پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد کی رحلت: شمعِ اردو بجھ گئی!

کچھ لوگ ہماری زندگی میں محض استاد بن کر نہیں آتے بلکہ ہمارے دل و دماغ پر ایسے نقوش چھوڑ جاتے ہیں جنہیں وقت کی گرد بھی دھندلا نہیں سکتی۔ وہ ہمیں صرف کتابوں کے اسباق نہیں پڑھاتے بلکہ زندگی کے معنی، لفظوں کی حرمت، علم کی محبت اور رشتوں کی پاسداری بھی سکھاتے ہیں۔ ایسے لوگ جب دنیا سے رخصت ہوتے ہیں تو ان کے ساتھ صرف ایک انسان نہیں جاتا بلکہ ہماری زندگی کا ایک خوبصورت عہد، یادوں کا ایک پورا جہان اور محبتوں کا ایک قیمتی سرمایہ بھی رخصت ہو جاتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد بھی ایسی ہی ایک شفیق، محبت کرنے والی اور علم و ادب سے سرشار شخصیت تھے۔ ان کی رحلت سے شعبۂ اردو، جامعہ پشاور ایک قابل استاد، خیبر پختونخوا کا علمی و ادبی حلقہ ایک دردمند ادیب اور ان کے شاگرد ایک ایسے محسن سے محروم ہوگئے ہیں جس کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔ آج دل یہ ماننے کو تیار ہی نہیں کہ وہ شخص جس سے کل تک علمی رہنمائی کے لیے رابطہ کیا جا سکتا تھا، اب صرف یادوں میں باقی رہ گیا ہے۔

میری پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد سے باقاعدہ شناسائی کا آغاز 2004ء کے اواخر میں ہوا۔ اس تعلق کے پس منظر میں ایک اور قابلِ احترام ادبی شخصیت، عالمی شہرت یافتہ شاعر، ادیب اور محقق پروفیسر ناصر علی سید صاحب کا نام بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ ان سے ادبی محفلوں، مشاعروں اور مختلف ادبی نشستوں میں ملاقاتیں ہوتی رہتی تھیں۔ وہ میری اردو زبان و ادب سے غیر معمولی دلچسپی اور شوق و شغف سے بخوبی واقف تھے۔ چونکہ میں صحافت و ابلاغِ عامہ میں ایم اے کر چکا تھا اور صحافتی زندگی بھی جاری تھی، اس لیے ایک ملاقات میں انہوں نے بڑے خلوص سے مشورہ دیا کہ مجھے ایم اے اردو بھی کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبۂ اردو میں ان کے ایک برخوردار پروفیسر سہیل احمد ہیں، میں ان سے جاکر ملوں، وہ میری بھرپور رہنمائی کریں گے۔

یوں پروفیسر ناصر علی سید صاحب کی رہنمائی اور مشورے پر جب میں شعبۂ اردو، جامعہ پشاور پہنچا تو پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد سے پہلی باقاعدہ ملاقات ہوئی۔ کون جانتا تھا کہ یہ ایک ملاقات اگلے بائیس برس پر محیط ایسے محبت بھرے رشتے کا آغاز بن جائے گی جس کی ڈور زندگی کے آخری لمحے تک قائم رہے گی۔ اس وقت میرے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ استاد میری علمی زندگی کا اتنا اہم حصہ بن جائیں گے کہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کی شفقت اور رہنمائی کا احساس میرے ساتھ رہے گا۔

شعبۂ اردو میں دورانِ تعلیم مجھے ان کی شاگردی کا شرف حاصل ہوا۔ انہوں نے ہمیں قدیم تاریخِ ادبِ اردو، دہلی اور لکھنؤ کے ادبی دبستانوں، کلاسیکی شعری روایت اور اردو ادب کے مختلف ادوار سے نہایت محبت، محنت اور دل جمعی کے ساتھ روشناس کرایا۔ ان کا اندازِ تدریس ایسا دل نشیں تھا کہ مشکل سے مشکل ادبی موضوع بھی آسان محسوس ہونے لگتا۔ وہ صرف کتاب کا متن نہیں پڑھاتے تھے بلکہ اس کے پس منظر، ادبی اہمیت اور فکری گہرائی تک لے جاتے تھے۔ ان کی گفتگو میں علم کی وسعت، لہجے میں مٹھاس اور طبیعت میں ایسی شگفتگی تھی کہ طلبہ بے اختیار ان کی طرف متوجہ ہوجاتے تھے۔

ان کی کلاسوں کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کا پیریڈ شاذ ہی خالی جاتا تھا۔ طلبہ ان کی کلاس میں بیٹھنے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے تھے۔ جہاں اکثر اساتذہ کو طلبہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے کوشش کرنا پڑتی ہے، وہاں سر سہیل احمد کی کلاس میں طلبہ خود آنے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔ ان کے پاس علم بھی تھا، پڑھانے کا ہنر بھی اور شاگردوں کے دلوں میں جگہ بنانے کا سلیقہ بھی۔ وہ واقعی ایک مثالی معلم تھے، جن کی کلاس میں بیٹھنا محض تعلیمی ضرورت نہیں بلکہ ایک علمی و ادبی مسرت ہوا کرتی تھی۔

میری ان سے وابستگی صرف کلاس روم تک محدود نہیں رہی۔ یونیورسٹی کے باہر بھی ان کی شفقت، رہنمائی اور محبت کا سلسلہ جاری رہا۔ سوات، مدین، کالام، اسلام آباد، مری ، ایبٹ آباد، باڑہ گلی، چکدرہ، سردریاب اور ورسک ڈیم کی جانب یادگار ملاقاتیں اور مشترکہ سفر آج بھی ذہن کے پردے پر تازہ ہیں۔ ان سفر و ملاقاتوں میں ان کی گفتگو، خوش مزاجی، علمی دلچسپی اور شاگردوں کے ساتھ بے تکلفانہ رویہ ان کی شخصیت کے ایسے پہلو تھے جنہیں یاد کرکے آج بھی دل مسکرا اٹھتا ہے، مگر اگلے ہی لمحے آنکھیں نم ہوجاتی ہیں۔ کاش وہ دن ایک بار پھر لوٹ آئیں، کاش وہ محفلیں پھر آباد ہوں اور کاش سر سہیل احمد کی وہ مانوس آواز دوبارہ سنائی دے۔

وقت گزرتا رہا۔ میں نے صحافت کے ساتھ ساتھ تدریس کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں، لیکن سر سہیل احمد سے میرا تعلق کبھی کمزور نہیں ہوا۔ گزشتہ تقریباً بائیس برسوں میں زندگی کے کسی بھی موڑ پر اردو زبان و ادب کے حوالے سے کوئی مشکل پیش آتی، کسی موضوع کی تفہیم درکار ہوتی یا کسی علمی و ادبی معاملے میں مشورے کی ضرورت پڑتی تو مجھے زیادہ سوچنا نہیں پڑتا تھا۔ بس ایک فون کال اور سر سہیل احمد اپنی محبت، شفقت اور خلوص کے ساتھ رہنمائی کے لیے حاضر ہوتے۔ وہ شاگردوں کو کبھی فراموش نہیں کرتے تھے۔ ان کے لیے شاگردی کا رشتہ ڈگری مکمل ہونے یا یونیورسٹی سے رخصت ہونے کے ساتھ ختم نہیں ہوتا تھا بلکہ عمر بھر قائم رہتا تھا۔

آج اس حقیقت کا احساس پہلے سے کہیں زیادہ شدت سے ہو رہا ہے کہ ہم کتنے خوش نصیب تھے کہ ہمارے پاس ایک ایسا استاد موجود تھا جو ہر وقت ہماری علمی رہنمائی کے لیے دستیاب رہتا تھا۔ اب جب بھی کسی ادبی الجھن میں ان سے مشورہ کرنے کا خیال آئے گا تو فون اٹھانے سے پہلے ہی یاد آجائے گا کہ دوسری طرف سے وہ محبت بھری آواز اب کبھی سنائی نہیں دے گی۔ یہ احساس کس قدر اذیت ناک ہے، اسے شاید وہی سمجھ سکتا ہے جس نے کسی استاد کو صرف استاد نہیں بلکہ اپنا محسن اور رہنما سمجھا ہو۔

سر سہیل احمد خود بھی ایک حساس شاعر تھے۔ ان کی شاعری میں محبت، جدائی، انسانی رشتوں، تنہائی اور زندگی کے تلخ تجربات کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ آج ان کی رحلت کے بعد ان کے اپنے اشعار ہمارے لیے ایک الگ ہی معنویت اختیار کر گئے ہیں۔ ان کا یہ شعر دیکھیے:

محبت درمیاں سے چھوڑ دی ہے
کہانی کہتے کہتے موڑ دی ہے

واقعی سر! آپ نے بھی تو ہماری محبتوں کی کہانی کو درمیان ہی میں چھوڑ دیا۔ ابھی تو بہت سی باتیں باقی تھیں، بہت سے سوالات تھے، بہت سی ادبی نشستیں اور بہت سی ملاقاتیں آپ کے ساتھ ہونا تھیں۔ ابھی تو آپ سے بہت کچھ سیکھنا تھا۔ مگر موت نے ہماری اس خوبصورت کہانی کو اچانک ایک ایسے موڑ پر لا کھڑا کیا جہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔

ان کا ایک اور شعر آج ہمارے دلوں کی ترجمانی کرتا محسوس ہوتا ہے:

دکھ یہ ہے میرے یوسف و یعقوب کے خالق
وہ لوگ بھی بچھڑے جو بچھڑنے کے نہیں تھے

کچھ لوگ واقعی ایسے ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہم کبھی یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ ہم سے جدا ہو جائیں گے۔ ہم انہیں اپنی زندگی کا مستقل حصہ سمجھنے لگتے ہیں۔ سر سہیل احمد بھی میرے لیے انہی لوگوں میں سے تھے۔ ایک ایسا تعلق جس میں وقت کی طوالت کے ساتھ محبت اور احترام بڑھتا رہا۔ آج ان کی جدائی نے احساس دلایا کہ بعض انسان ہماری زندگی میں کتنی گہری جگہ بنا لیتے ہیں۔

ان کے یہ اشعار بھی آج ایک نئے درد کے ساتھ یاد آتے ہیں:

درختوں نے پرندوں سے کہا تھا
جدائی بھی انوکھا تجربہ تھا
فصیلوں میں دراڑیں پڑ رہی تھیں
میں جب اس شہر سے رخصت ہوا تھا

آج سر سہیل احمد کی رخصتی سے ہمارے علمی و ادبی شہر کی فصیلوں میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ شعبۂ اردو کی وہ راہداریاں، کلاس روم، ادبی محفلیں اور وہ تمام مقامات جہاں کبھی ان کی موجودگی سے رونق ہوا کرتی تھی، اب ان کی یادوں کے امین بن گئے ہیں۔ ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے محض کسی نئے استاد کی آمد سے پُر نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ شخصیات کا نعم البدل نہیں ہوتا۔

اور پھر ان کا یہ شعر تو جیسے آج کے دن کے لیے ہی لکھا گیا تھا:

محبت میں کوئی تو لطف ہوگا
بچھڑتے وقت وہ بھی رو دیا تھا

سر! آپ کے جانے پر نہ جانے کتنے شاگردوں کی آنکھیں اشک بار ہیں۔ شاید آپ کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ آپ نے کتنے دلوں میں اپنے لیے محبت کے چراغ روشن کر رکھے تھے۔ آج آپ کے شاگرد آپ کو یاد کر رہے ہیں، آپ کی باتوں کو دہرا رہے ہیں، آپ کی کلاسوں کے قصے سنا رہے ہیں اور آپ کے ساتھ گزرا ہوا وقت اپنی آنکھوں میں سجائے بیٹھے ہیں۔ یہ آنسو اس محبت کی گواہی ہیں جو آپ نے زندگی بھر اپنے شاگردوں میں بانٹی۔

پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد کی شخصیت کا سب سے خوبصورت پہلو یہ تھا کہ وہ اپنے علم پر غرور کرنے کے بجائے اسے دوسروں تک منتقل کرنے میں خوشی محسوس کرتے تھے۔ ان کی شفقت میں کوئی بناوٹ نہیں تھی۔ ان کے ہاں شاگرد کی حیثیت صرف ایک طالب علم کی نہیں بلکہ ایک عزیز کی ہوتی تھی۔ انہوں نے اپنے علم، اخلاق، محبت اور رہنمائی سے جو رشتے قائم کیے، وہ ان کی اصل میراث ہیں۔

11 نومبر 2026ء کو ان کی رحلت کی خبر نے دل کو جس کرب سے دوچار کیا، اسے الفاظ میں سمیٹنا آسان نہیں۔ انسان جب کسی عزیز کی جدائی کا سامنا کرتا ہے تو اسے احساس ہوتا ہے کہ دنیا میں کچھ ملاقاتیں آخری بھی ہوتی ہیں، مگر ہمیں ان کے آخری ہونے کا علم نہیں ہوتا۔ کاش ہمیں معلوم ہوتا کہ یہ ملاقات آخری ہے تو ہم کچھ دیر اور بیٹھتے، کچھ باتیں اور کرتے، ان کے ہاتھ تھام کر کچھ دیر اور ان کی شفقت محسوس کرتے۔

آج اردو زبان و ادب کا ایک اور روشن چراغ بجھ گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی کئی اہلِ علم و ادب ہم سے رخصت ہو چکے ہیں۔ ہر ایسی جدائی ہمارے علمی و ادبی اثاثے کو مزید کم کرتی جا رہی ہے۔ سر سہیل احمد کا خلا بھی آسانی سے پُر ہونے والا نہیں۔ ان کی علمی خدمات، تدریسی انداز، ادبی ذوق اور شاگردوں سے محبت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

بقول شاعر:

چراغ بجھتے چلے جا رہے ہیں سلسلہ وار
میں خود کو دیکھ رہا ہوں فسانہ ہوتے ہوئے

سر سہیل احمد! آپ نے ہمیں صرف اردو نہیں پڑھائی، اردو سے محبت کرنا سکھایا۔ آپ نے ہمیں صرف ادبی تاریخ کے ابواب نہیں سمجھائے بلکہ خود ہماری زندگی کا ایک خوبصورت باب بن گئے۔ آج آپ جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں، مگر آپ کی آواز، آپ کا اندازِ تدریس، آپ کی مسکراہٹ، آپ کی نصیحتیں اور وہ ایک فون کال پر میسر آنے والی شفقت ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔

آپ کے جانے سے ایک شاگرد اپنے استاد سے، ایک طالب علم اپنے رہنما سے اور اردو کا ایک ادنیٰ خدمت گزار اپنے محسن سے محروم ہوگیا ہے۔ آپ کی جدائی کا دکھ شاید کبھی مکمل طور پر کم نہ ہو، لیکن آپ کی محبت اور تربیت کا قرض ہم اپنی زندگی میں اچھے لفظوں، اچھے کردار اور علم کی خدمت کے ذریعے ادا کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔

اللہ تعالیٰ پروفیسر ڈاکٹر سہیل احمد کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی علمی و ادبی خدمات کو صدقۂ جاریہ بنائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ، عزیز و اقارب، رفقائے کار اور تمام شاگردوں کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین!

سر! کچھ استاد زندگی سے رخصت ہوتے ہیں، دل سے نہیں۔ آپ بھی ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ آپ کی جدائی ایک ایسا دکھ ہے جسے لفظوں میں لکھ تو سکتا ہوں، مگر دل سے کبھی مٹا نہیں سکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے