قوموں کی تقدیر کا فیصلہ صرف ایوانوں میں بیٹھے حکمران نہیں کرتے، بلکہ کبھی کبھی تاریخ کا دھارا ان نوجوانوں کے ہاتھوں بھی بدلتا ہے جن کے سینوں میں خواب، آنکھوں میں امید اور لبوں پر سوال ہوتے ہیں۔ یہی نوجوان جب اپنے حقوق کی پہچان حاصل کر لیتے ہیں تو محض طالب علم نہیں رہتے، بلکہ معاشرے کے فکری معمار، جمہوریت کے پاسبان اور مستقبل کے رہنما بن جاتے ہیں۔
تعلیمی ادارے کسی بھی قوم کی فکری آبیاری کے مراکز ہوتے ہیں، جہاں صرف کتابوں کے اسباق نہیں پڑھائے جاتے بلکہ شعور کی شمعیں روشن ہوتی ہیں، کردار تراشے جاتے ہیں اور انسان کو اپنے حقوق و فرائض کا ادراک حاصل ہوتا ہے۔ مگر افسوس! جب یہی درس گاہیں سوال کرنے والے ذہنوں کو خاموش کرانے لگیں، اختلافِ رائے کو گستاخی سمجھنے لگیں اور طالب علم کو محض فیس ادا کرنے والی ایک بے آواز مخلوق تصور کرنے لگیں تو پھر تعلیم کا مقصد ہی اپنی معنویت کھونے لگتا ہے۔
ایسے میں ضرورت پڑتی ہے تجدید کی، اس مقصد کی تجدید کی جس کے لیے تعلیمی ادارے بنائے جاتے ہیں؛ اس مقصد کی تجدید کی جو ’’اُطْلُبُوا الْعِلْمَ مِنَ الْمَهْدِ إِلَى اللَّحْدِ‘‘ کے فرمان کو حقیقی جامہ پہنانے کا ذریعہ بنے۔ اور چونکہ ہمیشہ جب باطل قوتوں کو للکارا جاتا ہے یا ان کی مزاحمت میں کمر بستہ ہوا جاتا ہے تو اتحاد ضروری ہوتا ہے، ان افراد کا اتحاد جو ایک فکر اور ایک نظریہ رکھتے ہوں، تاکہ ایک مقصد کی تکمیل کے لیے جب مختلف زبانیں ایک بات بولیں تو اس میں وہ جوش و ولولہ پیدا ہو جو ظالم ایوانوں میں قہرام مچا دے۔
اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ماضی میں جب اس انقلاب کی زمام طلبہ نے اپنے ہاتھ میں لی تو ایک اتحاد قائم ہوا، جسے طلبہ یونین کے نام سے موسوم کیا جانے لگا۔ اس کا مقصد طلبہ کے حقوق، بالخصوص معیاری تعلیم کی فراہمی اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا سدِباب تھا۔ تاریخ کے صفحات اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ اس یونین نے اپنے حقوق اقتدار کے حلق سے نہ صرف کھینچ نکالے بلکہ یہ ضرب المثل بھی قائم کی کہ:
موج ہے دریا میں، بیرونِ دریا کچھ نہیں
ایسے ماحول میں طلبہ یونین محض ایک تنظیم نہیں بلکہ طلبہ کی اجتماعی آواز، ان کے وقار کی علامت اور ان کے جمہوری وجود کی ضمانت بن کر سامنے آتی ہے۔
طلبہ یونین درحقیقت تعلیمی اداروں میں طلبہ کی منتخب نمائندگی کا وہ جمہوری پلیٹ فارم ہے جہاں ایک طالب علم اپنے انفرادی مسائل کو اجتماعی آواز میں تبدیل کر سکتا ہے۔ یہ وہ فورم ہے جہاں فیسوں میں بے جا اضافے، ہاسٹلوں کی خستہ حالی، ٹرانسپورٹ کی ناکافی سہولیات، لائبریریوں کی زبوں حالی، وظائف کی عدم فراہمی، امتحانی بے ضابطگیوں، انتظامی ناانصافیوں اور اساتذہ یا انتظامیہ کے نامناسب رویوں کے خلاف منظم انداز میں آواز بلند کی جا سکتی ہے۔
ایک ایسا طالب علم جس کی فیس جمع نہ ہونے پر اسے امتحان سے محروم کر دیا جائے، جسے اپنے جائز مطالبے کے لیے انتظامیہ کے دفتروں کے چکر کاٹنے پڑیں، جس کی شکایت کو سننے والا کوئی نہ ہو، جسے محض سوال کرنے پر ڈانٹ، دھمکی یا تضحیک کا سامنا کرنا پڑے، اس کے لیے طلبہ یونین ایک امید، ایک سہارا اور ایک اجتماعی قوت کی حیثیت رکھتی ہے۔ کیونکہ جب فرد کی آواز کمزور پڑ جائے تو اجتماع کی آواز اسے حوصلہ دیتی ہے اور اس میں یہ جرأت و ہمت پیدا کرتی ہے کہ:
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے
بول، زباں اب تک تیری ہے
ہمارے تعلیمی اداروں کا ایک تلخ المیہ یہ بھی ہے کہ بعض مقامات پر طالب علم کو ایک بااختیار شہری کے بجائے ایک تابع فرمان ماتحت سمجھا جاتا ہے۔ انتظامی دفاتر میں اس کے ساتھ تحقیر آمیز رویہ، معمولی مسائل پر غیر ضروری تنگی، جائز درخواستوں کو نظرانداز کرنا، فیسوں اور جرمانوں کے نام پر مالی بوجھ ڈالنا اور شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام کا فقدان ایسے رویے ہیں جو طالب علم کے اندر احساسِ محرومی کو جنم دیتے ہیں۔
کبھی کسی غریب طالب علم کے لیے چند ہزار روپے کی فیس اس کے تعلیمی مستقبل پر سوالیہ نشان بن جاتی ہے، کبھی ہاسٹل میں بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اس کی زندگی اجیرن کر دیتی ہے اور کبھی انتظامیہ کے غیر لچک دار رویے اسے اپنی ہی درس گاہ میں اجنبی ہونے کا احساس دلاتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جس ادارے کی بنیاد علم، اخلاق، برداشت اور انسان دوستی پر ہونی چاہیے، وہاں طالب علم کو اپنے جائز حق کے لیے اتنی طویل جدوجہد کیوں کرنا پڑتی ہے؟ کیا طالب علم صرف اس لیے خاموش رہے کہ اس کے پاس اختیار نہیں؟ کیا اس کی آواز اس لیے بے وقعت ہے کہ وہ ابھی کسی منصب پر فائز نہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ طالب علم کی عزتِ نفس، اس کی تعلیم اور اس کے بنیادی حقوق کسی بھی مہذب تعلیمی نظام کے لیے ناقابلِ مصالحت معاملات ہونے چاہئیں۔
پاکستان کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ طلبہ نے ہمیشہ محض اپنی جماعتوں اور امتحانات تک خود کو محدود نہیں رکھا، بلکہ قومی زندگی کے اہم موڑوں پر بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تحریکِ پاکستان ہو یا کسی آمر کا دور، انہی طلبہ نے ہمیشہ باطل کے خلاف اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔ نیز طلبہ نے مزدوروں اور سیاسی کارکنوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی، جبکہ بعد کے ادوار میں بھی مختلف طلبہ تنظیموں نے سیاسی، سماجی اور تعلیمی مسائل پر اپنا مؤقف پیش کیا۔
یہ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ نوجوان محض مستقبل کی امید نہیں ہوتے بلکہ حال کی ایک زندہ حقیقت بھی ہوتے ہیں۔ ان کے سوالات کو دبانے سے سوال ختم نہیں ہوتے، بلکہ معاشرے میں بے چینی، مایوسی اور احساسِ محرومی مزید گہرا ہوتا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستان میں طلبہ یونینز کی تاریخ جمہوری تسلسل کے بجائے پابندیوں، سیاسی مداخلتوں اور انتظامی رکاوٹوں کی نذر ہوتی رہی ہے۔ ایوب خان کے دور میں طلبہ کی سیاسی سرگرمیوں کو محدود کیا گیا، جبکہ جنرل ضیاء الحق کے دور میں 1984ء میں طلبہ یونینز پر پابندی نے تعلیمی اداروں سے ایک اہم جمہوری روایت کو تقریباً ختم کر دیا۔ یہ محض انتخابات پر پابندی نہیں تھی بلکہ طلبہ کی اجتماعی نمائندگی، قیادت سازی اور جمہوری تربیت کے ایک مؤثر راستے کی بندش بھی تھی۔
بعد ازاں بحالی کی کوششیں ہوئیں، عدالتی فیصلے بھی سامنے آئے، مگر آج تک پاکستان کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی منتخب نمائندگی کا ایک مستقل، شفاف اور مؤثر نظام اپنی پوری قوت کے ساتھ قائم نہیں ہو سکا۔ نتیجتاً ایک ایسی نسل پروان چڑھ رہی ہے جسے جمہوریت کے اسباق تو کتابوں میں پڑھائے جاتے ہیں، مگر اپنی ہی درس گاہ میں جمہوری نمائندگی کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع میسر نہیں آتا۔
طلبہ یونینز کی مخالفت میں اکثر ان کے ماضی کے بعض منفی واقعات، گروہی تصادم، سیاسی جماعتوں کی مداخلت اور تشدد کو دلیل بنایا جاتا ہے۔ یقیناً تعلیمی اداروں میں اسلحے، دھونس، جبر اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ طلبہ سیاست کو کسی سیاسی جماعت کی ذاتی جاگیر، کسی گروہ کی اجارہ داری یا کسی بااثر شخصیت کے مفادات کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے۔
لیکن چند منفی واقعات کی بنیاد پر ایک پورے جمہوری نظام کو ہمیشہ کے لیے مسترد کر دینا بھی دانش مندی نہیں۔ اگر انتخابات میں بدعنوانی ہو تو انتخابات ختم نہیں کیے جاتے بلکہ انتخابی نظام بہتر بنایا جاتا ہے؛ اگر پارلیمان میں بدعنوانی ہو تو پارلیمان کا وجود ختم نہیں کیا جاتا بلکہ احتساب کا نظام مضبوط کیا جاتا ہے؛ تو پھر اگر بعض طلبہ تنظیموں نے ماضی میں اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تو اس کا حل طلبہ کی نمائندگی ختم کرنا کیوں قرار دیا جائے؟ ضرورت پابندی کی نہیں، اصلاح کی ہے؛ خاموشی کی نہیں، تربیت کی ہے؛ جبر کی نہیں، قانون کی بالادستی کی ہے۔
طلبہ یونین کی بحالی دراصل محض ایک انتخابی سرگرمی کی بحالی نہیں بلکہ تعلیمی اداروں میں جمہوری اقدار کی واپسی کا نام ہے۔ یہ نوجوانوں کو سکھاتی ہے کہ اختلاف دشمنی نہیں، سوال بغاوت نہیں، تنقید گستاخی نہیں اور اجتماعی مفاد ذاتی مفاد سے کہیں بلند ہوتا ہے۔
یہی پلیٹ فارم ایک عام طالب علم کو مذاکرات کا سلیقہ، قیادت کا شعور، ذمہ داری کا احساس، آئینی حقوق کی پہچان اور اجتماعی مسائل کے حل کی تربیت فراہم کرتا ہے۔ آج جو طالب علم اپنے ہاسٹل کے مسئلے پر دلیل سے بات کرنا سیکھے گا، کل وہ پارلیمان میں قومی مسائل پر دلیل سے بات کر سکے گا؛ آج جو طالب علم اپنے ساتھیوں کے حقوق کے لیے کھڑا ہوگا، کل وہ معاشرے کے مظلوم طبقات کی آواز بننے کی صلاحیت رکھے گا۔ اس اعتبار سے طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں، جہاں مستقبل کی سیاسی، سماجی اور فکری قیادت پروان چڑھتی ہے۔
ہمیں ایسی طلبہ یونینز درکار ہیں جو کسی سیاسی جماعت کی کٹھ پتلی نہ ہوں، بلکہ طلبہ کے حقیقی مسائل کی ترجمان ہوں؛ جہاں عہدے طاقت کا مظہر نہیں بلکہ خدمت کی ذمہ داری ہوں؛ جہاں اختلافِ رائے کو برداشت کیا جائے، جہاں مخالف نظریے کے حامل طالب علم کو دشمن نہیں بلکہ ایک جمہوری حریف سمجھا جائے، جہاں تشدد کے بجائے مکالمہ، دھونس کے بجائے دلیل اور ذاتی مفاد کے بجائے اجتماعی فلاح کو ترجیح دی جائے۔
ان یونینز کے انتخابات باقاعدگی سے، شفاف طریقے سے اور طلبہ کی آزادانہ رائے کے مطابق منعقد ہونے چاہئیں۔ ان کے لیے واضح ضابطۂ اخلاق، مالی شفافیت، تشدد کے خلاف سخت کارروائی اور انتظامیہ کی غیر جانب داری یقینی بنائی جائے۔ ہر تعلیمی ادارے میں ایک ایسا بااختیار شکایتی نظام بھی ہونا چاہیے جہاں طلبہ کی آواز سنی جائے اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے۔
ہمارا سوال یہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو کس قسم کا مستقبل دینا چاہتے ہیں؟ ایک ایسا مستقبل جہاں وہ صرف حکم ماننا سیکھیں، سوال کرنا نہیں؛ جہاں وہ صرف نصاب پڑھیں، اپنے حقوق نہ پہچانیں؛ جہاں وہ ڈگری تو حاصل کر لیں، مگر اجتماعی زندگی میں اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرنے کا شعور نہ پا سکیں؟ یا پھر ایک ایسا مستقبل جہاں طالب علم باوقار ہو، اس کی آواز معتبر ہو، اس کے مسائل قابلِ سماعت ہوں اور اس کی رائے کو جمہوری اہمیت حاصل ہو؟
یاد رکھیے! جس درس گاہ میں طالب علم کی آواز دبائی جاتی ہے، وہاں علم تو منتقل ہو سکتا ہے، مگر شعور کی آبیاری نہیں ہو سکتی۔ جس معاشرے میں نوجوانوں کو نمائندگی سے محروم رکھا جاتا ہے، وہاں جمہوریت محض ایک لفظ بن کر رہ جاتی ہے۔ طلبہ یونین کی بحالی کسی رعایت، احسان یا حکومتی عنایت کا مطالبہ نہیں، بلکہ طلبہ کے جمہوری حق، ان کی اجتماعی شناخت اور ان کے تعلیمی وقار کی بازیافت کا مطالبہ ہے۔
ہمیں ایسی درس گاہیں چاہئیں جہاں کتاب کے ساتھ کردار، تعلیم کے ساتھ تربیت اور ڈگری کے ساتھ شعور بھی پروان چڑھے۔ کیونکہ قوموں کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہوتا ہے جنہیں بولنے، سوچنے، سوال کرنے اور اپنے حق کے لیے پُرامن انداز میں کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا جاتا ہے۔
طلبہ کو خاموش نہیں، باشعور بنائیے؛ ان کی آواز دبائیے نہیں، اسے جمہوری راستہ دیجیے؛ کیونکہ زندہ قوموں کی درس گاہوں میں صرف ذہن نہیں بنتے، تاریخ بھی جنم لیتی ہے۔ اور اگر یہ فصل صحیح طور پر تیار نہ ہو تو ایوانوں میں بیٹھنے والے کسی طور مہذب اور اہل نہیں ہو سکتے، کیونکہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ:
امامت کا دامن ہمیشہ علم سے وابستہ رہے گا۔۔۔