اتوار : 25 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے ایک امریکی تھنک ٹینک پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

ایران نے امریکا میں قائم تھنک ٹینک ’فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز‘ اور اس کے سربراہ مارک ڈوبووِٹس کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ادارہ اور اس کا سربراہ ایران کے خلاف ’اقتصادی دہشت گردی‘ کے پسِ پردہ ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ادارے اور اس کے سربراہ پر پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔ ایرانی بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ادارہ ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کے اثرات کو وسیع تر بنانے میں مصروف رہا ہے۔ واضح رہے کہ واشنگٹن میں قائم یہ تھنک ٹینک دعویٰ کرتا ہے کہ وہ غیرجانب دار ہے اور اس کا مقصد قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی سے متعلق تحقیق ہے۔

[pullquote]جی سیون سمٹ: عالمی طاقتوں کے درمیان اختلافات عیاں[/pullquote]

جی سیون اجلاس میں عالمی طاقتوں کے درمیان اختلافات واضح ہو گئے ہیں۔ اتوار کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے پر دستخطوں سے انکار کر دیا، جس کے تحت فرانس کو اہم جمہوری ممالک کے جانب سے قائدانہ کردار سونپا جانا تھا۔ ہفتے کے روز جی سیون ممالک کے اجلاس میں طے کیا گیا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت میں فرانس جی سیون ممالک کی نمائندگی کر سکتا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ حالیہ کئی ماہ سے امانویل ماکروں سن 2015 میں ایران کے ساتھ طے پانے والے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔

[pullquote]پوپ فرانسِس کی جانب سے ایمازون جنگلات میں آگ پر شدید تشویش[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس نے ایمازون کے جنگلات میں لگی آگ پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے ان جنگلات کو زمین کے ’کلیدی پھیپھڑے‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان جنگلات کے ایک وسیع علاقے پر لگی آگ پر شدید تشویش ہے۔ سینٹ پیٹرز اسکوائر پر ہزاروں افراد کے مجمع سے اپنے ہفتہ وار خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ زمین پر زندگی کی بقا کے لیے یہ جنگلات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر عزم اور ٹھوس اقدامات کے ساتھ دعا کرنے کی ضرورت ہے کہ یہ آگ بجھ جائے۔

[pullquote]دو اسرائیلی ڈرون تباہ، حزب اللہ نے فائرنگ کی تردید کر دی[/pullquote]

دو اسرائیلی ڈرون لبنانی دارالحکومت بیروت میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ تصور کیے جانے والے علاقے میں گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔ تاہم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس کی جانب سے ان ڈرونز کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ حزب اللہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک اسرائیلی ڈرون حزب اللہ کے میڈیا دفتر کی عمارت کی چھت پر گرا، جب کہ دوسرا ایک قریبی خالی پلاٹ میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ ڈرونز ایک ایسے موقع پر تباہ ہوئے ہیں، جب اسرائیل اور ایران کے درمیان تناؤ عروج پر ہے۔ گزشتہ شب اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

[pullquote]حوثی باغیوں کی جانب سے ایک سعودی ہوائی اڈے پر ڈرون حملہ[/pullquote]

یمن میں متحرک ایران نواز شیعہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابہا کے ہوائی اڈے کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔ حوثی باغیوں کے ایک عسکری ترجمان نے المصریہ ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ ڈرونز نے اس ہوائی اڈے کے کنٹرول ٹاور پر حملہ کیا۔ اس حملے کی تصدیق فی الحال سعودی عرب کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ صنعا پر قابض حوثی باغیوں نے حالیہ کچھ عرصے میں سعودی عرب پر اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ سعودی قیادت میں عرب اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف گزشتہ کئی برسوں سے فضائی کارروائیوں میں مصروف ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کا میزائل تجربہ، جاپان اور امریکا کے درمیان اختلافات[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے شمالی کوریا کی جانب سے نئے میزائل تجربات پر مختلف نکتہ ہائے نگاہ کا اظہار کیا ہے۔ شمالی کوریا کی جانب سے کم فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل میزائلوں کے تجربات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان تجربات نے کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی جب کہ شینزو آبے کا کہنا ہے کہ یہ تجربات کر کے شمالی کوریا اقوام متحدہ کی قرادادوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔ ہفتے کے روز شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مار کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک مزائل کا تجربہ کیا تھا۔

[pullquote]شام میں ایرانی اہداف پر اسرائیلی حملے[/pullquote]

اسرائیل نے شامی دارالحکومت دمشق کے نواح میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں ایرانی ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا، جن سے اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی۔ فوجی بیان کے مطابق دمشق کے جنوب مشرقی علاقے میں کیے جانے والے اس حملے میں ایران کی القدس فورس اور شیعہ ملیشیا سے تعلق رکھنے والے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل فوج کے ایک ترجمان کے مطابق ایرانی انقلابی گارڈز کی ایک شاخ سمجھی جانے والی القدس فورس گزشتہ کئی روز سے شمالی اسرائیل پر ’قاتل ڈرونز‘ کی مدد سے حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھی۔

[pullquote]یمنی حکومتی فورسز نے علیحدگی پسندوں سے ایک فوجی کمیپ چھڑا لیا[/pullquote]

یمن میں صدر منصور ہادی کی حامی فورسز نے ایک فوجی اڈہ علیحدگی پسندوں کے قبضے سے چھڑا لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علیحدگی پسندوں کو اس فوجی اڈے سے نکالنے کے لیے کی جانے والی عسکری کارروائی میں حکومتی فورسز کو متحدہ عرب امارات کی مدد بھی حاصل تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ شبوہ صوبے کے شہر اطلاق میں کی جانے والی اس کارروائی کے بعد علیحدگی پسند اس اڈے سے پسپا ہو گئے۔ واضح رہے کہ یمن میں سدرن ٹرانزیشنل کونسل کے نام سے علیحدگی پسند متحرک ہیں، جو جنوبی یمن کی علیحدگی کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات کی جانب سے مودی کے لیے اعلیٰ ترین شہری اعزاز[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین شہری اعزاز دیا ہے۔ ہفتے کے روز مودی کو یہ اعزاز دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت پر دیا گیا۔ مودی کو یہ اعزاز ایک ایسے موقع پر دیا گیا ہے، جب بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے کئی علاقوں میں گزشتہ بیس روز سے کرفیو نافذ ہے اور کمیونیکشن نظام معطل ہے۔ متحدہ عرب امارات کے بعد مودی بحرین کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیراعظم ہوں گے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹُسک روس کی جی سیون میں واپسی کے مخالف[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے کہا ہے کہ کافی وجوہات موجود ہیں، جن کی بنا پر روس کو جی سیون میں واپسی سے روکا جائے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ روس کو جی سیون میں واپس لایا جا سکتا ہے۔ کریمیا کے علاقے کو یوکرائن سے کاٹ کر روس میں ضم کرنے پر سن 2014 میں روس کو جی ایٹ سے نکال کر اس تنظیم کو جی سیون کا نام دے دیا گیا تھا۔ یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا کہ یورپی یونین روس کے حوالے سے کسی نرمی کو قبول نہیں کرے گی۔

[pullquote]میکسیکو میں ایک اور صحافی قتل[/pullquote]

میکسیکو میں ایک نیوز ویب سائٹ کے سربراہ کو قتل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق اس صحافی کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کیا گیا اور اس کی لاش ملک کے وسطی حصے سے ملی۔ رواں برس اس انداز کے قتل کی یہ دسویں واردات ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نیویتھ کونڈیس جارامیلو نامی صحافی کی نعش ہفتے کی صبح ملی۔ یہ 42 سالہ صحافی ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کا سربراہ تھا جب کہ ایک مقامی ریڈیو پروگرام میں میزبانی کے فرائض بھی انجام دیتا تھا۔ صحافیوں کے تحفظ کی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہا اس صحافی کو گزشتہ برس جون اور نومبر میں قتل کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔

[pullquote]میکسیکن شہریوں نے لوک رقص کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا[/pullquote]

قریب نو سو میکسیکن شہریوں نے اجتماعی فوک ڈانس کا مظاہرہ کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ میکسیکو کے شہر گواڈالاخارا میں لوک موسیقی ماریاچی کی دھن پر 882 مردوں اور خواتین نے مخصوص لباس پہن کر یہ رقص کیا۔ اس ریکارڈ کے لیے رقص کرنے والوں کو کم از کم پانچ منٹ تک ایک دھن پر بغیر وقفہ لیے ہم آہنگی سے رقص کرنا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے