اسلام آباد آمد پر سعودی ناظم الامور نائف بن حمود بن ملافخ اور سعودی سفارت خانے کے دیگر حکام نے نئے نامزد سفیر کا استقبال کیا۔
ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی پیر سے پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے دفتر کا چارج سنبھالیں گے۔
میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سعودی مسلح افواج میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں دفاعی اور سیکیورٹی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے سعودی سفارت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر راجح البقمی کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، دفاعی، اقتصادی اور تزویراتی تعاون کے مختلف شعبوں میں قریبی روابط موجود ہیں۔
نئے سعودی سفیر کی آمد سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مزید فروغ کے لیے سفارتی سطح پر رابطوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔