وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ میں اپنی دہری شہریت تسلیم کرتا ہوں۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کے مشیروں اور معاونین خصوصی کی شہریت اور اثاثوں کی تفصیلات سامنے آئیں تھیں۔
وزیراعظم کے 4 معاونین دہری شہریت اور 2 کی مستقل رہائش ملک سے باہر کی نکلی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری بھی برطانیہ کے شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی کابینہ اجلاس میں بیٹھانا چاہے تو ان کا حق ہے، وزیراعظم کی دعوت پر کوئی بھی کابینہ میں بیٹھ سکتا ہے‘۔
ان کا کہنا ہے کہ ’مجھے معید یوسف، ندیم افضل چن اور شہباز گل کو ہر ہفتے کابینہ اجلاس میں دعوت دے کر بلایا جاتا ہے‘۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینا بھی زیر غور ہے، اُنہیں ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، وزیراعظم اوور سیز پاکستانیوں کی آواز ہیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے دہری شہریت کے ارکان کو ملک کے لیے سیکیورٹی رسک قرار دیا ہے۔