پاکستان اور سعودی حکومت کا چار اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:(محمد نعمان خان) پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی مصنوعات کی باہمی تجارت، برآمدات، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے خوراک کے چار اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ کی زیر صدارت پاک سعودی عرب زرعی و غذائی تجارت کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سیکریٹری تجارت، سیکریٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ، چیئرمین سی ڈی اے، دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی مصنوعات کی تجارت بڑھانے، پاکستانی برآمدات میں اضافے، دوطرفہ مارکیٹ روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے کا جائزہ لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ دونوں ممالک نے غذائی شعبے میں تعاون کے لیے گوشت، چاول، پراسیسڈ فوڈ اور جانوروں کی خوراک سمیت چار اہم شعبوں کی نشاندہی کی ہے، جن میں برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کا آئندہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان زرعی و غذائی تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

سعودی وفد اپنے دورہ پاکستان کے دوران نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) کا بھی دورہ کرے گا، جہاں وفد کو پاکستان میں زرعی تحقیق، جدت اور ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

سعودی وفد پاکستانی زرعی کاروباری گروپس کے نمائندگان سے ملاقاتیں بھی کرے گا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ حکام کے مطابق اس تعاون کا مقصد پاکستان کی زرعی استعداد سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی مارکیٹ میں پاکستانی غذائی مصنوعات کی رسائی اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے