پیر : 31 دسمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میرکل کی سال نو کے پیغام میں زیادہ سماجی یکجہتی اور اتحاد کی اپیل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سال نو کے موقع پر اپنے سالانہ پیغام میں جرمن عوام سے سماجی سطح پر زیادہ یکجہتی اور اتحاد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات پر قابو اسی وقت پایا جا سکتا ہے جب دوسروں کے ساتھ حدود و قیود سے بھی آگے تک جا کر تعاون کیا جائے۔ میرکل نے اعتراف کیا کہ سال دو ہزار اٹھارہ سیاسی طور پر ایک مشکل سال تھا۔ جرمن چانسلر کے مطابق نئے سال دو ہزار انیس میں ماحولیاتی تبدیلیوں، ترک وطن سے متعلقہ مسائل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے امور کلیدی اہمیت کے حامل ہوں گے۔

[pullquote]افغان طالبان کے نمائندے تہران میں، ایرانی حکام سے مذاکرات کا آغاز[/pullquote]

افغانستان میں طالبان کے نمائندوں نے ایران میں ملکی حکام کے ساتھ امن بات چیت شروع کر دی ہے۔ تہران میں وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے پیر کے روز بتایا کہ یہ مذاکراتی نمائندے کل اتوار کو ایرانی دارالحکومت پہنچے تھے۔ ترجمان کے مطابق اس ابتدائی مکالمت کا مقصد طالبان اور کابل حکومت کے مابین مذاکرات کے لیے ماحول کو سازگار بنانا اور قابل عمل شرائط کا تعین ہے۔ اس بات چیت میں طالبان کے نمائندوں کے مذاکراتی ساتھی ایرانی نائب وزیر خارجہ تھے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات: جمہوریت نواز کارکن کے لیے سزائے قید کا عدالتی حکم برقرار[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی ایک اپیلز کورٹ نے ایک سرکردہ جمہوریت نواز کارکن کو سنائی گئی دس سال کی سزا قید برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ اس مقامی شہری کا نام احمد منصور ہے اور اس نے سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات کی حکومت پر تنقید کی تھی۔ پیر کے روز سنائے گئے عدالتی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے دو باخبر ذرائع نے بتایا کہ احمد منصور کو ایک ملین درہم جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ منصور ایک انجینیئر اور شاعر ہیں، جنہیں مارچ دو ہزار سترہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس سال مئی میں انہیں دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]افریقی فٹبال تنظیم کے سربراہ کو جنگی جرائم کی عدالت کے حوالے کرنے کا فرانسیسی فیصلہ[/pullquote]

فرانس افریقی فٹبال تنظیم کے سربراہ پیٹریس ایڈوآرڈ اینگائیسونا کو دی ہیگ میں قائم جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت کے حوالے کر دے گا۔ یہ فیصلہ پیر کے روز ایک فرانسیسی عدالت نے سنایا۔ اینگائیسونا کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال کے صدر ہیں۔ ان پر وسطی افریقی جمہوریہ میں خانہ جنگی کے دوران مسلم باغیوں کے خلاف مسلح ملیشیا گروپوں کی تنظیم کے حوالے سے جنگی جرائم کے الزامات ہیں۔ دی ہیگ میں انٹرنیشنل کریمینل کورٹ نے ان کے وارنٹ بھی جاری کر رکھے ہیں۔ اس وقت پیرس کے نواح میں ایک جیل میں قید افریقی فٹبال تنظیم کے سربراہ کو بارہ دسمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اپنے ملک کے ایک سابق وزیر بھی ہیں۔

[pullquote]بحرین میں انسانی حقوق کے کارکن نبیل رجب کی سزائے قید برقرار رہے گی[/pullquote]

خلیجی ریاست بحرین کی ایک اعلیٰ عدالت نے انسانی حقوق کے معروف کارکن نبیل رجب کو سنائی گئی پانچ سال قید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم سنایا ہے۔ انہوں نے دو ہزار گیارہ کے جمہوریت نواز مظاہروں میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ ان کے وکیل صفائی نے تازہ عدالتی فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔ نبیل رجب بحرینی حکومت کے ناقد ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر الزام لگایا تھا کہ ملکی حکام جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کرتے ہیں۔ انسانی حقوق کے لیے سرگرم کئی گروپوں نے نبیل رجب کے خلاف پیر کو سنائے گئے اس نئے عدالتی فیصلے کو ’سیاسی انتقام‘ اور ’باعث مذمت‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]شام میں داعش کے خلاف جنگ: ’امریکی انخلا کے بعد عراق کا کردار زیادہ وسیع‘[/pullquote]

جنگ زدہ ملک شام سے امریکی فوجی دستوں کے انخلا کے بعد وہاں ہمسایہ ملک عراق کے فوجی دستے دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جنگ میں زیادہ وسیع کردار ادا کریں گے۔ یہ بات عراقی وزیر اعظم عادل مہدی نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں عراقی حکومت اور شام میں صدر اسد کی حکومت کے نمائندوں کے مابین دمشق میں ایک باقاعدہ ملاقات ہوئی ہے۔ عادل مہدی نے کہا کہ عراق نہیں چاہے گا کہ اسے شام سے امریکی فوجی واپسی کے منفی نتائج کا سامنا کرنا پڑے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے رواں ماہ کے وسط میں اچانک اعلان کر دیا تھا کہ شام میں تعینات تمام امریکی فوجی بہت جلد واپس بلا لیے جائیں گے۔

[pullquote]ٹرمپ نے شام سے فوجی انخلا کی رفتار کم کر دی، سینیٹر لنڈسے گراہیم[/pullquote]

امریکی سینیٹ کے سرکردہ ریبپلکن رکن لنڈسے گراہیم نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجی انخلا کی رفتار کم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صدارتی حکم جاری کر دیا گیا ہے اور انخلا کے حوالے سے اس وقت صورت حال ایک ’وقفے‘ کی سی ہے۔ امریکا نے داعش کے خلاف جنگ کے لیے خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں اپنے قریب دو ہزار فوجی تعینات کر رکھے تھے۔ رواں ماہ کے وسط میں صدر ٹرمپ نے داعش کے خلاف فتح اور شام سے ان فوجیوں کی واپسی کا اچانک اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]جاسوسی کے شبے میں روس میں امریکی شہری کی گرفتاری[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ اس کی سکیورٹی سروسز نے ماسکو میں ایک امریکی شہری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری روس اور مغربی ممالک کے مابین ایک دوسرے کے خلاف جاسوسی کے الزامات کے سلسلے کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ روس کی داخلی سکیورٹی سروس ایف ایس بی نے بتایا کہ اس امریکی شہری کو جمعہ اٹھائیس دسمبر کو جاسوسی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ایک بیان میں اس امریکی باشندے کا نام بظاہر پال وِہیلن بتایا گیا ہے، جسے اس کا مبینہ جرم ثابت ہو جانے پر بیس سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

[pullquote]ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع[/pullquote]

افریقی ملک ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو میں کل اتوار کے روز ہوئے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی ہے۔ پارلیمانی انتخابات سے پہلے ہی بے قاعدگیوں اور پرتشدد واقعات کی اطلاعات ملنا شروع ہو گئی تھیں۔ اپوزیشن کے مطابق اس دوران دو افراد مارے بھی گئے تھے۔ مبصرین کے مطابق کئی مقامی پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں کی تاخیر سے شروع ہوا۔ ایبولا وائرس کی وجہ سے مہلک وباء کو بنیاد بناتے ہوئے اپوزیشن کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں رائے دہی ملتوی کر دی گئی تھی۔ ان علاقوں کے قریب بارہ لاکھ شہری اب اگلے سال مارچ میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ اس افریقی ملک میں زیادہ تر موبائل فون انٹرنیٹ کنکشن آج پیر کے روز بھی بند ہیں۔

[pullquote]روس میں کئی منزلہ رہائشی عمارت میں گیس دھماکا: تین افراد ہلاک، اسّی لاپتہ[/pullquote]

روس میں آج پیر کے روز ایک کئی منزلہ رہائشی عمارت میں گیس کی وجہ سے ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ اُورال کے خطے میں ’ماگنیٹوگورسک‘ نامی شہر میں پیش آیا۔ حکام نے سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں یہ عمارت تباہ ہو گئی اور قریب اسّی افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ اس عمارت کے ملبے سے تین زخمیوں کو زندہ بچا لیا گیا۔

[pullquote]بنگلہ دیشی انتخابات میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ فاتح[/pullquote]

بنگلہ دیش میں کل اتوار تیس دسمبر کو ہوئے قومی پارلیمانی انتخابات وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکمران جماعت عوامی لیگ نے جیت لیے ہیں۔ یہ اعلان ڈھاکا میں ملکی الیکشن کمیشن نے کیا۔ سابق وزیر اعظم اور سزا یافتہ خاتون سیاستدان خالدہ ضیا کی قدامت پسند جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی قیادت میں قائم اپوزیشن اتحاد نے انتخابی دھاندلیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان انتخابات کے موقع پر حریف سیاسی کارکنوں کے مابین لڑائی اور بدامنی کے کئی دیگر واقعات بھی پیش آئے۔ ان واقعات میں پورے ملک میں مجموعی طور پر کم از کم سترہ افراد ہلاک اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے۔

[pullquote]کشمیر میں پاکستانی دستوں کی حملے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی، بھارتی دعویٰ[/pullquote]

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کشمیر کے متنازعہ اور منقسم خطے میں کنٹرول لائن کے پار سے پاکستانی دستوں کی طرف سے حملے کی ایک مبینہ کوشش ناکام بنا دی۔ بھارتی فوج کی چنار کور کی طرف سے پیر کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا کہ پاکستانی فوج نے ضلع بارہ مولا کے نوگام سیکٹر میں بھارت کی اگلی عسکری پوزیشنوں کو نشانہ بنانے کی یہ مبینہ کوشش کل اتوار کے روز کی۔ اس دوران بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخلے کی کوشش کرنے والے دو افراد مارے بھی گئے۔ نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں میں بھارتی فوج کے اس دعوے پر پاکستان کے ردعمل کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

[pullquote]سن 2018ء میں 94 صحافی، میڈیا کارکن ہلاک کر دیے گئے[/pullquote]

صحافیوں کی بین الاقوامی فیڈریشن کے مطابق سن دو ہزار اٹھارہ میں چورانوے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاکتوں کی یہ تعداد گزشتہ تین برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، جب سالانہ بنیادوں پر اس میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں چوراسی صحافیوں کے ساتھ ساتھ کیمرہ مین، تکنیکی عملہ اور صحافتی ٹیموں کے ڈرائیور بھی شامل ہیں۔ صحافتی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے چھ خواتین بھی ماری گئیں۔ سب سے زیادہ صحافی افغانستان، میکسیکو، یمن اور شام میں مارے گئے۔

[pullquote]شمالی کوریائی رہنما کے ٹرمپ اور مون جے اِن کے نام ذاتی پیغامات[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے سال نو کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ذاتی پیغام بھیجا ہے۔ جنوبی کوریا کے اخبار ’چَوسُون اِلبو‘ نے بغیر کوئی نام لیے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمالی کوریا کے رہنما نے امریکی صدر کو یہ پیغام ایک خط کی صورت میں بھیجا ہے، جس کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ اس بارے میں واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ یا جنوبی کوریائی دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا۔ سیول میں حکام کے مطابق کم جونگ اُن نے جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن کے نام بھی ایک خط لکھا ہے، جس میں یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ کمیونسٹ کوریائی لیڈر آئندہ برس پہلی بار جنوبی کوریا کا دورہ کر سکتے ہیں۔

[pullquote]روس عراق سے داعش کے عسکریت پسندوں کے بچوں کو واپس لا رہا ہے[/pullquote]

عراق سے داعش کے عسکریت پسندوں کے بچوں کو لے کر پہلی فلائٹ روس پہنچ گئی ہے۔ روس پہنچنے والے ان بچوں میں سولہ لڑکیاں اور چودہ لڑکے شامل ہیں۔ ان کی عمریں تین سے پندرہ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان تیس بچوں میں سے چوبیس کا تعلق داغستان، تین کا چیچنیا اور ایک کا جنوب مغربی شہر پَینزا سے ہے۔ عراق اور شام میں داعش کے جنگجوؤں کے ہمراہ لڑنے والے زیادہ تر غیرملکی عسکریت پسند یا تو مارے جا چکے ہیں یا پھر وہ جیلوں میں سزائیں کاٹ رہے ہیں۔ مختلف ممالک کی حکومتیں انہیں واپس اپنے ہاں لانے سے ہچکچا رہی ہیں تاکہ وہ دہشت گردی کا خطرہ بھی اپنے ساتھ نہ لے آئیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے