بھارت میں مندر کی چھت گرنے سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پربھنی میں قائم مشہور یشوادی مندر کے درگاہ کی چھت گرنے کے باعث پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یشوادی مندر کی درگاہ کی سامنے کی چھت مرمتی کام کے دوران گری جس سے 27 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ایم ایل اے راجیش وٹیکر کی جانب سے بتایا گیا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور ریسکیو کے عمل میں حصہ لیا۔
راجیش وٹیکر کا کہنا تھا زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مندر کی چھت کا کام کرنے والے کاریگر دوسری ریاستوں سے تھے اور کام کے لیے استعمال ہونے والا پتھر راجستھان سے منگوایا گیا تھا،کام مکمل ہونے کے قریب تھا، تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ کھڑا ہونے والے ستون کو محفوظ بنانے میں تاخیر یا کوتاہی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مندر ضلع پربھنی کا سب سے مشہور زیارت گاہ ہے جہاں ہر ہفتہ کو 25ہزار سے 50ہزار عقیدت مند آتے ہیں۔