[pullquote]طالبان کے مزيد قيديوں کی رہائی کا امکان[/pullquote]
افغان حکومت کے ايک اہلکار نے کہا ہے کہ طالبان کے مزيد قيديوں کو رہا کيا جا رہا ہے۔ يہ اقدام امن مذاکرات ميں پيش رفت کے مقصد سے کيا جا رہا ہے۔ چھ سو قيديوں کی رہائی پر اختلافات امن مذاکرات کی بحالی کی راہ ميں رکاوٹ بنے ہوئے ہيں۔ افغان نيشنل سکيورٹی کونسل کے ترجمان جاويد فيصل نے جمعرات کو بتايا کہ طالبان کی جانب سے فہرست موصول ہو گئی ہے اور رہائی آئندہ دنوں ميں ممکن ہے۔
[pullquote]امريکی صدارتی انتخابات: جو بائڈن کا بڑا منصوبہ[/pullquote]
آئندہ امريکی صدارتی انتخابات ميں ڈيموکريٹک پارٹی کے صدارتی اميدوار جو بائيڈن ملک ميں پيداوار اور اختراع کے شعبوں کو فروغ دينے کے ليے سات سو بلين ڈالر ماليت کا منصوبہ پيش کر رہے ہيں۔ بائيڈن آج بروز جمعرات اس مجوزہ منصوبے کی تفصيلات پيش کر رہے ہيں، جو ان کے مطابق ملازمت کے پانچ ملين مواقع پيدا کرے گا۔ سابق نائب صدر کورونا کی وبا کے بعد اقتصاديات کی بحالی کے ليے ’بلڈ بيک بیٹر‘ نامی مہم کے تحت اس منصوبے کا اعلان کر رہے ہيں، جس پر ان کے مطابق ان کی ممکنہ جيت کی صورت ميں پہلی صدارتی مدت کے دوران عملدرآمد ہو گا۔ بائيڈن آج شب پينسلوينيا ميں ايک ريلی سے خطاب ميں منصوبے کی تفصيلات بيان کر نے والے ہيں۔
[pullquote]چاڈ ميں جہاديوں کا حملہ، کئی فوجی ہلاک[/pullquote]
مغربی چاڈ ميں مشتبہ جہاديوں کے ايک حملے ميں ملکی فوج کے آٹھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہيں۔ مشتبہ جہاديوں نے بارودی سرنگيں بچا رکھی تھيں، جن کی زد ميں آ کر فوجيوں کی گاڑی تباہ ہو گئی اور نتيجتاً آٹھ فوجی ہلاک ہو گئے۔ يہ واقعہ بدھ کو رات گئے چاڈ نہر کے قريب کالام کے علاقے ميں پيش آيا۔ اس حملے ميں بيس کے قريب فوجيوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہيں۔ پڑوسی ملک نائجيريا سے جہادی اکثر چاڈ ميں بھی حملے کيا کرتے ہيں۔
[pullquote]شام ميں امداد کی فراہمی: سلامتی کونسل ميں روس کی قرارداد مسترد[/pullquote]
شام کے ليے انسانی بنيادوں پر امداد کی فراہمی جاری رکھنے کے ليے اقوم متحدہ کی سلامتی کونسل ميں روس کی جانب سے پيش کردہ قرارداد کا مسودہ بدھ آٹھ جولائی کی رات کو مسترد کر ديا گيا۔ صرف چار ممالک بشمول روس، چين، ويت نام اور جنوبی افريقہ نے قرارداد کے حق ميں جبکہ سات ملکوں نے اس کی مخالفت ميں ووٹ ديا اور چار نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہيں کيا۔ قرارداد کے مسودے ميں روس نے يہ سفارش کی تھی کہ شام ميں امداد کی فراہمی ان سرحدی گزر گاہوں سے بھی کی جائے جو دمشق حکومت کے زير کنٹرول ہيں۔ سلامتی کونسل کے پاس امداد کی فراہمی جاری رکھنے کے حوالے سے کسی قرارداد کو حتمی شکل دینے کے لیے جمعے تک کا وقت ہے۔
[pullquote]ليبيا ميں بيرونی مداخلت بڑھ گئی ہے، انٹونيو گوٹيرش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے خبردار کيا ہے کہ ليبيا کے مسلح تنازعے ميں بيرونی قوتوں کی مداخلت بے انتہا بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے ليبيا کے منقسم دھڑوں کی حمايت کرنے والی بيرونی قوتوں سے مطالبہ کيا ہے کہ وہ سياسی تعطلی کی فضا کے خاتمے اور جنگ بندی پر عمل درآمد ميں مدد کريں۔ گوٹيرش نے بتايا کہ يکم اپریل تا تيس جون ليبيا ميں ايک سو سے زائد سويلين ہلاک جبکہ ڈھائی سو سے زائد زخمی ہوئے، یہ ہلاکتیں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے ميں 172 فيصد زيادہ ہيں۔
[pullquote]آسٹريليا: ہانگ کانگ کے شہريوں کے ليے ويزوں کی مدت ميں اضافے کا اعلان[/pullquote]
آسٹريليا نے ہانگ کانگ کے ساتھ حوالگی سے متعلق معاہدہ ختم کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے رہائشيوں کے ويزوں کی مدت بڑھا دی ہے۔ چين کی جانب سے نئے متنازعہ سکيورٹی قانون کے اطلاق کے بعد يہ پيش رفت سامنے آئی ہے۔ وزير اعظم اسکاٹ موريسن نے ان اقدامات کا اعلان جمعرات کی صبح کيا۔ ان کے مطابق آسٹريليا ميں رہائش پذيز ہانک کانگ کے شہريوں کے ويزوں کی مدت دو سے پانچ برس تک بھڑھائی جا سکتی ہے۔ برطانيہ بھی شرائط پر پورا اترنے والے تين ملين کے قريب ہانک کانگ کے شہريوں کے ليے مستقل رہائش پر غور کر رہا ہے۔
[pullquote]پينٹاگون کے سينئر ارکان کی ارکان کانگريس سے ملاقات[/pullquote]
امريکی محکمہ دفاع پينٹاگون کے سينیئر ارکان کئی ماہ بعد آج بروز جمعرات ملکی کانگريس کے سامنے پيش ہو رہے ہيں۔ افريقی نژاد امريکی شہری جارج فلوئڈ کی ہلاکت کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس کے کردار سميت کئی ديگر اہم معاملات و تنازعات پر بات چيت متوقع ہے۔ وزير دفاع مارک ايسپر اور جوائٹ چيفس آف اسٹاف کے چيئرمين مارک ملی ارکان کانگريس کو بريفنگ ديں گے۔ امريکا ميں سول اور فوجی قيادت کے تعلقات حاليہ دنوں کے دوران ذرا کشيدہ رہے ہيں، جس پر بھی بات چيت متوقع ہے۔
[pullquote]امريکی صدر کی ريلی، کورونا ميں اضافے کا سبب[/pullquote]
امريکی محکمہ صحت کے ایک سینیئر افسر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کيسز ميں اضافے کی ممکنہ وجہ شہر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا گزشتہ ماہ کا انتخابی جلسہ ہے، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی تھی۔ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں ایک بڑی انتخابی ریلی کی تھی جس میں ماسک پہننا ضروری نہ تھا۔ ٹلسا کے محکمہ صحت کے سینیئر افسر بروس ڈارٹ نے بتايا کہ گزشتہ چند روز میں تقریباً پانچ سو کیسز سامنے آئے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبيس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے انسٹھ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد تيس لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔
[pullquote]بھارت ميں چوبيس گھنٹوں ميں کورونا کے پچيس ہزار نئے کيسز[/pullquote]
بھارت ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پچيس ہزار سے زائد نئے کيسز سامنے آئے ہيں۔ مارچ کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ انفيکشن ريٹ بھی دوبارہ بڑھ رہا ہے۔ بھارت اب عالمی سطح پر تيسرا سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں متاثرين کی تعداد ساڑھے سات لاکھ سے زائد جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد اکيس ہزار سے متجاوز ہے۔ بھارت ميں اس وقت يوميہ بنيادوں پر دو لاکھ افراد کے ٹيسٹ کرائے جا رہے ہيں۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 12.8 ملين ہے جبکہ تقريباً ساڑھے پانچ لاکھ افراد اس وبائی مرض سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔
[pullquote]بڑی ٹيکنالوجی کمپنيوں کے پليٹ فارمز پر ’فيک نيوز‘[/pullquote]
ايک تازہ مطالعے ميں يہ سامنے آيا ہے کہ گوگل اور ايمازون جيسی بڑی ٹيکنالوجی کمپنيوں کے پليٹ فارمز پر ايسی کمپنياں بھی اشتہاری مہمات چلا رہی ہيں، جو جعلی خبريں پھيلانے ميں ملوث رہی ہيں۔ خدشہ ظاہر کيا گيا ہے کہ اشتہاری مہمات سے وصول آمدنی ميں سے پچيس ملين ڈالر تک کی رقوم ايسی ويب سائٹس تک پہنچ رہی ہيں، جو فيک نيوز پھيلانے ميں ملوث ہيں۔ بتايا گيا ہے کہ گوگل، ايمازون اور اوپن ايکس ہی پچيانوے فيصد رقوم کی منتقلی کا ذريعہ بنتی ہيں۔ يہ اسٹڈی ’گلوبل ڈس انفارميشن انڈيکس‘ نے کرائی اور حکام پر زور ديا کہ ٹيکنالوجی کمپنيوں سے جواب طلب کيا جائے۔