اسلام آباد پولیس لائنز میں بھرتی کے جسمانی ٹیسٹ کے دوران دوڑتے ہوئے ایک امیدوار کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے امیدوار کی شناخت اسحاق کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع لکی مروت کا رہائشی تھا۔ طبیعت بگڑنے پر اسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
امیدوار کی میت کو ضروری قانونی کارروائی اور طبی معائنے کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی مزید تفصیلات اور موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور متعلقہ حکام کی تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔