لاہور : ملتان روڈ پر رکشے میں دھماکے سے 7 افراد زخمی ہوگئے جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
جیو نیوز کے مطابق حادثہ چوبرجی کے قریب پیش آیا جہاں ایک رکشے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے اور رکشہ مکمل طور پر جل کر راکھ ہوگیا جب کہ دھماکے سے قریب کھڑی موٹرسائیکل بھی مکمل طور پرتباہ ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق رکشے میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس میں ڈیڑھ سے 2 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جب کہ دھماکے کی جگہ سے بال بیئرنگ بھی ملےہیں۔
پولیس اور ریسکیو ٹیم سمیت پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے ماہرین بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔
ایس پی سول لائنز کے مطابق رکشے والےنے بیان دیا ہے کہ اس نےشیرا کوٹ سےسواری اٹھاکر سمن آباد اتاری تھی اور وہ بیت الخلا جانے کے لیے اترا تو دھماکا ہوگیا۔
پولیس نےاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔