سینیٹ کمیٹی کی پی ٹی اے کو 20 اکتوبر سے موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو 20 اکتوبر کے بعد موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس کے دوران چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر روبینہ خالد نے نکتہ اٹھایا کہ پی ٹی اے 20 اکتوبر سے موبائل فون بند کرنے جا رہا ہے، پی ٹی اے حکام وضاحت کریں کہ معاملہ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے کمیٹی شروع ہوئی ہے، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اجلاس میں نہیں آئے، اگر وفاقی وزیر نہیں آتے تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے۔

جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے 20 اکتوبر سے غیر رجسٹرڈ اور اسگل شدہ موبائل فون بند کرنے کے حوالے سے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پراسیس کے لیے نیا سسٹم لانچ کیا جارہا ہے۔

کمیٹی ممبر رحمٰن ملک نے سوال کیا کہ سِمز کو ریگولیٹ کرنا سروس پرووائڈرز کا کام ہے، پی ٹی اے اپنے کھاتے میں کیوں ڈال رہا ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سروس پرووائڈرز کو ریگولیٹ کر رہے ہیں۔

رحمٰن ملک نے سوال کیا کہ ایک سم 10 بار رجسٹرڈ کرکے کیوں دی جاتی ہے؟موبائل کمپنیوں کو ذمہ داری دی جائے تاکہ انہیں پکڑا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ای آئی کو دنیا بھر میں ٹریس کیا جا سکتا ہے، پی ٹی اے سم پر آئی ایم ای آئی نمبر کو کیسے ریگولیٹ کر رہا ہے؟ وپ اپنے نہیں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ اسمگلڈ اور ڈوپلیکٹ آئی ایم ای آئی نمبر روکنے کے لیے نیا سسٹم لا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈوپلیکیٹ آئی ایم ای آئی نمبر ٹریس کرنا مشکل ہوتا ہے اور یہ سیکیورٹی کے لیے بھی خطرات ہیں۔

اس موقع پر ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کسی اور کے لیے تھانہ بننے جا رہا ہے، لوگوں کو صحیح طریقے سے بتایا بھی نہیں گیا، ہر طرف 8484 ایس ایم ایس گھوم رہا ہے اور ہر ایس ایم ایس پر چارجز بھی لیے جا رہے ہیں۔

ارکان کا کہنا تھا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کسی کا موبائل بند ہو۔

سینیٹر شبلی فراز نے پی ٹی اے حکام سے کہا کہ آپ نے کسی ٹی وی پر آگاہی مہم نہیں چلائی۔

ارکان نے مطالبہ کیا کہ کوئی موبائل فون بند نہیں ہوگا، آئندہ اجلاس میں آئی ٹی کے وزیر آئیں اور پالیسی بنائیں۔

جس پر سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ میں متفق ہوں، ہمارے دیہی عوام کو موبائل سم اور سیٹ کا پتہ ہی نہیں، وہ صرف موبائل پر آنے والی کال کو ہی سن سکتے ہیں۔

اجلاس کے بعد سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پی ٹی اے کو موبائل فون بلاک نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے موبائل کمپینوں سے آئندہ اجلاس میں تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔

کمیٹی نے یہ ہدایت بھی کہ اسمگل شدہ اور ڈوپلیکٹ موبائل ڈیوائسز کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم چلائی جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے