[pullquote]حکومت نے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا، 12روپے سے زائد کا بڑا اضافہ[/pullquote]
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذالعمل ہوں گی۔
جاری اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جب کہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اور مٹی کا تیل 10 روپے 95 پیسے منہگا کیا گیا ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 84 پیسے منہگا کیا گیا ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 137روپے 79 پیسے کا ہو گیا ہے جب کہ ایک لیٹر مٹی کا تیل 110روپے26 پیسے کا ہو گیا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 134 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے جبکہ ایک لیٹر لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35پیسے کا ہو گیا ہے۔
[pullquote]عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی[/pullquote]
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 3 سال کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
برطانوی خبرایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 85 ڈالرفی بیرل ہوگئی ہے، یہ اکتوبر 2018 کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی ایک فیصد اضافے کے بعد 82 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کی پابندیوں میں نرمی کے باعث خام تیل کی طلب میں اضافے کی وجہ سے تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات ہیں جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بھی گیس اور کوئلے کے بجائے تیل اور ڈیزل استعمال کرنے کے باعث خام تیل کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے۔
[pullquote]عالمی صرافہ مارکیٹ میں رواں ہفتے سونے کی قیمت میں اضافہ[/pullquote]
عالمی صرافہ مارکیٹ میں رواں ہفتے سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر اضافہ دیکھا گیا۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں ایک ہفتے میں سونے کی قدر 10.80 ڈالر فی اونس بڑھی جس سے سونے کی فی اونس قیمت 1768.20 ڈالر ہوگئی۔
کاروباری ہفتے میں سونے کی بلند ترین قدر1801.75 ڈالر فی اونس اور کم ترین قدر 1750.05 ڈالر فی اونس رہی۔