وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مشترکہ کوششوں کی بدولت افغان امن عمل میں بے مثال کامیابی ملی ہے، بلاتاخیر بین الافغان مذاکرات شروع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اپنے ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے فریقین پر زور دیا کہ وہ بین الافغان مذاکرات کے آغاز میں حائل مسائل حل کریں اور بلاتاخیر مذاکرات شروع کرانے کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کو اس نہج تک لانے میں ہماری اجتماعی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں، ہمیں اس تاریخی موقعے کی اہمیت کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ امریکا افغان معاہدے میں شامل قیدیوں کی رہائی کی شرط کے تحت باقی رہ جانے والے 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
دو روز قبل حکام افغان حکام نے 80 طالبان قیدی رہا کیے تھے جس کے بعد بین الافغان امن مذاکرات شروع ہونے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔