ہفتہ : 27 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔ حکام کے مطابق ہفتے کی صبح پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں ساڑھے اٹھارہ ہزار نئے کیسز سامنے آئے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق کووڈ انیس کے مہلک مرض سے مزید تین سو پچاسی اموات کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد پندرہ ہزار چھ سو پچاسی ہوچکی ہے۔ طبی ماہرین کے اندازوں کے مطابق بھارت میں آئندہ ماہ کے آخر تک دس لاکھ افراد کورونا وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]امریکا کی بعض ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی ملتوی[/pullquote]

امریکی ریاستوں ٹیکساس اور فلوریڈا نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد معمولات زندگی بحال کرنے کے عمل کو روک دیا ہے۔ امریکا میں بہت زیادہ تعداد میں انفیکشن کے نئے کیسز ریکارڈ ہو رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں روزانہ تیس ہزار کیسز کا اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اب تک قریب ایک لاکھ پچیس ہزار جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ متاثرہ ریاستوں میں حکام پر تنقید ہو رہی ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن اٹھانے میں جلدبازی دکھائی جس کے باعث وائرس دوبارہ پھیلنا شروع ہو گیا۔

[pullquote]دنیا میں کورونا کیسز میں بدستور اضافہ[/pullquote]

عالمی سطح پر کووڈ انيس کے متاثرين کی تعداد اٹھانوے لاکھ اور ہلاک شدگان کی تعداد چار لاکھ چرانوے ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ امریکی ادارے جان ہاپکنس یونیورسٹی کے مطابق دنيا ميں لگ بھگ پچاس لاکھ افراد اس بيماری سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔ اس وائرس سے سب زیادہ متاثر ملکوں میں امریکا کے بعد برازیل، روس اور بھارت شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی قیادت میں کام کرنے والے بین الاقوامی ماہرین کے مطابق اس وبا سے نمٹنےکے لیے اگلے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 31.3 ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی، جس میں سے ابھی تک صرف ساڑھے تین ارب ڈالر کے قریب جمع کیے جا سکے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کی سرحدیں ووٹنگ کے بغیر دوبارہ بند نہیں کی جائیں گی،جرمنی[/pullquote]

جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی دوسری لہر کی روک تھام کے لیے یورپی یونین کے بعض ممالک کی سرحدیں دوبارہ بند کی جا سکتی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ یورپی یونین میں رائے دہی کے بعد ہی کیا جائے گا۔ اس سال مارچ میں جرمنی سمیت یورپی یونین کے بہت سے رکن ممالک نے کورونا کے پھیلاؤ کے بعد اپنی سرحدیں یکطرفہ طور پر بند کردی تھیں۔

[pullquote]روس کا دورہ جلد کروں گا، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد روس کا دورہ کریں گے اور اپنے ہم منصب صدر پوٹن سے ملاقات بھی کریں گے۔ روسی صدر سے بات چیت کے دوران یورپ کے سکیورٹی، علاقی تنازعات اور ماحولیاتی تبدیلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ماکروں اور پوٹن نے جمعہ کو ایک ویڈیو کال کی تھی۔ فرانسیسی صدر نے یورپ اور روس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں ماسکو کے ساتھ تناؤ کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔

[pullquote]اسکاٹ لینڈ: چاقو حملے میں چھ افراد زخمی، حملہ آور مارا گیا[/pullquote]

اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت گلاسگو میں چاقو سے کیے جانے والے ایک خونریز حملے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق اس حملے میں کسی شہری کی جان ضائع نہیں ہوئی۔ تاہم جمعے کو پیش آنے والے اس واقعے میں حملہ آور پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرین کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس اس حملے کے محرکات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

[pullquote]جو یورپ کے لیے اچھا ہے وہی ہمارے لیے اچھا ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا ہے کہ ان کا ملک یورپی یونین کو کورونا وائرس کے نقصانات سے نکالنے کے لیے مزید مالی ذمہ داریاں اٹھا سکتا ہے۔ یورپی اخبارات سے بات چیت میں چانسلر میرکل نے کہا کہ ایسا کرنا جرمنی کے مفاد میں ہے۔ انگیلا میرکل کے مطابق جرمنی ایک بہتر پوزیشن میں ہے اور یورپی یونین کے دیگر ممالک کو مالی معاونت فراہم کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ یورپ کے لیے جو اچھا ہے وہ ہمارے لیے بھی اچھا ہے۔‘‘ یورپی یونین کی ششماہی صدارت یکم جولائی سے جرمنی کے پاس ہوگی۔

[pullquote]فیس بک نفرت اور نسل پرستی کے خلاف کارروائی کرے، امریکی کمپنیاں[/pullquote]

امریکا کی بڑی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں نے فیس بک پر اشتہارات دینے کا بائیکاٹ شروع کر دیا ہے۔ اس اشتہاری بائیکاٹ کا مقصد فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ نسل پرست اور تشدد پر اُکسانے والے مواد کے خلاف مؤثر کارروائی کرے۔ امریکی موبائل آپریٹر وُرائزون اس بائیکاٹ کو تب تک جاری رکھنا چاہتی ہے جب تک کہ فیس بک کوئی قابل قبول حل پیش نہیں کرتا جبکہ کوکا کولا اور ہونڈا نے بھی جولائی میں اشتہارات نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے مد نظر برطانوی – ڈچ کمپنی یونی لیور نے بھی اعلان کیا ہے کہ سال کے آخر تک امریکی سوشل میڈیا سائٹس پر کوئی اشتہار نہیں دیے جائیں گے۔

[pullquote]آئرلینڈ میں نئے وزیر اعظم منتخب[/pullquote]

آئرلینڈ کی پارلیمنٹ میں آج فیانا فیل پارٹی کے رہنما مائیکل مارٹن کو نیا وزیر اعظم منتخب کیا جا رہا ہے۔ نئی حکومت ایک مخلوط حکومت ہوگی جس میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ دو بڑی جماعتوں کے پاس دو دو سال کے لیے رہےگا۔ مائیکل مارٹن سن 2022 تک وزیراعظم رہیں گے۔ اس سال فروری میں آئرش انتخابات میں کوئی بھی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر پائی تھی۔ بعد میں پھرکورونا کی وجہ سے حکومت سازی کا عمل تاخیر کا شکار ہوا تھا۔

[pullquote]چین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دی جائے، اقوام متحدہ کے ماہرین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے چین میں خلاف ورزیوں کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ہانگ کانگ میں بیجنگ حکومت کے نئے سکیورٹی قانون کی جانب توجہ دینا ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایغور مسلمان، تبت کے باشندوں اور شہریوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنان پر ہونے والے مبینہ ظلم پر بھی کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انسانی حقوق کے ان پچاس خصوصی نمائندوں نے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ چین کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جاسکے۔

[pullquote]چین میں طوفانی بارش: تین افراد ہلاک، بارہ لاپتہ[/pullquote]

چین کے جنوب مغربی علاقوں میں رات گئے طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور بارہ لاپتہ ہوگئے۔ حکام کے مطابق صوبہ سیشُوان میں دو گاڑیاں ایک ندی میں گر گئیں، جس سے دو افراد ہلاک اور تین لاپتہ ہیں۔ اسی صوبے کے ایک اور قصبے میں طوفان کے سبب مزید ایک شخص ہلاک اور نو لاپتہ ہوگئے ہیں۔ امدادی کارکنوں نے ساڑھے سات ہزار افراد کو اپنے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

[pullquote]لیورپول کے شائقین کا جشن، کورونا وائرس کا خطرہ نظر انداز[/pullquote]

برطانیہ کے فٹ بال کلب لیورپول کی انگلش پریمیئر لیگ میں جیت کا جشن منانے کے لیے کلب کے ہزاروں شائقین دوسری شب کو بھی سڑکوں پر جمع ہوگئے۔ لیورپول نے تیس برس بعد انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں فٹ بال فینز بھرپور جشن منانا چاہتے تھے۔ اس موقع پر کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے لوگوں کو دوبارہ گھروں میں جانے کی ہدایت کی گئی۔ پولیس نے جمعے کی شب کلب کے مداحوں کو منتشر کرنے کے احکامات جاری کر دیے جو اتوار اٹھائیس جون تک نافذ رہیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے