سندھ اور خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 94 ہوگئی۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈی آئی خان میں 18 ماہ اور لکی مروت میں 4 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
رواں سال صوبے بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 68 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 16 دسمبر سے 3 روزہ انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 60 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ سندھ میں بھی ایک اور پولیو کیس سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری میں 9 ماہ کے حسنین میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اب تک رواں برس سندھ سے 14 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں۔
خیال رہے کہ رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 94 ہوگئی ہے، یہ شرح 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔