بدھ : 30 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں اکیلے ہی اقتدار کی خواہش نہیں رکھتے، طالبان[/pullquote]

طالبان نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کی مستقبل کی انتظامیہ میں اکیلے ہی اقتدار حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے بلکہ افغان اداروں کے ساتھ مل کر رہنے کی امید کر رہے ہیں۔ قطر میں طالبان کے ایک ترجمان سہیل شاہین کے مطابق افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے بعد طالبان دیگر افغانوں کے ساتھ مل جل کر رہنے ایک دوسرے کو برداشت کرنے اور بھائیوں کی طرح زندگی شروع کرنا چاہتے ہیں۔ طالبان کی طرف سے یہ اب تک کا سب سے زیادہ مفاہمتی بیان قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب امریکا افغان جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ترک عدالت نے امریکی قونصل خانے کے ملازم کو رہا کر دیا[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت نے ملک کے جنوبی شہر ادانا میں امریکی قونصلیٹ کے ایک اہلکار کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس شخص پر ایک مسلح دہشت گرد تنظیم کا رُکن ہونے اور اس کی مدد کرنے کا الزام تھا۔ عدالت نے حمزہ الوچائے کو ساڑھے چار برس جیل کی سزا سنائی تاہم حکم دیا کہ قید میں وقت گزارنے کے سبب اب اسے رہا کر دیا جائے۔

[pullquote]جبوتی کے قریب کشتیاں الٹنے کے سبب 38 ہلاکتوں کی تصدیق[/pullquote]

افریقی ملک جبوتی کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی دو کشتیاں سمندر میں ڈوبنے کے سبب 100 سے زائد افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی مہاجرت سے متعلق ایجسنی کے مطابق 38 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ان کشتیوں پر زیادہ تر ایتھوپیا کے باشندے سوار تھے اور یہ سمندر میں طغیانی کی سبب ڈوب گئیں۔ جبوتی کے کوسٹ گارڈز ڈوبنے والوں کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]مادورو کو حکومت کرنے کا جمہوری جواز حاصل نہیں، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے پاس حکومت کرنے کا جمہوری جواز حاصل نہیں رہا۔ جرمن پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ مادورو کے پاس حکومت کرنے کا کوئی جمہوری جواز موجود نہیں ہے کیونکہ مادورو وینزویلا کے جمہوری طور پر منتخب شدہ صدر نہیں ہیں۔ ہائیکو ماس کا اس موقع پر مزید کہنا تھاکہ وینزویلا کو فی الفور آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]جرمنی میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں تین افراد گرفتار[/pullquote]

جرمن صوبے شلیسوگ ہولشٹائن میں تین افراد کو دہشت گردی کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ان تینوں کا تعلق عراق سے ہے۔ ان میں سے دو پر دہشت گردانہ حملے کی تیاری جبکہ تیسرے پر ان سے تعاون کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ سال نو کی شام بارودی مواد کے ساتھ حملہ کرنا چاہتے تھے تاہم انہوں نے اسلحے یا گاڑی کے ذریعے بھی ایسا کرنے کا سوچا تھا۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ ان تینوں کی منصوبہ بندی میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔

[pullquote]یورپی یونین کا برطانیہ سے نئے بریگزٹ مذاکرات سے انکار[/pullquote]

یورپی رہنماؤں نے برطانیہ کے ساتھ نئے بریگزٹ مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ یورپی کونسل کے ایک ترجمان کے مطابق برطانیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ جلد از جلد ممکنہ اقدامات کے حوالے سے اپنے ارادے واضح کرے۔ مزید یہ کہ بریگزٹ معاہدے پر نئے مذاکرات کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے۔ برطانوی پارلیمان نے گزشتہ روز ایک نئی رائے شماری میں فیصلہ کیا تھا کہ وزیر اعظم ٹریزا مے یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والے بریگزٹ معاہدے پر دوبارہ بات چیت کے لیے برسلز جائیں۔ برسلز کی جانب سے یہ خواہش بار بار مسترد کیے جانے کے باوجود برطانوی پارلیمان موجودہ بریگزٹ معاہدے میں ترامیم چاہتی ہے۔

[pullquote]محمود عباس نے وزیر اعظم رامی حمد اللہ کا استعفی قبول کر لیا[/pullquote]

فلسطینی صدر محمود عباس نے وزیر اعظم رامی حمد اللہ کا استعفی قبول کر لیا ہے۔ صدارتی دفتر کے مطابق محمود عباس نے وزیر اعظم سے نئی حکومت کے قیام تک نظام حکومت چلانے کی درخواست کی ہے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے ’معان‘ نے بتایا کہ صدر عباس آج بدھ سے حکومت سازی کی کوششیں شروع کر رہے ہیں۔ رامی حمد اللہ نے حماس کے ساتھ تنازعے کو ختم کرنے کی خاطر گزشتہ روز مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]فلپائن میں مسجد پر دستی بم سے حملہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

آج بدھ کو جنوبی فلپائن کی ایک مسجد پر کیے گئے ایک حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا کہ اس مسجد پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ اس واقعے میں چار دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ حملے کے وقت نشانہ بننے والے افراد مسجد کی عمارت میں سو رہے تھے۔ ابھی تک اس حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ اتوار کو ہی جنوبی فلپائن میں ایک کلیسا پر ہوئے حملے میں اکیس شہری مارے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی چرچ پر حملے کے فوری بعد کسی مسجد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

[pullquote]بینکاک میں فضائی آلودگی، اسکول بند کر دیے گئے[/pullquote]

تھائی لینڈ کے دارالحکومت میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب ہو گئی ہے۔ حکام نے بینکاک میں مسلسل آلودگی کی وجہ سے اگلے ہفتے تک شہر کے چار سو سے زائد سرکاری اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سال کے آغاز سے آٹھ ملین کی آبادی والے اس شہر میں ہوا کا معیار انتہائی خراب ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی ایک اہم وجہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں ہے۔ بینکاک کی سڑکوں پر اکثر شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔

[pullquote]لاس ویگاس فائرنگ: ملزم ایسے دیگر حملہ آوروں کی طرح ذہنی مسائل کا شکار تھا، ایف بی آئی[/pullquote]

2017ء میں امریکی شہر لاس ویگاس میں اندھا دھند فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں۔ وفاقی تفتیشی ادارے’ایف بی آئی‘ کے مطابق ایسے شواہد نہیں ملے، جن کی بنیاد پر کہا جا سکےکہ 64 سالہ اسٹیفن پَیڈَوک نے کسی نظریاتی یا سیاسی وجہ سے عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اسے اس رپورٹ میں اندھا دھند فائرنگ کرنے والے دیگر واقعات میں ملوث حملہ آوروں کی طرح ذہنی مسائل کا شکار قرار دیا گیا ہے۔ یکم اکتوبر 2017ء کو پَیڈَوک نے ایک ہوٹل کے کمرے سے ایک کنسرٹ کے شرکاء پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔ اس واقعے میں 58 افراد ہلاک اور 869 زخمی ہوئے تھے۔ اس ملزم نے بعد میں خود کشی کر لی تھی۔

[pullquote]اطالوی حکام مہاجرین کی مدد کرنے والے بحری جہاز سے تعاون کریں، یورپی عدالت[/pullquote]

حقوق انسانی کی یورپی عدالت نے اطالوی حکومت کو Sea Watch 3 نامی امدادی جہاز کی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کے مطابق اٹلی کو فوری طور پر اس جہاز پر موجود مہاجرین کو طبی امداد مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے کھانے پینے کا انتظام بھی کرنا چاہیے۔ اس جرمن امدادی بحری جہاز کو اطالوی جزیرے سسلی کے ساحل کے پاس کھڑے گیارہ دن ہو چکے ہیں۔ روم میں ملکی حکام اسے لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دے رہے۔ اس جہاز پر سینتالیس ایسے مہاجرین سوار ہیں، جنہیں لیبیا کے قریب سمندری پانیوں سے بچایا گیا تھا۔

[pullquote]میکسیکو سے امریکا میں داخلے کے خواہش مند تارکین وطن کی نئی مشکل[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو سے امریکا میں داخل ہونے والے مہاجرین کے حوالے سے ایک نیا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق جب تک ان افراد کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے نہیں ہو جاتے، تب تک انہیں امریکا میں قیام کی اجازت نہیں ہونا چاہیے۔ اس سلسلے میں پہلی مرتبہ سیاسی پناہ کے متلاشی ایک شخص کو میکسیکو واپس بھیجا گیا ہے۔ میکسیکو کی حکومت نے اس پر تنقید کی ہے تاہم کہا ہے کہ ان افراد کو انسانی بنیادوں پر محدود مدت کے لیے ویزے جاری کیے جانا چاہییں۔ امریکی حکومت ایسے اقدامات سے تارکین وطن کی غیر قانونی آمد کو روکنا چاہتی ہے۔

[pullquote]وینزویلا کے خود ساختہ صدر اب ملک سے باہر نہیں جا سکتے[/pullquote]

وینزویلا کے خود ساختہ عبوری صدر خوآن گوآئیڈو اب ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق وکیل استغاثہ طارق ولیم صعب کی جانب سے اس سلسلے میں ملکی سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ حزب اختلاف کے اس رہنما کے بینک اکاؤنٹ اور اثاثے بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔ صعب اس سے قبل گوآئیڈو کے خلاف تفتیش بھی شروع کر چکے ہیں۔ صعب اور ملکی سپریم کورٹ کو صدر نکولاس مادورو کا حامی قرار دیا جاتا ہے۔ خوآن گوآئیڈو کی جانب سے خود کو صدر قرار دینے کے بعد سے وینزویلا کا بحران شدید تر ہو چکا ہے۔

[pullquote]ایپل کی آمدنی میں کمی مگر منافع متاثر نہیں ہوا[/pullquote]

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی آمدنی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ایپل کے مطابق انتیس دسمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں اس کمپنی کی آمدن پانچ فیصد تک کی کمی کے ساتھ تقریباً چوراسی ارب ڈالر رہی۔ اس کی ایک اہم وجہ خاص طور پر چین میں آئی فون کی فروخت میں کمی کا رجحان تھا۔ تاہم ایپل کے مطابق آمدنی میں کمی کے باوجود گزشتہ برس کی آخری سہ ماہی میں اس کا منافع اس سے ٹھیک ایک سال پہلے کی طرح قریب بیس ارب ڈالر ہی رہا۔ ایپل کے نئے آئی فون اپنی قیمتوں کے لحاظ سے اب تک کے مہنگے ترین موبائل فون ماڈل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے