]

بھارت نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تین بھارتی شہریوں کو بھی رہا کر دے، جو اس کی تحویل میں ہیں۔ قبل ازیں تہران حکومت نے ان نو بھارتی شہریوں کو رہا کر دیا تھا، جنہیں آبنائے ہرمز سے پکڑے گئے ایک ٹینکر کے ساتھ ایرانی تحویل میں لے لیا گیا تھا۔ ہفتے کے دن بھارتی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ اس کے نو شہریوں کو ایران نے رہا کر دیا ہے۔ مزید کہا گیا کہ باقی تین افراد کی بازیابی کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں خود کش حملہ، چار افراد ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے غزنی میں ایک خود کش حملے کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ ’اب بند‘ ڈسٹرکٹ میں ہوئے اس کار بم حملے میں بیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق اس پرتشدد کارروائی میں ایک سرکاری دفتر کو نشانہ بنایا گیا، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ امریکا اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کی کوششوں کے باوجود افغانستان میں پرتشدد واقعات میں کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے نائٹ کلب میں حادثہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی کوریا کے شہر گوانگ جو میں ایک نائٹ کلب کی بالکونی گرنے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک جبکہ سولہ زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب یہ حادثہ اس وقت رونما ہوا، جب سینکڑوں لوگ اس نائٹ کلب میں موجود تھے۔ ان دنوں جنوبی کوریا میں ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ جاری ہے اور اس حادثے کی زد میں آنے والوں میں ان مقابلوں میں شریک آٹھ ایتھلیٹس بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا اور دیگر ممالک سے تعلق رکنے والے ایتھلیٹس بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔

[pullquote]بحرین میں تین افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد[/pullquote]

بحرین میں ہفتے کے دن تین افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ ان تینوں افراد کو دو مختلف جرائم کے تحت سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ایک کیس دہشت گردی سے متعلق تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کیا گیا تھا جبکہ دوسرا کیس ایک امام مسجد کی ہلاکت سے متعلق تھا۔ بحرین کے پبلک پراسیکیوٹر نے اپنی ایک ٹوئٹ میں ان افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]امریکا نہیں تو کوئی اور، ترک صدر کا عزم[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اگر امریکا انقرہ کو F-35 جنگی طیارے فروخت نہیں کرے گا تو وہ کسی اور ملک سے رجوع کر لیں گے۔ جمعے کے دن انہوں نے انقرہ میں اپنی حکمران پارٹی کے ارکان سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے ترکی کو اس پروگرام سے الگ کرنے کے نتیجے میں انقرہ حکومت اپنے فیصلوں کو تبدیل نہیں کرے گی۔ ترکی کی طرف سے روس سے اینٹی میزائل دفاعی نظام خریدنے کی وجہ سے امریکا نے دھمکی دے رکھی ہے کہ وہ انقرہ کو یہ طیارے فروخت نہیں کرے گا۔ اس باعث دونوں ممالک میں کشیدگی بھی پائی جا رہی ہے۔

[pullquote]فلپائن: دو زلزلوں کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن میں تین شدید زلزلوں کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک جب کہ ساٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ ہفتے کی صبح چند گھنٹوں کے اندر اندر آنے والے ان زلزلوں نے شمالی فلپائن میں واقع دو انتہائی گنجان آباد جزائر کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے کے باعث آبنائے لوزون کے قریب واقع ان جزائر میں عمارتوں اور مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ زلزلوں کی شدت پانچ اعشاریہ نو، پانچ اعشاریہ سات اور پانچ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے ان جزائر پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے