پیر : 26 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پاکستان اور بھارت کشمير کا مسئلہ خود حل کر ليں گے، ٹرمپ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ پر اميد ہيں کہ بھارت اور پاکستان کسی بيرونی مداخلت کے بغير ہی کشمير کا حل تلاش کرنے ميں کامياب ہو سکيں گے۔ امريکی صدر کے بقول وہ ثالثی کے ليے تيار ہيں تاہم بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے انہيں يقين دلايا ہے کہ صورت حال قابو ميں ہے۔ ٹرمپ نے يہ بات ’جی سيون‘ سمٹ کے موقع پر فرانسيسی شہر بيارٹس ميں مودی کے ساتھ ملاقات کے بعد کہی ہے۔ نئی دہلی حکومت کی جانب سے کشمير کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ان دنوں شديد کشيدگی پائی جاتی ہے۔

[pullquote]اسرائیل غزہ کے لیے ایندھن کی فراہمی کم کرنا چاہتا ہے[/pullquote]

غزہ پٹی سے میزائل داغے جانے کے بعد اسرائیل غزہ کو مہیا کیے جانے والے ایندھن میں واضح کمی کر دینا چاہتا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مطابق غزہ میں توانائی کے ایک مرکز کو فراہم کیے جانے والے ایندھن کی مقدار اب نصف کر دی جائے گی۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کٹوتی کے اس فیصلے پر کب تک عمل کیا جائے گا۔ تاہم ایندھن کی اس کمی سے غزہ میں توانائی کے فراہمی کا عمل بری طرح متاثر ہو گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو غزہ کے علاقے سے اسرائیل پر تین میزائل داغے گئے تھے۔ ان سے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

[pullquote]ادلب میں کارروائی ترکی کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ شام میں کی گئی عسکری کارروائی کسی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں تھی۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کے مطابق ادلب میں شامی دستوں کی روسی عسکری مدد سے کی گئی کارروائی سے ترکی کے ساتھ کیا گیا معاہدہ متاثر نہیں ہوا۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جمعے کے روز اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے کہا تھا کہ شامی صوبے ادلب میں حکومتی فوج کے حملے سے ترکی کی قومی سلامتی خطرے میں پڑ گئی تھی اور ایک انسانی بحران پیدا ہو گیا تھا۔

[pullquote]چین تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ نئے تجارتی مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے جی سیون سربراہی اجلاس کے حاشیے میں کہا کہ بیجنگ حکومت ایک نئے معاہدے میں بہت دلچسپی رکھتی ہے۔ ان کے بقول چینی مذاکرات کاروں نے اتوار کے روز امریکی نمائندوں سے رابطہ کیا۔ ساتھ ہی چینی نائب وزیر اعظم لیُو ہے نے کہا ہے کہ چین تجارتی تنازعے کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے چینی مصنوعات پر ایک مرتبہ پھر درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا تھا۔

[pullquote]جرمن چانسلر میرکل ایک ذہین خاتون ہیں، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرکل ایک قابل خاتون ہیں اور وہ صورتحال کو بہت اچھی طرح سمجھتی ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق میرکل کئی لوگوں سے قبل ہی صورت حال کو بھانپ لیتی ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ مستقبل قریب میں جرمنی کا دورہ بھی کریں گے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ٹرمپ نے اس انداز میں جرمن چانسلر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔

[pullquote]برازیل میں جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں ملکی فوجی طیارے بھی شامل[/pullquote]

برازیل میں ایمیزون کے استوائی جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے ملکی فوج بھی میدان میں آ گئی ہے۔ ملکی صدر جیئر بولسونارو کے مطابق فوج کو فی الحال سات مختلف علاقوں میں آتشزدگی پر قابو پانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح فوجی پائلٹ ہزاروں لٹر پانی سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ برازیل کے مختلف علاقے اس وقت شدید آتشزدگی کی لپیٹ میں ہیں۔ جنوری سے لگی اس آگ کی وجہ سے ایمیزون کے بارانی جنگلات کا وسیع تر حصہ جل چکا ہے۔

[pullquote]یونان میں کم عمر پناہ گزینوں کا تحفظ بہتر بنایا جائے، یونیسیف[/pullquote]

اقوام متحدہ نے یونان سے وہاں مقیم کم عمر پناہ گزینوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بہبود اطفال کے عالمی ادارے یونیسیف کے مطابق موریا کی مہاجر بستی ایسے تنہا اور کم عمر پناہ گزینوں کے لیے بالکل مناسب نہیں، جو پہلے ہی تکلیف دہ حالات و واقعات کا سامنا کر چکے ہیں۔ یونان کے جزیرے لیسبوس پر واقع موریا کیمپ میں ایک پندرہ سالہ افغانی لڑکے نے گزشتہ دنوں چاقو کے وار کرتے ہوئے اپنی ہی عمر کے ایک لڑکے کو قتل جبکہ کئی دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ یونان میں مہاجرین کے اکثر مراکز میں گنجائش سے کہیں زیادہ افراد کو رکھا گیا ہے۔

[pullquote]جکارتہ ڈوب رہا ہے، انڈونیشی دارالحکومت کی جزیرہ بورنیو پر منتقلی کا اعلان[/pullquote]

انڈونیشی صدر نے ملکی دارالحکومت کو جکارتہ سے بورنیو کے جزیرے پر منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر جوکو ویدودو نے پیر چھبیس اگست کو بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 33 بلین ڈالر لاگت آئے گی۔ ان کے بقول یہ عمل 2024ء میں شروع کر دیا جائے گا۔ جکارتہ کی آبادی اس وقت تقریباﹰ 10 ملین ہے۔ اکثر آنے والے سیلابوں اور زیر زمین پانی کے بے تحاشا استعمال کے باعث یہ شہر زمین میں دھنستا بھی جا رہا ہے۔

[pullquote]یمن میں اتحاد برقرار رہے گا، سعودی اور اماراتی حکومتوں کا اعلان[/pullquote]

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اپنی مشترکہ عسکری کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک مشترکہ اعلان کے مطابق دونوں ممالک یمن میں اپنی سیاسی، فوجی اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ اس بیان میں متحدہ عرب امارات کو بدنام کرنے کی ایک مبینہ سازش کو بھی مسترد کر دیا گیا۔ ابھی گزشتہ دنوں ہی اماراتی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد کو یمن کے محاذ سے واپس بلا لیا گیا تھا۔ یمن کی پانچ سالہ جنگ میں اب تک تقریباﹰ 94 ہزار انسان مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک ٹرک ڈرائیور ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس نے آج پیر کو بتایا کہ اس کی موت مظاہرین کی طرف سے پتھراؤ کی وجہ سے ہوئی۔ یہ واقعہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات سے قبل پیش آیا۔ پانچ اگست کو مودی حکومت کی طرف سے بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر دینے کے فیصلے کے بعد سے اس متنازعہ خطے کا بیرونی دنیا سے رابطہ تقریباﹰمنقطع ہے۔

[pullquote]جنوبی فرانس میں جی سیون اجلاس کا کوئی اعلامیہ جاری کیے بغیر ہی اختتام[/pullquote]

ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی سیون کا اجلاس خارجہ امور اور تحفظ ماحول جیسے موضوعات پر مشاورت کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ جنوبی فرانس میں ہوئے اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اختلاف رائےکی وجہ سے کوئی اختتامی اعلامیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ اس تنظیم کی چوالیس سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت کی جانب سے کوئی متفقہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ اس اجلاس کے حاشیے پر جرمنی اور فرانس نے افریقی ممالک کے نمائندوں سے ملاقات میں ساحل کے علاقے میں سلامتی کے اپنے منصوبوں کو وسعت دینے کا اعلان بھی کیا۔

[pullquote]شمالی کوریا کا میزائل تجربہ، امریکا اور جاپان کا موقف ایک دوسرے سے مختلف[/pullquote]

شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے ایک نئے میزائل تجربے پر امریکا اور جاپان کے مابین اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی سیون اجلاس کے موقع پر کم جونگ ان کے حوالے سے کہا کہ یہ تجربہ طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ تاہم دوسری جانب جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے اس میزائل تجربے کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق شمالی کوریا کو کسی بھی قسم کے میزائل تجربے کی اجازت نہیں۔

[pullquote]ہسپانوی جزیرے مایورکا پر فضائی حادثہ، سات افراد ہلاک[/pullquote]

ہسپانوی جزیرے مایورکا میں ایک فضائی حادثے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ ایک ہیلی کاپٹر اور ایک چھوٹے طیارے کے آپس میں ٹکرانے سے ہوا۔ مزید یہ کہ طیارے میں دو ہسپانوی شہری سوار تھے جبکہ ہیلی کاپٹر میں اس کے اطالوی پائلٹ کے علاوہ ایک جرمن جوڑا اپنے دو بچوں کے ساتھ سفر کر رہا تھا۔ یہ حادثہ ایک غیر آباد علاقے کی فضا میں پیش آیا۔ حکام کے بقول حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں۔ علاقائی حکومت نے اس واقعے پر تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے