[pullquote]بھارت میں عیسائی بھی نشانے پر، مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کو بیرونی فنڈز لینے سے روک دیا گیا[/pullquote]
بھارت میں مسلمانوں کے بعد اب عیسائیوں پر انتہا پسندوں کے حملے جاری ہیں اور ایسے میں بھارتی حکومت نے بھی نوبیل انعام یافتہ مدر ٹریسا کے فلاحی ادارے کی بیرونی فنڈنگ روکنے کی کوششیں شروع کردیں۔مدر ٹریسا نے مشنریز آف چیریٹی ادارہ 1950 میں قائم کیا تھا اور اس کے تحت 240 سے زائد فلاحی ادارے چلائے جارہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدرٹریسا مشنریز آف چیریٹی کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ نے بیرون ملک سے نقد وصولی کی درخواست کی تجدید سے انکارکردیا ہے۔رپورٹس کے مطابق مشنریز آف چیریٹی بیرون ملک سے فنڈز اکٹھے کرتا ہے جبکہ چیریٹی نے اپنے تمام اداروں کو مسئلہ کے حل تک تنظیم کے غیرملکی فنڈز کے اکاؤنٹ کو آپریٹ نہ کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔اس حوالے سے بھارتی حکومت نے 27 دسمبر کو ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ مشنریز آف چیریٹی کی درخواست کو رد کردیا گیا ہے اور اس کی وجہ درخواست فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ سے مطابقت نہیں رکھتی اور منفی چیزیں بھی سامنے آئی ہیں۔
[pullquote]متعدد جرمن صوبوں میں سخت کورونا ضوابط لاگو[/pullquote]
متعدد جرمن صوبوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سخت ضوابط متعارف کروا دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جرمن ریاستوں باویریا، برلن، ہیسے، نارتھ رائن ویسٹ فیلیا، زارلینڈ، سیکسنی، شلیسوگ ہولشٹائن، اور تھیورنگیا میں نافذ کردہ ان نئے ضوابط میں سماجی رابطوں اور اجتماعات پر متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکام نے سخت پابندیوں پر اتفاق کیا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ نئے سال کے آغاز پر اجتماعات کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ جرمنی میں اب بھی کورونا وائرس کے زیادہ تر کیسز ڈیلٹا ویرئینٹ سے جڑے ہیں، تاہم حالیہ کچھ روز میں اومیکرون سے متاثرہ افراد کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
[pullquote]روس نے امریکا کے ساتھ سکیورٹی مذاکرات کے منصوبے تصدیق کر دی[/pullquote]
روسی وزارت خارجہ نے منگل کو تصدیق کی ہے کہ ماسکو حکومت دس جنوری کو امریکا کے ساتھ سکیورٹی مذاکرات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ نائب روسی وزیرخارجہ سیرگئی ریابکوف نے کہا کہ روس کی جانب سے سکیورٹی مطالبات پر اب تک امریکا کا ردعمل ’مبہم‘ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ گفتگو کے علاوہ 12 جنوری سے نیٹو کے ساتھ مذاکرات میں بھی فوجی حکام کی شرکت ضروری ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ روس نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرائن کو رکنیت دینے سے باز رہے۔
[pullquote]میانمار میں فوج کے ہاتھوں شہریوں کی ’لرزہ خیز‘ ہلاکتوں پر اقوام متحدہ کی جانب سے مذمت[/pullquote]
اقوام متحدہ نے میانمار میں فوج کے ہاتھوں شہریوں کی ’لرزہ خیز‘ ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل برائے ہیومینیٹیرین امور اور ہنگامی امداد مارٹن گریفتھس نے میانمار میں فوج کے ہاتھوں کم از کم 35 شہریوں کے قتل کی اطلاعات کو ’لرزہ خیز‘ قرار دیتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ میانمار کی فوجی عدالت نے مو سو گاؤں میں جمعے کے روز ہونے والی ان ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ میانمار کے سرکاری میڈیا پر اتوار کو مرنے والوں کی تعداد بتائے بغیر کہا گیا تھا کہ اس گاؤں میں ’دہشت گردوں‘ کے خلاف فوج نے کارروائی کی۔ مارٹن گریفتھس کے مطابق ان کے پاس بااعتبار اطلاعات ہیں کہ ایک بچے سمیت متعدد عام شہریوں کو قتل کر کے جلا دیا گیا۔
[pullquote]ایرانی جوہری مذاکرات دوبارہ شروع[/pullquote]
پیر کے روز سے ویانا میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات دوبارہ شروع ہو گئے ہیں۔ایرانی وزیرخارجہ حسین عامر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ان مذاکرات میں بنیادی کوشش ایران کی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی اور ایران کی غیر ملکی بینکوں تک رسائی ہو گی۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بیننٹ نے اسرائیلی فوجی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اچھے معاہدے کے لیے اہداف واضح ہیں تاہم اس کے لیے ایران کے خلاف ٹھوس اور سخت پوزیشن لی جانی چاہیے۔ ان مذاکرات کا مقصد سن 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے میں ایران اور امریکا کو واپس لانا ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا سمندر میں پھنسے روہنگیا مہاجرین کو اپنے ہاں آنے دے، انسانی حقوق کی تنظیمیں[/pullquote]
انسانی حقوق کی تنظیموں نے انڈونیشیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشتہ تین روز سے سمندر میں پھنسے روہنگیا مہاجرین کو اپنے ساحلوں پر آنے دے۔ روہنگیا مہاجرین کی کشتی کی جانب سے مدد کا سگنل پچھلے تین روز سے دیا جا رہا ہے، تاہم انڈونیشی حکام نے ان تارکین وطن کو اپنے ہاں آنے کی اجازت نہیں دی۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ آچے صوبے کے قریب یہ کشتی ممکنہ طور پر انجن کی خرابی کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے جب کہ شدید موسمی صورتحال اس پر موجود تارکین وطن کی زندگیاں خطرات سے دوچار کر رہی ہے۔
[pullquote]الاذقیہ پر اسرائیل نے فضائی حملے کیے ہیں، شامی میڈیا[/pullquote]
شامی میڈیا کے مطابق منگل کو اسرائیلی طیاروں نے شامی بندرگاہ الاذقیہ پر حملہ کیا۔ شامی بیان کے مطابق اس حملے کی وجہ سے ایک گودام کو نقصان پہنچا اور آگ لگ گئی۔ اسرائیلی فوج نے تاہم اس شامی رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ شامی ذرائع کے مطابق سات دسمبر کو بھی اسرائیل نے الاذقیہ پر فضائی حملہ کیا تھا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ دمشق حکومت کا کہنا ہے کہ شام میں سن 2011 سے جاری خانہ جنگی کے دوران اسرائیل درجنوں مرتبہ شام میں فضائی حملے کر چکا ہے، تاہم الاذقیہ کی بندرگاہ پر حملے اس سے قبل نہیں کیے گئے۔
[pullquote]یمنی باغیوں نے صنعا کے لیے اقوام متحدہ کی پروازوں کی اجازت دے دی[/pullquote]
ایران نواز حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کو یمنی دارالحکومت صنعا کے لیے پروازوں کی عارضی اجازت بحال کر دی ہے۔ ایک ہفتہ قبل سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کے بعد حوثی باغیوں نے عالمی ادارے کی پروازوں کو روک دیا تھا۔ اس سے قبل حوثی باغیوں کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رواں ماہ کے آغاز پر سعودی اتحادی طیاروں کے حملوں میں ہوائی اڈے کو نقصان پہنچا تھا ۔ سعودی اتحاد نے تاہم کہا تھا کہ اس کے طیاروں نے صنعا کے ہوائی اڈے میں فقط اس مقام کو نشانہ بنایا، جسے ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
[pullquote]جنوبی افریقی عدالت نے بحیرہ ہند میں زلزلیاتی سروے منصوبہ معطل کر دیا[/pullquote]
جنوبی افریقہ کی ایک عدالت نے آئل کمپنی شیل کے زلزلیاتی موجوں کے ذریعے بحیرہ ہند میں تیل کی تلاش کے منصوبے کو روک دیا ہے۔مشرقی کیپ ٹاؤن کی ہائی کورٹ نے کہا کہ اس منصوبے سے بہت سی سمندری مخلوقات پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت سمندر کی تہہ میں زلزلیاتی موجوں کے ذریعے ارتعاش پیدا کرنا تھی، جس سے فوسل فیول کی موجودگی کا علم ہو سکے۔ اس عدالتی فیصلے کو ماحول پسندوں کی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔
[pullquote]حزب اللہ نے حوثی باغیوں کی معاونت کا سعودی الزام مسترد کر دیا[/pullquote]
لبنانی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے حوثی باغیوں کی مدد کے سعودی الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ سعودی بیان ’مضحکہ خیز‘ ہے اور اس قابل بھی نہیں کہ اس پر کوئی تبصرہ کیا جائے۔ سعودی عرب نے الزام عائد کیا تھا کہ اس کے خلاف حملوں میں حوثی باغیوں کو حزب اللہ کی اعانت حاصل ہے۔ سعودی قیادت میں عسکری اتحاد کی جانب سے اتوار کو کہا گیا تھا کہ صنعا کے ہوائی اڈے کو سعودی عرب کے خلاف میزائلوں اور ڈرون حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں حوثی باغیوں کو حزب اللہ کی مدد حاصل ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]