منگل : 24 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انتونیو گوٹیرش کا افغانستان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے افغانستان میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ جنیوا میں گوٹیرش نے افغان ڈونر کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دوحہ میں طالبان کے ساتھ طے ہونے والے امن معاہدہ پر عمل کے سازگار ماحول کے لیے غیر مشروط جنگ بندی ضروری ہے۔ گوٹیرش نے امن عمل میں خواتین، نوجوان اور مثاثرین کو شامل کرنے پر بھی زور دیا۔ ڈونر کانفرنس میں افغانستان کے لیے یورپی یونین کی جانب سے آئندہ چار سالوں کے لیے 1.43ارب امریکی ڈالر کا اعلان کیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی وزیراعظم بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو بحرین کے ولی عہد شہزادہ شیخ سلمان بن حماد الخلیف کی دعوت پر بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم کے مطابق بحرین کے ولی عہد کے ساتھ ان کی گفتگو خوش آئند رہی اور دونوں ممالک خطے میں قیام امن کے لیے مل کر کام کرسکتے ہیں۔ ان کے بقول وہ بہت جلد بحرین کا دورہ کرنے جائیں گے۔ گزشتہ ہفتے بحرین کے وزیر خارجہ اور ایک اعلی سطحی سرکاری وفد اسرائیل کا دورہ کر چکا ہے۔ اس دوران دونوں ملکوں کے مندوبین کی جانب سے سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سفارتخانے کھولنے پر بھی غور کیا گیا۔

[pullquote]امریکا: ٹرمپ سے بائیڈن تک اقتدار کی منتقلی کا اعلان[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نامزد صدر جو بائیڈن تک اقتدار کی منتقلی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس کے بعد امریکی جنرل سروس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جو بائیڈن کو آگاہ کر دیا گیا کہ ان کی اقتدار کی منتقلی کا عمل اب باضابطہ طور پر شروع کیا جا سکتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انتظامیہ نے پہلی بار صدر ٹرمپ کی شکست کو تسلیم کر لیا ہے۔ دو ہفتے قبل ہونے والے صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آنے کے بعد بائیڈن کی کامیابی واضح ہو گئی تھی تاہم ٹرمپ اپنی شکست تسلیم نہیں کر رہے تھے۔ امریکی قوانین کے مطابق وائٹ ہاؤس سے رخصت ہونے والے صدر کی انتظامیہ استحکام کو یقینی بنانے میں مدد کے لیے اقتدار کی مکمل منتقلی تک نو منتخب صدر کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔

[pullquote]پوپ کی ایغور مسلم اقلیتوں کے ساتھ اظہار ہمدری پر چین ناراض[/pullquote]

چین نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے ایغور مسلم اقلیت سے متعلق بیان پر شدید تنقید کی ہے۔ پوپ فرانسس کی جانب سے اپنی نئی کتاب Let us Dream میں چین کی ایغور مسلم اقلیت کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی مثال دیتے ہوئے ان سے ہمدری کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پوپ فرانسس کے ان خیالات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایغور مسلم اقلیت سے متعلق بیان حقیقت کے برعکس ہے اور چین میں تمام لوگوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔

[pullquote]حوثی باغیوں کا سعودی تیل کی تنصیب پر حملہ[/pullquote]

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی بندرگاہی شہر جدہ میں تیل کی تنصیب پر راکٹ حملے کیے ہیں۔ حوثی باغیوں کے مطابق یہ راکٹ پیر تئیس نومبر کی صبح تین بجکر پچاس منٹ پر جدہ میں قائم تیل کی تنصیب پر داغے گئے۔ سعودی حکام نے چند گھنٹوں بعد ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اس کو ایک بزدلانہ حملہ قرار دیا۔ یہ حملے سعودی عرب کے زیر میزبانی ہونے والے دو روزہ ورچوئل جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد کیے گئے۔

[pullquote]دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ کروڑ 91 لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

عالمی سطح پر نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پانچ کروڑ 91 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 13 لاکھ 96 ہزار سے زائد ہو چکی ہیں۔ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا سرفہرست ہے، جہاں اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ 16 ہزار افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور اس کے نتیجے میں 2 لاکھ 57 ہزار سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ اس فہرست میں بھارت 91 لاکھ 77 ہزار کورونا کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ کورونا وائرس کی دوسری لہر اب براعظم ایشیا اور یورپ سمیت کئی خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ جرمنی میں کورونا پابندیوں میں بیس دسمبر تک توسیع پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

[pullquote]چاند کا ٹکڑا لانے کے لیے چین کا مشن روانہ[/pullquote]

کئی دہائیوں کے بعد ایک ایسا خلائی مشن چاند پر بھیجا گیا ہے جس کا مقصد چاند سے پتھر یا چٹانوں کے نمونے جمع کر کے واپس لانا ہے۔ چین نے منگل کی صبح اپنے جنوبی جزیرے ہینان سے ’لانگ مارچ فائیو‘ راکٹ کو چاند کے لیے روانہ کیا۔ انسانوں کے بغیر یہ چینی خلائی جہاز آئندہ اتوار تک چاند پر پہنچے گا۔ مشن کی کامیابی کی صورت میں امریکا اورسابقہ سوویت یونین کے بعد چین ایسی کامیابی حاصل کرنے والا تیسرا ملک بن جائے گا۔

[pullquote]تیگرائی جنگجو بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال رہے ہیں، ایتھوپیا[/pullquote]

ایتھوپیا کے وزیراعظم آبے احمد کی حکومت کے مطابق تیگرائی علاقے کے متعدد جنگجو اور اسپیشل فورسز کے اہلکار ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ حکومتی ٹاسک فورس نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اتوار کے روز دیے گئے 72 گھنٹوں کے الٹی میٹم کے بعد سے بڑی تعداد میں تیگرائی ملیشیا کے دستے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ ادھرتیگرائی جنگجوؤں کی تنظیم ’ٹی پی ایل ایف‘ نے آج صبح حکومتی فوج کے اہم مقامات کو تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ ماس کا افغانستان کے لیے امداد کا مطالبہ[/pullquote]

جنیوا میں افغانستان کے لیے ڈونر کانفرنس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بحران کے شکار اس ملک کے لیے مزید مالی امداد فراہم کریں۔ ماس نے جرمن اخبارات کے ایک نیٹ ورک کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا افغانستان میں لوگوں کی زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے اور وہاں لاکھوں افراد کا انحصارصرف انسانی امداد پر ہے۔ افغانستان کے لیے دو روزہ ورچوئل ڈونر کانفرنس پیر کو جنیوا میں شروع ہوئی۔ سن 2016 میں برسلز میں ہونے والی افغانستان ڈونر کانفرنس میں چار سالوں کے لیے تقریبا 15 ارب ڈالر جمع کیے گئے تھے۔

[pullquote]چین میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ، سینکڑوں پروازیں معطل[/pullquote]

کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے سلسلے میں چین کے مصروف ترین ہوائی اڈے پڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سینکڑوں فلائٹیں معطل کر دی گئی ہیں۔ چینی شہر شنگھائی کے ہوائی اڈے میں حالیہ چند روز میں سات نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ اس کے نتیجے میں حکام کی جانب سے پانچ سو سے زائد فلائٹیں معطل کردی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے تقریباﹰ ساڑھے 17 ہزار افراد کا کووڈ ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں نئی قسم کے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا آغاز گزشتہ برس چین سے ہی ہوا تھا۔

[pullquote]بائیڈن کی ٹیم سے اچھی بات چیت ہو رہی ہے، تائیوان[/pullquote]

تائیوان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی نامزد صدر جو بائیڈن کی ٹیم کے ساتھ اچھی بات چیت جاری ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق تائی پے حکومت نئی امریکی حکومت کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کرنے کی امید کر رہی ہے۔ تائی پے حکومت کو ٹرمپ انتظامیہ کی حمایت حاصل رہی ہے۔ ٹرمپ کے دور حکومت میں واشنگٹن سے اعلیٰ سطح کے دورے کیے گئے اور ہتھیاروں کے فروخت میں بھی تیزی برتی گئی۔

[pullquote]ایتھوپیا: حکومتی فورسز تیگرائی کے دارالحکومت کے قریب پہنچ گئیں[/pullquote]

ایتھوپیا میں حکومتی فوج نے تیگرائی کے علاقائی دارالحکومت میکیلے کا محاصرہ کرلیا ہے۔ حکومتی ترجمان کے مطابق حکومتی افواج میکیلے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔ تاہم منحرف تیگرائی پیپلز لبریشن فرنٹ نے ان خبروں کی تردید کی ہے اور حکومتی فورسز کو حملوں میں نقصان پہنچانے کا دعوی کیا ہے۔ ایتھوپیا کے وزیر اعظم آبے احمد نے تیگرائی کی حکمراں جماعت ٹی پی ایل ایف کو اتوار کے روز 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا تھا کہ وہ خود سرنڈر کر دے بصورت دیگر آخری معرکے کے لیے تیار ہوجائے۔ گزشتہ تین ہفتے سے جاری اس مسلح تنازعہ کی وجہ سے ایتھوپیا اور اس کے ہمسایہ افریقی ممالک عدم استحکام کا شکار ہوچکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے