عراق کے جنوبی شہر نجف میں مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو نذر آتش کر دیا۔
خلیجی ملک میں کئی ہفتوں سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور مظاہرین کی جانب سے کرپشن کا خاتمہ، نوکریوں کی فراہمی اور فلاحی سہولیات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ مظاہرین کی جانب سے ایران سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ عراق کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرتے ہوئے ملک سے نکل جائے۔
گزشتہ دو ماہ سے جاری حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک 350 کے قریب افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔
مظاہرین کی جانب سے نجف میں واقع ایرانی قونصل خانے پر دھاوا بولنے سے قبل ہی قونصلیٹ کا عملہ جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
خیال رہے کہ یہ ایک ماہ کے دوران ایرانی قونصل خانے پر دوسرا حملہ ہے، تین ہفتے قبل بھی عراق کے شہر کربلا میں مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے پر حملہ کیا تھا۔
دوسری جانب ایران نے عراق میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار مغرب کو قرار دیتے ہوئے مظاہرین سے مطالبہ کیا ہے کہ قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے تبدیلیوں کا مطالبہ کیا جائے۔