ابھی کل ہی کی بات ہے جب میں اپنے دوست عامر سہیل مٹو کے ساتھ چائے کے ڈھابے پر کٹلری کی کھڑکھڑاہٹ اور لوگوں کے شور کے درمیان زندگی کی تلخیوں پر بات کر رہا تھا۔ ہم ابھی بیٹھے ہی تھے کہ عامر سہیل مٹو نے پیالی میز پر رکھی اور میری توجہ شام کے وقت ڈوبتے ہوئے سورج کی طرف مبذول کروائی۔ اس نے فضا میں پھیلی دھندلی روشنی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بڑی معصومیت سے کہا،”استاد جی وہ دیکھیں سورج کے غروب ہونے کا منظر، جیسے سرمئی شامیں ہوں!“
عامر سہیل مٹو مجھے شام کا وہ ڈوبتا ہوا منظر دکھاتے ہوئے کہہ رہا تھا کہ”استادجی ! وہ دیکھیں سورج ڈوب رہا ہے اور پرندے اپنے گھونسلوں کو جا رہے ہیں، یہ ہیں وہ سرمئی شامیں جو ہوا کرتی تھیں مگر اب کہاں!“ اس کی بات سن کر جب میں نے اوپر دیکھا تو دل اداس ہو گیا۔ ایک وقت تھا جب پنجاب کی یہ سرمئی شامیں رومانیت، چائے کی گرم پیالی اور بیتے دنوں کی خوبصورت یادوں کا پتہ دیتی تھیں۔ ہوا میں ہلکی سی خنکی ہوتی تھی، ڈوبتے سورج کی دھیمی سونا اگلتی روشنی دلوں کو گرماتی تھی اور پرندوں کی ڈاریں اپنے گھروں کو واپس لوٹتی تھیں۔ یہ سب مل کر دل کو اک عجب سا سرور دیتے تھے۔ شاعر اسی سرمئی شام کے سحر میں غزلیں لکھتے تھے اور عام انسان دن بھر کی تھکن بھول کر اس خوبصورتی کا لطف اٹھاتا تھا۔ لیکن اب وہ شامیں ماضی کا قصہ بن چکی ہیں۔
مگر افسوس! اب ہمارے لاہور کی وہ دلکش سرمئی شامیں کہیں کھو گئی ہیں۔ اب شام ہوتے ہی جو چیز چاروں طرف پھیلتی ہے، وہ قدرت کی خوبصورت دھند نہیں بلکہ زہریلی سموگ کی ایک کالی اور گھٹی ہوئی چادر ہے۔ سرِشام ہی فضا اتنی بھاری اور زہریلی ہو جاتی ہے کہ سانس لینا محال ہو جاتا ہے۔ گھر سے باہر نکلتے ہی آنکھوں میں ایسی شدید جلن اور چبھن شروع ہو جاتی ہے جیسے کسی نے مرچیں جھونک دی ہوں یا سوئیاں چبھو دی ہوں۔ بوڑھے، بچے، جوان سب سڑکوں پر کھانستے اور آنکھیں ملتے نظر آتے ہیں۔ ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز گلے اور پھیپھڑوں کے مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ قدرت کا حسن اب ہماری اپنی لاپرواہیوں، فیکٹریوں کے دھوئیں اور گاڑیوں کے زہر کی وجہ سے ایک عذاب بن چکا ہے، اور ہماری اپنی کوتاہیوں نے ان حسین شاموں کا جنازہ نکال دیا ہے۔
عام آدمی اسی ماحولیاتی عذاب اور مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ پیٹ کی آگ بجھانے اور آٹے، چینی، بجلی کے بلوں کے چکر میں الجھا ہوا غریب انسان اس زہریلی فضا میں بھی سڑکوں پر دھکے کھانے پر مجبور ہے۔ ہم اسی گفتگو میں مگن تھے کہ کچھ ہی دیر بعد ہمارے قریبی دوست، خالد مسعود اور واجد سلیم بھی چائے کی میز پر آن پہنچے۔ ان کے آنے سے محفل میں رونق تو بڑھی، لیکن گفتگو کا رخ وہی رہا۔ واجد اور خالد نے بھی میز پر بیٹھتے ہی رومال سے اپنی آنکھیں صاف کیں، جو باہر پھیلی زہریلی دھند کی وجہ سے سرخ ہو رہی تھیں۔ خالد مسعود نے چائے کا آرڈر دیتے ہوئے کہا، ”استادجی! اب تو اس آلودگی نے دوستوں کی محفلوں کا رنگ اور شاموں کا حسن بھی دھندلا دیا ہے۔“
آنکھوں کی اس چبھن اور فضا کی اس گھٹن میں گھِرے ہم دوستوں کو جب فیصل آباد کے ایک بازار میں ایک مجبور سیلز گرل پر ہونے والے حالیہ تشدد کی ویڈیو نے جھنجھوڑا، تو ذہن چند دن پہلے پیش آنے والے لاہور کے ایک اور واقعے کی طرف چلا گیا۔ دراصل”تھپڑ کے بدلے تھپڑ“ اور تھانے میں فوری حساب برابر کرنے کی یہ رسم فیصل آباد سے نہیں، بلکہ ہمارے اپنے شہر لاہور کے ایک پٹرول پمپ سے چلی تھی۔
آپ کو یاد ہوگا کہ لاہور کے علاقے جوبلی ٹاﺅن میں ایک پٹرول پمپ پر ایک بااثر گاڑی سوار سگریٹ پی رہا تھا۔ جب پٹرول پمپ کے ایک غریب ملازم نے سیکیورٹی کے پیشِ نظر اسے سگریٹ نوشی سے منع کیا، تو اس امیرزادے نے اپنی گاڑی سے اتر کر غریب ملازم کو سرِعام ہاتھ اٹھایا، اسے تھپڑ جڑ دیے اور دشنام طرازی کی۔ جب وہ بااثر شخص گرفتار ہو کر تھانے پہنچا، تو اسی پٹرول پمپ ملازم نے پولیس اہلکاروں کی موجودگی میں ملزم کو تھپڑ مار کر اپنا بدلہ وہیں کا وہیں چکا دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس وقت بھی اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے اسے بگڑے ہوئے امیرزادوں کے منہ پر طماچہ قرار دیا تھا۔ بس اسی واقعے نے معاشرے میں ایک نئی روایت کی بنیاد رکھ دی، جس کا تسلسل اب ہمیں فیصل آباد میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں ایک مظلوم لڑکی نے دکان دار کے تشدد کا جواب تھانے میں تھپڑ سے ہی دیا۔
فیصل آباد اور لاہور کے ان دونوں واقعات نے پورے ملک میں ایک بہت بڑی بحث کو جنم دیا ہے۔ ایک طرف عوام کی اکثریت اس”فوری انصاف“ پر تالیاں بجا رہی ہے اور ان کا ماننا ہے کہ ظالم کو اسی کی زبان میں جواب ملنا چاہیے تاکہ آئندہ کسی غریب پر ہاتھ اٹھانے کی کوئی جرات نہ کرے۔ دوسری طرف قانون پسند طبقے، وکیلوں اور دانشوروں کا کہنا ہے کہ تھانے کے اندر اس طرح قانون ہاتھ میں لینا اور ملزم پر تشدد کرنا ریاست کے نظام کو کمزور کرتا ہے۔ اگر تھانوں میں ہی فیصلے ہونے لگے تو عدالتوں، ججوں اور آئین کی کیا ضرورت رہ جائے گی؟ یہ سوال بھی اپنی جگہ وزن رکھتا ہے کیونکہ قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی بھی معاشرہ جنگل کا قانون بن جاتا ہے۔
یہ دونوں باتیں اپنی جگہ سچی ہو سکتی ہیں، مگر ہمیں اس مائنڈ سیٹ کی جڑ تک جانا ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ جب ہمارے عدالتی نظام میں ایک غریب کو انصاف کے لیے سالہا سال دھکے کھانے پڑتے ہیں، جب طاقتور پیسے اور اثر و رسوخ کے بل بوتے پر قانون کو موم کی ناک بنا لیتا ہے، تو عوام کا اداروں پر سے اعتبار اٹھ جاتا ہے۔ ایسے ماحول میں جب عوام کسی ظالم کو اسی وقت سزا پاتے دیکھتے ہیں، تو وہ”تھپڑ کے بدلے تھپڑ“ والے فیصلوں پر خوشی سے جھوم اٹھتے ہیں۔ طاقتور کی انا کو توڑنے کے لیے یہ تھپڑ شاید جذباتی طور پر ضروری تھا، لیکن ایک مہذب اور پائیدار معاشرے کی بقا کے لیے عدالتوں کا مضبوط ہونا اور غریب کو فوری انصاف ملنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔
آج جب میں لاہور کی اس دھندلی، زہریلی اور دم گھٹتی سرمئی شام کو دیکھتا ہوں، تو مجھے شدت سے احساس ہوتا ہے کہ چبھن صرف ہماری آنکھوں میں نہیں ہے، بلکہ یہ چبھن ہمارے پورے سماجی اور قانونی نظام کے اندر موجود ہے۔ ہوا کو سموگ کے زہر سے بچانے کے لیے بھی ہمیں ہنگامی اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، اور معاشرے کے کمزور طبقے کو طاقتور کے تھپڑوں اور ظلم سے بچانے کے لیے بھی ایک مضبوط، سستے اور فوری عدالتی نظام کی ضرورت ہے۔ جب تک ہم جڑوں کو ٹھیک نہیں کریں گے، تب تک نہ تو یہ فضا صاف ہو سکے گی، اور نہ ہی ہمارا معاشرہ امن، انصاف اور انسانیت کا گہوارہ بن سکے گا۔ ورنہ یہ سرمئی شامیں یوں ہی ہمارے اندر اور باہر کے ماتم کا منظر پیش کرتی رہیں گی۔