اللہ سے پانچ وقت نماز پڑھنے اور داڑھی نہ ترشوانے کا وعدہ کیا ہے. علی حیدر گیلانی

لاہور: افغانستان سے بازیاب ہونے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کا کہنا ہے کہ انہیں ملتان سے اغوا کرنے کے بعد 2 ماہ تک فیصل آباد میں رکھا گیا جس کے بعد افغانستان منتقل کیا گیا۔

علی حیدر گیلانی کا بازیابی کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہنا تھا کہ میں القاعدہ کے قبضے میں تھا اور مجھے ملتان سے انتخابی مہم کے دوران اغوا کے بعد دو ماہ تک فیصل آباد میں رکھا گیا اور پھر فیصل آباد سے افغانستان منتقل کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ افغانستان میں قید کے دوران افغان اور نیٹو فورسز کے مشترکہ آپریشن میں بازیاب ہوئے اور امریکی فوجیوں کو بتایا کہ میں سابق وزیراعظم پاکستان کا بیٹا ہوں جب کہ افغان فوجیوں نے مجھ سے پشتو زبان میں بات کی جو میں سمجھ نہیں سکتا تھا۔

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ جب قید میں تھا تو اپنی آزادی کی دعا مانگتا تھا، آج میں آزاد ہو کر گھروالوں سے ملا ہوں، اللہ سے وعدہ کیا ہے کہ داڑھی نہیں تراشوں گا اور 5 وقت کی نماز پڑھوں گا، اللہ نے میری دعا قبول کی اور آزادی نصیب ہوئی۔

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو عام انتخابات سے 2 روزقبل 9 مئی 2013 کو انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز افغانستان اور نیٹو فورسز نے افغان صوبے غزنی میں کارروائی کرتے ہوئے علی حیدرگیلانی کوبازیاب کرایا تھا۔

[pullquote]لاہور: افغانستان سے بازیاب ہونے والے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی 3 سال بعد لاہور پہنچ گئے۔[/pullquote]

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں کابل ایئرپورٹ سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے تو انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔

علی حیدر گیلانی کے بھائی، رشتہ دار اور کمسن بیٹا اپنے والد کا انتظار کرتا رہا اورجب علی حیدر نے اپنے 4 سالہ کمسن بیٹے جمال گیلانی کو دیکھا تو اسے گلے سے لگا لیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اسلام آباد میں پیشی کے باعث ایئرپورٹ نہ جاسکے جب کہ والدہ بیماری کی وجہ سے بیٹے کا استقبال کرنے ایئرپورٹ نہیں گئیں۔

[pullquote]ماں بیٹا گلے لگ کر روتے رہے[/pullquote]

علی حیدر گیلانی سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ڈیفنس میں واقع اپنی رہائشگاہ پہنچے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، گھر میں داخل ہونے کے بعد علی حیدر اپنی والدہ کے سینے سے لگ گئے اور دونوں ماں بیٹے خوشی کے مارے روتے رہے۔ لاہوراور ملتان میں گیلانی ہاؤس کے باہر بھی جیالوں کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جب کہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے کارکنان خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

اس سے قبل علی حیدر گیلانی کے ہم شکل بھائی علی قاسم گیلانی ان کو لینے کابل ایئرپورٹ پہنچے جہاں افغان حکام نے علی حیدرگیلانی کو پاکستانی سفیر کے حوالے کیا جس کے بعد وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں علی حیدر گیلانی کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔

واضح رہے کہ علی حیدر گیلانی کو عام انتخابات سے دو روز قبل 9 مئی 2013 کو انتخابی مہم کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا جب کہ افغانستان اور نیٹو فورسز نے افغان صوبے غزنی میں کارروائی کرتے ہوئے علی حیدرگیلانی کو بازیاب کرایا تھا جب کہ افغان سفیر نے اس حوالے سے بذریعہ فون سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو کل صبح 11 بجے آگاہ کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے