منگل:03 دسمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نيٹو کے ستر برس اور لندن سمٹ کا آغاز[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے ستر برس مکمل ہونے کے موقع پر تين اور چار دسمبر کو برطانوی دارالحکومت لندن ميں رکن ممالک کی سمٹ شروع ہو گئی ہے۔ نيٹو کی اس سمٹ کا آغاز برطانوی شاہی محل يا بکہنگم پيلس ميں ايک تقريب سے ہوا جس کے بعد آج منگل کو ہی ڈاؤننگ اسٹريٹ پر بھی ايک سيشن منعقد کیا گیا۔ سمٹ کے دیگر اجلاس اور رہنماؤں کی مصروفيات کا آغاز بدھ کے روز سے ہو گا۔ لندن کے شمال ميں واقع ايک گالف ريزورٹ ميں تين گھنٹوں پر محيط اجلاس ميں تقريباً پچاس اہم فيصلے کيے جائیں گے۔ اس سمٹ کے موقع پر متعدد شریک لیڈروں کی انفرادی ملاقتوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ امريکی صدر ٹرمپ اور جرمن چانسلر میرکل کی بھی ملاقات طے ہے۔ دو روزہ سمٹ ميں نيٹو کو درپيش اندرونی چيلنجز پر بالخصوص توجہ دی جائے گی۔

[pullquote]نيٹو کے حوالے سے فرانسيسی صدر کا بيان توہين آميز ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نيٹو کے سیکرٹری جنرل ژينس اسٹولٹن برگ سے منگل کی صبح ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے فرانسيسی صدر ايمانوئل ماکروں کے مغربی دفاعی اتحاد بارے میں کیے گئے اظہار رائے پر تنقيد کی۔ ماکروں نے چند روز قبل کہا تھا کہ نيٹو ’ذہنی طور پر مردہ‘ ہو چکا ہے۔ ٹرمپ نے ماکروں کے اس بيان کو توہين آميز قرار ديا۔ نيٹو سمٹ کے شروع ہونے سے قبل اسٹولٹن برگ سے ملاقات ميں ڈونلڈ ٹرمپ نے ايک مرتبہ پھر جرمنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان رکن ممالک پر تنقيد کی جو مطلوبہ دفاعی بجٹ فراہم نہيں کرتے۔ اس موقع پر امريکی صدر نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ چند ملکوں کی جانب سے دفاعی بجٹ بڑھائے جانے ميں ان کا بڑا کردار ہے۔

[pullquote]برلن میں جارجیا کے شہری کی ہلاکت میں روس کے ملوث ہونے کا امکان[/pullquote]

جرمنی کے وفاقی دفتر استغاثہ نے اس شبے کا اظہار کیا ہے کہ دارالحکومت برلن میں جارجیا کے ایک شہری کے قتل میں روس ملوث ہو سکتا ہے۔ برلن میں ہلاک ہونے والے جارجیا کے شہری کا نام سلیم خان گوشویلی اور اُس کی عمر چالیس برس تھی۔ اُسے سینٹرل برلن میں سر میں دو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔ گوشویلی روسی علاقے حیچنیا میں ماسکو مخالف عسکریت پسندوں کے ہمراہ جنگی کارروائیوں میں شریک ہوا تھا۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ دفتر استغاثہ کے اس شبے پر جرمنی اور روس کے تعلقات میں سرد مہری بڑھ سکتی ہے۔

[pullquote]ہسپانوی پارلیمنٹ کا اجلاس طلب[/pullquote]

رواں برس ہونے والے انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی ہسپانوی پارلیمنٹ کا افتتاحی اجلاس آج طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں سوشلسٹ رکن پارلیمان میریٹیکسل باٹیٹ کو نیا اسپیکر منتخب کیا گیا۔ تین سو پچاس رکنی ایوان میں کسی پارلیمانی دھڑے یا پارٹی کو واضح سبقت حاصل نہیں ہے۔ ان اراکین کا تعلق انيس مختلف پارٹیوں سے ہے۔ اس افتتاحی اجلاس کے موقع پر اسپین کے بادشاہ فلپے چہارم بھی مہمانوں کی گیلری میں موجود تھے۔ سب سے زيادہ نشستوں کے ساتھ موجودہ وزیراعظم پیدرو سانچیز نئی حکومت تشکیل دینے کی پوزيشن ميں ہيں۔ ان کی سیاسی جماعت سوشلسٹ ورکرز پارٹی کو انتخابات میں ایک سو بیس نشستیں حاصل ہوئی تھيں۔

[pullquote]امریکا نے لبنان کی سکیورٹی امداد بحال کر دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان کے ليے سکیورٹی امداد بحال کر دی ہے۔ اس امداد کا حجم ایک سو ملین امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ قبل ازيں امریکی وزارت خارجہ نے اکتیس اکتوبر کو کانگریس کو مطلع کيا تھا کہ لبنان کے ليے امداد معطل کی جا رہی ہے ۔ اس فيصلے کی وجوہات بیان نہیں کی گئی تھیں۔ اراکین کانگریس نے لبنانی سکیورٹی امداد کی معطلی پر سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ یہ امداد ايک ایسے وقت پر بحال کی گئی ہے جب لبنان میں بد عنوانی اور بے روزگاری کے تناظر میں حکومت مخالف مظاہروں کی وجہ سے حکومتی نظام تقریباً مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری منصب سے مستعفی ہو چکے ہیں اور لبنانی صدر نئے وزیراعظم کے لیے مشاورتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ہواوے کا امریکا میں قائم ریسرچ سینٹر کینیڈا منتقل کرنے کا اعلان[/pullquote]

چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے امریکا میں قائم اپنا ریسرچ سینٹر کینیڈا منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رواں برس جون میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا کلارا کے نواح میں واقع سیلیکون ویلی میں واقع ریسرچ سینٹر میں چھ سو افراد کی ملازمتیں ختم کر دی گئی تھیں۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ کینیڈا میں ریسرچ سینٹر کس مقام پر بنايا جائے گا۔ چینی کمپنی نے یہ فیصلہ امریکی پابندیوں کے تناظر میں کیا ہے۔ اس چینی کمپنی کے امریکا کے علاوہ جرمنی، بھارت، سویڈن اور ترکی میں بھی ریسرچ سینٹرز ہيں۔ ہواوے اس وقت دنیا میں اسمارٹ فون بنانے والی دوسری بڑی کمپنی ہے۔ سب سے بڑی کمپنی جنوبی کوریا کی سام سنگ ہے۔

[pullquote]ناسا نے چاند پر بھارتی لینڈر کا ملبہ تلاش کر لیا[/pullquote]

امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے چاند پر ناکام ہو جانے والے بھارتی مشن چندرریان میں استعمال کی گئی چاند گاڑی کا ملبہ ڈھونڈ لیا ہے۔ بھارتی مشن میں استعمال ہونے والے لینڈر کا نام وکرم تھا۔ وکرم نامی گاڑی چاند پر اترنے سے کچھ ہی دیر قبل تباہ ہو گئی تھی۔ ناسا نے بھارتی لینڈر کے ملبے کی تصاویر جاری کر دی ہیں۔ یہ ملبہ کئی کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ بھارتی خلائی ادارہ اپنی چاند گاڑی کو ایک ایسے علاقے میں اتارنے کی کوشش میں تھا جو ابھی تک دریافت نہیں ہوا ہے۔

[pullquote]مختلف شہروں میں مظاہرین کی ہلاکت کی ایرانی ٹیلی وژن پر تصديق[/pullquote]

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر منگل تین دسمبر کو اس بات کا اعتراف کیا گيا کہ حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مختلف شہروں میں مظاہرین ہلاک ہوئے۔ ٹیلی وژن پر يہ بھی بتایا گيا کہ مشتعل ایرانی مظاہرین کی ہلاکت انہیں منتشر کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائی ميں ہوئی۔ ایران میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پندرہ نومبر سے حکومت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔ ان مظاہروں کو حکومتی کریک ڈاؤن سے کچل دیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں ایرانی مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دو سو آٹھ بتائی ہے۔ اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی مشن نے ایمنسٹی کی رپورٹ کو مبالغہ قرار دیا ہے۔

[pullquote]امریکی صدر نیٹو سمٹ میں شرکت کے ليے لندن پہنچ گئے[/pullquote]

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی سالانہ سمٹ میں شریک ہونے کے لیے پیر دو دسمبر کی شام لندن پہنچ گئے ہیں۔ نیٹو کے رکن ملکوں کا دو روزہ سربراہی اجلاس منگل تین دسمبر سے برطانوی دارالحکومت میں شروع ہو رہا ہے۔ لندن پہنچنے پر ٹرمپ نے اپنے اس دورے اور کانفرنس میں شرکت کو انتہائی اہم قرار دیا۔ امريکی صدر کی نیٹو سمٹ میں شرکت ایسے وقت پر ہو رہی ہے جب اس اتحاد کے یورپی اراکین اور امریکا کے درمیان دفاعی بجٹ کے معاملے پر تنازعہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ کانفرنس کے حاشیے میں ٹرمپ جرمن چانسلر انگیلا میرکل سميت کئی ديگر سربراہان کے ساتھ بھی ون ٹو ون ملاقاتیں کریں گے۔

[pullquote]افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کو طالبان کے ساتھ ڈیل سے نہ جوڑا جائے، ایسپر[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کا طالبان کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایسپر نے یہ بھی کہا کہ اگر تمام فریقین جنگ بندی کا مناسب انداز میں احترام کریں تو افغانستان میں پرتشدد واقعات میں واضح کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ البتہ اپنے اِس بیان میں انہوں نے فوجیوں کی تعداد میں کمی کا عندیہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی کمانڈرز افغانستان میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ اور القاعدہ سے لاحق خطرات پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر دفاع نے ان خیالات کا اظہار نیوز ایجنسی روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ یہ انٹرویو اُن کے افغانستان کے حالیہ دورے کے تناظر میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]یمنی خانہ جنگی سے معذور افراد نظرانداز ہو رہے ہیں، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یمن کی خانہ جنگی کے دوران معذور افراد کو درپیش مشکلات پر آج منگل کو ایک خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یمنی خانہ جنگی سے معذور افراد کی زندگی انتہائی مشکل اور اُن کے تکالیف میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق خانہ جنگی کے دوران ایک لاکھ انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور ہزاروں افراد زخمی ہو کر مختلف اقسام کی جسمانی معذوری کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارہٴ صحت نے اندازہ لگایا ہے کہ یمن میں اس وقت تقریباً پینتالیس لاکھ افراد معذوری کا شکار ہیں۔

[pullquote]جوہری مذاکرات کو بچانا امریکا کے ہاتھ میں ہے، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ یہ امریکا کے ہاتھ میں ہے کہ وہ کس طرح جوہری مذاکرات کو بچاتا ہے۔ اس کمیونسٹ ملک نے مذاکراتی عمل کی ممکنہ بحالی کو امریکا کے لیے ’کرسمس گفٹ‘ سے تعبیر کیا۔ شمالی کوریا کے متنازعہ ميزائل اور جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے ليے پيونگ يانگ اور واشنگٹن حکام کے درمیان مذاکراتی عمل فروری میں ہونے والی ہنوئی سمٹ کی ناکامی کے بعد سے تعطلی کا شکار ہے۔ ہنوئی سمٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کے درمیان ہونے والی ملاقات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئی تھی۔ رواں برس اکتوبر میں دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطحی وفود کی سویڈن میں بھی ایک میٹنگ ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے۔ شمالی کوریا مذاکرات کی ناکامی کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے