کہتے ہیں ادارے ایک پیج پر ہیں، عمران خان یاد رکھیں صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی : مریم

گوجرانوالا: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے آپ کہتے ہیں سارے ادارے ایک پیج پر ہیں لہٰذا عمران خان یاد رکھیں صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی۔

گوجرانوالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حساب کتاب صرف عوام کو کرنا ہے، آٹا بھی چوری ہوتا ہے اور مارکیٹ سے غائب ہوتا ہے، پہلے غائب کردو اور پھر قیمتیں بڑھاکر مارکیٹ میں لے آؤ ، یہ ہمیں سسیلین مافیا کہتے تھے، اب پتا چلا ہے مافیا کیا ہوتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مارے عوام کا مقدمہ لے کر آئی ہوں، میں آج تاجروں کا مقدمہ لے کر آئی ہوں، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہ حال ہو تا ہے جو آج سب کا ہو رہا ہے، آج کاروبار کو تالے نہیں لگے ہوئے؟

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے مزید کہا کہ میں آج آپ کے پاس میڈیا کی زبان بندی کا مقدمہ لے کر آئی ہوں ، آج میڈیا کو جکڑا ہوا ہے اس لیے تمہاری کرپشن کی بات نہیں ہوتی، جو لوگ سچائی کے ساتھ چلتے تھے انہیں نوکریوں سے نکلوادیا گیا، لیڈی ہیلتھ ورکرز اسلام آباد کی سڑکوں پر رل رہی ہیں، ان کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔

مریم نواز کا کہنا تھاکہ کسی کو حق نہیں کہ وہ آپ کے منتخب نمائندے کو نکالے، نواز شریف کی کرپشن میں سے تو اقاما نکل آیا، آئین چوری کا مقدمہ اور ووٹ چوری کا مقدمہ سمجھ آتا ہے یا نہیں، آپ کے ووٹوں سے حکومت آنی اور جانی چاہیے۔

[pullquote]سلیکٹرز نے جمہوریت کو چوراہے پر ذبح کیا ہے: مولانا فضل الرحمان[/pullquote]

گوجرانوالہ: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ سلیکٹرز نے جمہوریت کو چوراہے پر ذبح کیا ہے اور جمہوریت کے قتل کا مجرم کون ہے؟ تحریک اب چل پڑی ہے لہٰذا یہ سفر منزل پر جاکر ہی دم لے گا۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی سیاست کو مقید نہیں دیکھنا چاہتے اور سیاست کوکسی کی حاکمیت کا غلام نہیں دیکھنا چاہتے، ہم پاکستان کی سیاست کو قوم کے ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں، ووٹ پاکستان کےعوام کا حق ہے اور یہ حق چھینا گیا ہے، اس پرڈاکہ ڈالاگیا ہے، ہم اس حق کو عوام کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں اس لیے عوام کو میدان میں آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج معاشی زبوں حالی انتہا کو پہنچ چکی ہے، جب ملک کی معیشت بیٹھ جاتی ہے تو وہ اپنے بقاکی جنگ لڑتا ہے، سویت یونین معاشی زبوں حالی کی وجہ سے دنیا کے نقشے سے مٹ گیا اور پاکستان اتنا طاقتور نہیں کہ وہ اپنے وجود کو برقرار رکھ سکے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں ایک صف میں کھڑے ہوں، ہمیں ملک، آئین اور جمہوریت کوبچانا ہے، تحریک اب چل پڑی ہے، اب نہ رکے نہ تھمے گی، ہماری تحریک اس وقت رکےگی جب آئین کی بالادستی ہوگی، ملک کو چلانا ہے تو ذمے داری اورفرائض کے ساتھ چلانا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ اب عوام کا سمندر آئے گا، جعلی حکمران کو تخت پر بٹھایا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ سلیکٹرز نے جمہوریت کو چوراہے پر ذبح کیا ہے، جمہوریت کے قتل کا مجرم کون ہے؟ تحریک اب چل پڑی ہے، یہ سفر منزل پر جاکر ہی دم لے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا بپھرا سمندر جعلی حکمرانوں کی کشتی کوغرق کرکے ہی دم لےگا، جب تک اس ناپائیدارکشتی کو غرقاب نہیں کیا جائے گا یہ سمندر تھمے گا نہیں، جعلی حکمران ٹمٹماتا ہوا چراغ ہے جس میں دم نہیں رہا ہے، جعلی حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں اور اب جمہوریت کی صبح طلوع ہونے والی ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب تحریک چل پڑی ہے، عوام کا سمندر کراچی، لاہور ، ملتان اور پشاور میں آئے گا، اگر ہمت دکھائی تو یہ حکمران آنے والا دسمبر نہیں دیکھیں گے، ان کے اوسان خطا ہوچکے ہیں اور ہمت جواب دے گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تم نےکشمیرکو بیچا توبھارت نے اس کی عید منائی تھی، بھارت نےاس وقت خوشی منائی جب اس نےکشمیرپر قبضہ کیا اور تم نے اس کو قبول کرلیا تھا، بھارت نے اس وقت خوشی منائی تھی جب پاکستان میں عام انتخابات میں دھاندلی کی گئی تھی، بھارت نے اس وقت خوشی منائی تھی جب ایک جعلی وزیراعظم اقتدارپر مسلط کیاگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ادارے یہاں قانون سازی کررہے ہیں اور آپ کا بجٹ تیارکر رہےہیں، آپ پھربھی کہتےہیں کہ بیرونی ایجنڈے پرکام نہیں کررہے، ہم نے پہلے دن کہا تھا کہ آپ پاکستان کے ایجنڈے پر اقتدار میں نہیں آئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے