جمعرات:28 فروری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اماراتی ولی عہد محمد بن زاید کا پاک بھارت وزرائے اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ[/pullquote]

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے رابطہ کرکے مذاکرات پر زور دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری موجودہ کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم سے گفتگو میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے مذاکرات اور رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔شیخ محمد بن زاید النہیان نے امید ظاہر کی کہ پاک بھارت قیادت حالیہ واقعات سے نمٹنے کیلئے پرُ امن مذاکرات کو ترجیح دےگی۔

[pullquote]داعش کے آخری گڑھ کے قریب اجتماعی قبر[/pullquote]

شام میں داعش کے زیر قبضہ آخری علاقے کے قریب ایک اجتماعی قبر ملی ہے جس میں درجنوں افراد کی باقیات موجود ہیں۔ یہ بات امریکی حمایت یافتہ کُرد فوسرز ’سیریئن ڈیموکریٹک فورسز‘ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ یہ اجتماعی قبر داعش کے قبضے والے علاقے باغوز سے ملی ہے جہاں ایزدی افراد کو محصور رکھا گیا تھا۔ ایس ڈی ایف کے کمانڈر عدنان عارفین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ قبر سے ملنے والے افراد کی تعداد اور شناخت ابھی تک نامعلوم ہے تاہم یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ باقیات ایزدی افراد کی ہیں۔

[pullquote]لیبیا کے متحارب دھڑے ملک میں انتخابات منعقد کرانے پر متفق[/pullquote]

لیبیا کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت اور اس کی متوازی انتظامیہ کی حمایت کرنے والے خلیفہ ہفتر نے ملک میں انتخابات کرانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ بات اقوام متحدہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کے مشن کی طرف سے ایک ٹوئیٹر پیغام میں بتایا گیا ہے کہ اتحادی حکومت کے سربراہ فیاض السراج اور خلیفہ ہفتر نے بدھ کے روز ابو ظہبی میں ملاقات کی جہاں لیبیا میں انتخابات کرانے پر اتفاق ہوا۔ لیبیا معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے افراتفری کا شکار ہے۔

[pullquote]اسرائیل ممکنہ طور پر ’انسانیت کے خلاف جرائم‘ کا مرتکب ہوا، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک چھان بین کے مطابق اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ 2018ء کے دوران غزہ میں مظاہروں کے دوران اسرائیل نے انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا کیونکہ اسرائیلی اسنائپرز نے جانتے بوجھتے ایسے لوگوں کو نشانہ بنایا جن کی شناخت بچوں، طبی ارکان یا صحافیوں کے طور پر واضح تھی۔ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں مظاہروں کے دوران فلسطینیوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کرنے والے اقوام متحدہ کے کمیشن کے سربراہ سانتیاگو کینٹون کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی اور ان میں ایسی خلاف ورزیاں بھی شامل ہیں جو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی زمرے میں آتی ہیں۔

[pullquote]امریکا اور شمالی کوریا کی سربراہی ملاقات کے نتیجے پر مایوسی ہوئی، جنوبی کوریا[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدراتی دفتر نے امریکا اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کی ملاقات کے نتیجے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ صدارتی دفتر کے ترجمان کِم اوئی کیوم کی طرف سےجاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، یہ بات افسوسناک ہے کہ صدر ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن کے درمیان ملاقات کسی مکمل معاہدے تک نہیں پہنچی۔ اس بیان میں تاہم کہا گیا ہے کہ ان مذاکرات میں ’با معنی پیشرفت‘ ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ویتنام میں قبل از وقت ختم ہونے والے مذاکرات کے بعد واپس واشنگٹن لوٹ گئے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ اور اُن کی سربراہی ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن کے درمیان دو روزہ ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی ہے۔ قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے معاملے پر جلد بازی سے کام لینا نہیں چاہتے۔ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئے میں ہونے والی اس سربراہی ملاقات کے موقع پر ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاہدے میں جلد بازی کی بجائے یہ بات زیادہ اہم ہے کہ درست معاہدہ کیا جائے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق یہ ملاقات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئی ہے تاہم دونوں رہنماؤں کی ٹیمیں مستقبل میں اس معاملے پر بات چیت جاری رکھیں گی۔

[pullquote]کوہن کے ٹرمپ پر سنگین الزامات[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے کانگریس میں اپنی پیشی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ کوہن کے مطابق ٹرمپ ایک نسل پرست، فریبی اور دغا باز شخص ہیں۔ کوہن نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کو ہیلری کلنٹن کی ہیک شدہ ای میلز کو 2016ء کے صدارتی انتخابات سے قبل وکی لیکس پر جاری کیے جانے کے معاملے کا پہلے سے علم تھا۔ 52 سالہ کوہن ٹرمپ کے لیے ایک دہائی سے زیادہ وقت تک بطور وکیل خدمات انجام دے چکے ہیں اور وہ صدر ٹرمپ کے حوالے سے بہت سے معاملات میں اہم حیثیت رکھتے ہیں۔

[pullquote]امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہفتے کے روز دوبارہ شروع ہوں گے[/pullquote]

افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ اختتام ہفتہ تک روک دیا گیا ہے۔ خلیل زاد نے آج جمعرات کو اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ فریقین آئندہ دو روز تک داخلی طور پر صلاح و مشورے کریں گے جس کے بعد ہفتے کے روز دوبارہ ملاقات ہو گی۔ خلیل زاد نے گزشتہ تین روز کے مذاکرات کو ’ٹھوس‘ اور ’تعمیری‘ قرار دیا۔ اپنے ٹوئیٹر پیغام میں انہوں نے مزید لکھا ہے کہ حتمی طور پر امن کے حصول کے لیے دھیمے مگر مستحکم انداز میں پیشرفت جاری رہے گی۔

[pullquote]بریگزٹ کا عمل مؤخر کرنے کے حق میں ووٹ[/pullquote]

برطانوی پارلیمان کے ایوان زیریں نے بریگزٹ کے عمل میں تاخیر کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے کے اس منصوبے کے حق میں 502 جبکہ اس کے خلاف صرف 20 ووٹ پڑے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق برطانیہ کا یورپی یونین سے اخراج 29 مارچ کو ہونا ہے۔ وزیر اعظم ٹریزا مے برسلز کے ساتھ اتفاق کردہ معاہدے میں رد وبدل کی خواہاں ہیں جس کے بعد انہیں امید ہے کہ برطانوی پارلیمان اس معاہدے کو تسلیم کر لے گی تاہم اگر ایسا نہ ہو سکا تو پارلیمان میں اس بات پر مارچ کے دوسرے ہفتے میں ووٹنگ کرائی جائے گی کہ آیا برطانیہ کو بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے الگ ہو جانا چاہیے یا نہیں۔

[pullquote]مسعود اظہر پر پابندی عائد کی جائے، فرانس ، برطانیہ اور امریکا کا مطالبہ[/pullquote]

برطانیہ، فرانس اور امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شدت پسند تنظیم جیش محمد کے سربراہ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حالیہ برسوں میں اس تنظیم کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی یہ تیسری کوشش ہے۔ اس سے قبل 2016ء اور 2017ء میں چپن نے مسعود اظہر کے خلاف قرارداد کا راستہ روکا تھا۔ تاہم یہ تنظیم پہلے ہی دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں شامل ہے۔ چودہ فروری کو بھارتی کشمیر میں فوجی قافلے پر کیے گئے ایک حملے کی ذمہ داری اسی تنظیم نے قبول کی تھی۔

[pullquote]نورڈک اسکیئنگ کی عالمی مقابلے، آسٹریا کے کھلاڑی ڈوپنگ میں گرفتار[/pullquote]

آسٹریا نے ڈوپنگ کے ایک واقعے کے بعد نورڈک اسکیئنگ کے عالمی کپ سے مردوں کی اپنی ٹیم کو واپس بلا لیا ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈوپنگ کے خلاف مارے جانے والے متعدد چھاپوں میں آسٹریا کے دو کھلاڑیوں کے علاوہ ایسٹونیا کے دو اور قزاقستان کے ایک ایتھلیٹ کو حراست میں لیا گیا۔ دوسری جانب ایک جرمن ڈاکٹر اور ان کے ایک ساتھی سے بھی اسی سلسلے میں پوچھ گچھ جاری ہے۔ نورڈک اسکیئنگ کی عالمی چیمپئن شپ آسٹریا کے علاقے زے فیلڈ میں جاری ہے۔

[pullquote]نکارا گوا میں امن مذاکرات شروع[/pullquote]

نکارا گوا میں حکومت اور حزب اختلاف نے امن مذاکرات دوبارہ سے شروع کر دیے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ بات چیت کے ذریعے اس وسطی امریکی ملک میں جاری سیاسی بحران کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس مذاکراتی عمل میں کلیسا کے ایک نمائندے بھی شریک ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ صدر ڈانیئل اورٹیگا اور نائب صدر روزاریو موریلو جو صدر کی اہلیہ ہیں اس موقع پر موجود نہیں تھے۔ گزشتہ برس دو مرتبہ امن مذاکرات ناکام ہو چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے