ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے فروغ سے خواتین صحافیوں کے لیے اظہارِ رائے اور پیشہ ورانہ مواقع کے نئے راستے کھلے، لیکن اسی کے ساتھ آن لائن ہراسانی، کردار کشی، دھمکیوں اور بلیک میلنگ کے واقعات نے ان کے لیے ایک غیر محفوظ ماحول بھی پیدا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کسی خاتون کی پیشہ ورانہ سرگرمی کو بعض افراد ذاتی تعلقات قائم کرنے کا موقع سمجھنے لگتے ہیں، جبکہ اختلافِ رائے کی صورت میں انہیں تضحیک اور کردار کشی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر دوستی کی درخواست سے بلیک میلنگ تک
صحافی آسما گل، جو 2014 سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی کام کر رہی ہیں، کہتی ہیں کہ اس دوران انہوں نے ایک بات شدت سے محسوس کی ہے کہ سوشل میڈیا، خصوصاً فیس بک پر کسی خاتون کی فرینڈ ریکویسٹ قبول کرنے کو بعض افراد اس بات کی اجازت سمجھ لیتے ہیں کہ اب وہ اس سے ذاتی نوعیت کے سوالات کر سکتے ہیں یا اسے دوستی اور تعلق قائم کرنے پر آمادہ کر سکتے ہیں۔
آسما گل کے مطابق ہمیں ہمیشہ یہی بتایا جاتا رہا کہ سوشل میڈیا سماجی رابطوں اور مثبت سرگرمیوں کے لیے ہے، لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ ہمارے معاشرے میں اسے خواتین کی عزت اچھالنے اور انہیں بلیک میل کرنے کے لیے ایک آسان ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے آسما گل بتاتی ہیں کہ کچھ عرصہ قبل ان کے میسنجر پر ایک نامعلوم آئی ڈی سے مسلسل کالز اور پیغامات موصول ہو رہے تھے۔ تقریباً چار سے پانچ ماہ تک نظر انداز کرنے کے بعد بالآخر انہوں نے جواب دیا اور پوچھا کہ جب نہ کوئی جان پہچان ہے اور نہ ہی کوئی تعلق، تو بار بار براہِ راست کالز کرنے کی کیا وجہ ہے؟
ان کے مطابق دوسری جانب سے فوری جواب آیا کہ وہ سوشل میڈیا پر ان کی سرگرمیاں دیکھ کر متاثر ہوا ہے اور اسے خوشی ہے کہ ہمارے معاشرے میں خواتین اتنی باصلاحیت ہیں۔ آسما گل نے شکریہ ادا کرتے ہوئے بات ختم کرنے کی کوشش کی، لیکن مذکورہ شخص نے دوستی اور بعد ازاں شادی کی پیشکش شروع کر دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور ایسے کسی تعلق میں دلچسپی نہیں رکھتیں، لیکن انکار کے بعد اس شخص کا رویہ اچانک تبدیل ہوگیا۔ اس نے ان کی سابقہ گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کرنے اور انہیں بدنام کرنے کی دھمکی دینا شروع کر دی۔
آسما گل کہتی ہیں کہ اس واقعے نے انہیں یہ احساس دلایا کہ بعض افراد سوشل میڈیا پر خواتین کی معمولی گفتگو کو بھی اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ ان کے بقول ایسے افراد سے آئندہ کسی قسم کا رابطہ نہ رکھنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
لباس نہیں، رویہ مسئلہ ہے
خیبر پختونخوا کے پسماندہ علاقوں میں کام کرنے والی خواتین صحافیوں کو مختلف نوعیت کے معاشرتی دباؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے۔
نادیہ کے مطابق بعض علاقوں میں خواتین صحافی پردہ یا برقعہ کرنے کے باوجود خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتیں۔ بعض خواتین کو لوگوں کی جانب سے ان کی آنکھوں، ہاتھوں یا چلنے پھرنے کے انداز پر بھی تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مسئلہ خواتین کے لباس کا نہیں بلکہ معاشرے کے ان رویوں کا ہے جو انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے دوران بھی غیر ضروری تنقید اور ہراسانی کا نشانہ بناتے ہیں۔
نادیہ کے مطابق ڈریس کوڈ سے متعلق تنازعات نے بھی اس حقیقت کو نمایاں کیا ہے کہ پاکستان میں خواتین صحافیوں کو اکثر ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، رپورٹنگ یا مؤقف کے بجائے ان کے لباس اور ظاہری شکل کی بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔ اس طرح کی تنقید نہ صرف انفرادی طور پر خواتین کو متاثر کرتی ہے بلکہ مجموعی طور پر آزادی صحافت کے ماحول کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کے لیے غیر محفوظ ماحول
صحافی بشریٰ اقبال، جو کئی سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے فروغ کے بعد یہ امید پیدا ہوئی تھی کہ خواتین کے لیے پیشہ ورانہ مواقع میں اضافہ ہوگا اور وہ روایتی میڈیا اداروں سے وابستہ ہوئے بغیر بھی آزادانہ طور پر صحافت اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں گی۔
تاہم حقیقت یہ ہے کہ آج بھی خواتین صحافیوں، کاروباری خواتین اور سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرنے والی خواتین کو آن لائن دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا ہے۔
بشریٰ اقبال کے مطابق جس طرح خواتین حقیقی زندگی میں سڑکوں اور عوامی مقامات پر خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں، اسی طرح سائبر اسپیس بھی ان کے لیے غیر محفوظ بنتی جا رہی ہے۔ خاص طور پر ایسے افراد جو کی بورڈ کے پیچھے چھپ کر خواتین کو نازیبا گالیاں دیتے، فحش تبصرے کرتے اور ان کی سوشل میڈیا پوسٹس کے نیچے توہین آمیز کمنٹس لکھتے ہیں، آن لائن ہراسانی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایسے افراد کو عموماً ’’کی بورڈ واریئرز‘‘ کہا جاتا ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار موجود ہیں، جبکہ حکومتی سطح پر بھی سائبر جرائم کے خلاف کارروائی کا نظام قائم ہے، لیکن شکایت درج کرانے کا عمل اب بھی پیچیدہ ہے۔
متاثرہ خاتون کو درخواست دینے کے بعد شواہد فراہم کرنے، اپنی ڈیوائسز کی جانچ اور دیگر قانونی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، جو اکثر خواتین کے لیے ذہنی اور عملی طور پر مشکل ثابت ہوتے ہیں۔
ان کے مطابق یہ صورتحال کسی حد تک تھانے اور کچہری کے روایتی نظام جیسی ہے، جہاں بہت سی خواتین معاشرتی دباؤ، بدنامی کے خوف اور ساتھ دینے والے افراد کی عدم موجودگی کے باعث شکایت درج کرانے سے گریز کرتی ہیں۔ یہی مشکلات آن لائن ہراسانی کے معاملات میں بھی سامنے آتی ہیں۔
بشریٰ اقبال کا کہنا ہے کہ بعض اوقات سوشل میڈیا پر مختلف نوعیت کا مواد شیئر کرنے والی خواتین کو ایک ہی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ اس وجہ سے پیشہ ورانہ صحافت کرنے والی خواتین، جو اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں یا کسی واقعے پر رپورٹنگ کرتی ہیں، انہیں بھی غیر ضروری تنقید اور ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کے مطابق قوانین اور ادارے موجود ہونے کے باوجود اصل سوال یہ ہے کہ متاثرہ خاتون کے لیے شکایت درج کرانا، شواہد جمع کرنا اور اپنی شکایت پر پیش رفت معلوم کرنا کتنا آسان ہے۔ ہر خاتون تکنیکی طور پر اتنی ماہر نہیں ہوتی کہ ڈیجیٹل شواہد محفوظ کر سکے یا متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ آن لائن ہراسانی کے خلاف شکایات کے نظام کو مزید مؤثر، مضبوط اور آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے پیچیدہ مراحل کم کیے جائیں اور ایسا ون کلک شکایتی نظام متعارف کرایا جائے، جس کے ذریعے متاثرہ خواتین آسانی سے اپنی شکایات درج کرا سکیں اور انہیں بروقت انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
قانونی تحفظ، خواتین صحافی کن قوانین کے تحت رجوع کر سکتی ہیں؟
پشاور ہائی کورٹ کی سینئر وکیل نازش خان کے مطابق اگر کسی خاتون صحافی کو اس کے لباس، ظاہری شکل یا جنس کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جائے، کردار کشی کی جائے، دھمکیاں دی جائیں یا نفرت انگیز مہم چلائی جائے تو وہ پاکستان میں مختلف قوانین کے تحت قانونی کارروائی کر سکتی ہے۔
وہ بتاتی ہیں کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو آزادیٔ اظہار اور پریس کی آزادی کا حق دیتا ہے، جو -19A عوامی معلومات تک رسائی کے حق کو تسلیم کرتا ہے، صحافت کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔
نازش خان کے مطابق 2016 پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت آن لائن ہراسانی اور کردار کشی کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
سیکشن 20: عزت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے والے بعض آن لائن مواد اور جھوٹے الزامات سے متعلق کارروائی کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔
سیکشن 21: خواتین کے وقار، نجی تصاویر اور جنسی نوعیت کی ہراسانی سے متعلق جرائم پر لاگو ہو سکتا ہے۔
اسی طرح اگر کسی صحافی کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کیا جائے یا اس کی شہرتکو نقصان پہنچایا جائے تو2002 پاکستان پینیل کوڈ آرڈینینس کے سیکشن 499 اور 500 کے تحت بھی فوجداری یا سول کارروائی کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق اگر ہراسانی کسی میڈیا ادارے یا کام کی جگہ پر ہو تو پروٹیکشن ہراسمنٹ آف ویمن ایکٹ دی ورک پلیس ایکٹ 2010 کے تحت متعلقہ ادارے کی انکوائری کمیٹی، محتسب یا عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔
اگر تنقید صرف صحافتی کام تک محدود نہ رہے بلکہ لباس، جنس یا ذاتی کردار کو نشانہ بنا کر ہراسانی، کردار کشی یا ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے تو متاثرہ خاتون متعلقہ سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے، بشمول ایف آئی اے کے متعلقہ سائبر کرائم ونگ، سے رجوع کر سکتی ہے۔
نیوز رومز اور میڈیا اداروں کی ذمہ داری کیا ہونی چاہیے؟
آزادی صحافت میں خواتین کے کردار کو مؤثر بنانے اور انہیں پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پشاور سینٹر کے نیوز ایڈیٹر محمد عرفان خان کہتے ہیں کہ ملک میں قوانین تو موجود ہیں، لیکن ان پر عمل درآمد کمزور اور سست ہے۔
ان کے مطابق میڈیا اداروں کو صرف پالیسی بنانے تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ نیوز رومز کے اندر موجود روایتی رویوں اور کلچر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ خواتین کو محض کوٹہ پورا کرنے کے لیے نہیں بلکہ ان کی قابلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر اہم اور اعلیٰ عہدوں تک مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ اسی صورت میں آزادانہ صحافت کو فروغ مل سکتا ہے۔
آن لائن ٹرولنگ، دھمکیوں اور کردار کشی کے حوالے سے محمد عرفان خان کا کہنا ہے کہ میڈیا اداروں کو اپنی خواتین صحافیوں کو قانونی معاونت فراہم کرنی چاہیے، سائبر کرائم کی شکایت درج کرانے کے طریقہ کار میں ان کی رہنمائی کرنی چاہیے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس محفوظ انداز میں استعمال کرنے کی تربیت بھی دینی چاہیے۔
وہ افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جب کسی خاتون صحافی کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ، دھمکیوں یا نازیبا زبان کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اکثر میڈیا اداروں کی جانب سے اسے مطلوبہ تعاون نہیں ملتا، جو درست رویہ نہیں ہے۔
اس سوال پر کہ خواتین صحافیوں کو اکثر تعلیم، صحت اور تقریبات جیسے نسبتاً نرم موضوعات (Soft Beat) تک کیوں محدود رکھا جاتا ہے، ان کا کہنا ہے کہ حساس علاقوں میں خواتین رپورٹرز کو ثقافتی دباؤ، خاندانی مزاحمت اور سکیورٹی کے زیادہ خطرات کا سامنا ہوتا ہے، جس کی وجہ سے بعض ادارے انہیں ایسے موضوعات کی کوریج سے دور رکھتے ہیں۔ تاہم خواتین کو ان کی دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق ہر شعبے میں کام کرنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔
آن لائن ہراسانی اور خود سنسرشپ کا بڑھتا رجحان
خواتین صحافیوں کے خلاف آن لائن حملوں اور کردار کشی کے اثرات صرف سوشل میڈیا تک محدود نہیں رہتے بلکہ ان کی پیشہ ورانہ زندگی اور آزادیٔ اظہار کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک خاتون صحافی، جو خود بھی شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، بتاتی ہیں کہ آزادی صحافت پر حملے خواتین صحافیوں کو خود سنسرشپ (Self-Censorship) کی طرف مائل کرتے ہیں۔ وہ اپنی رائے، رپورٹنگ کے موضوعات اور حتیٰ کہ اپنی موجودگی تک کو محدود کرنے لگتی ہیں تاکہ تنقید، تضحیک اور ہراسانی سے بچ سکیں۔
ان کے مطابق یہ صورتحال آزادی اظہار کے بنیادی حق کے خلاف اور خواتین صحافیوں کی آواز دبانے کی ایک کوشش ہے۔
وہ غریدہ فاروقی کی مثال دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ایک تجربہ کار صحافی کے پیشہ ورانہ کام کو سمجھنے کے بجائے ان کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاشرہ اب بھی خواتین کی پیشہ ورانہ شناخت کو ان کی ظاہری شکل سے الگ کرنے میں ناکام ہے۔
دلچسپ اور افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ وہ خود صحافت سے وابستہ ہونے کے باوجود معاشرتی رویوں اور ممکنہ ردعمل کے خوف سے اپنی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کرتی ہیں۔
غریدہ فاروقی کیس: لباس پر تنقید یا منظم ہراسانی؟
پاکستان کی معروف سینئر صحافی غریدہ فاروقی کا معاملہ بھی خواتین صحافیوں کو درپیش آن لائن ہراسانی اور کردار کشی کے رجحان کی ایک نمایاں مثال ہے۔
اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے ایران اور امریکہ مذاکرات کی کوریج کے دوران غریدہ فاروقی نے سبز رنگ کا لباس پہنا تھا، جسے بنیاد بنا کر سوشل میڈیا پر انہیں شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
اس معاملے پر غریدہ فاروقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ نہ تو تنقید ہے اور نہ ہی لباس پر کوئی بات۔ ان کے مطابق ان کی اجازت کے بغیر ایک تصویر نجی زاویے سے لی گئی، پھر اس میں تبدیلی کی گئی اور اسے منظم کردار کشی اور ہراسانی کی مہم میں تبدیل کر دیا گیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ یہ ان کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ وہ 2011 سے اس طرح کے واقعات کا سامنا کر رہی ہیں، لیکن اس قسم کی مہمات پورے معاشرے کی خواتین کے لیے خوف اور دہشت کا باعث بنتی ہیں۔
غریدہ فاروقی کا یہ مؤقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آن لائن ہراسانی صرف ایک خاتون صحافی کی ذات یا لباس تک محدود معاملہ نہیں بلکہ اس کے اثرات دیگر خواتین کے لیے بھی خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔
ادارہ جاتی تحفظ اور مؤثر شکایتی نظام ناگزیر
مختلف صحافیوں کے تجربات، قانونی ماہرین کی آرا اور میڈیا اداروں کے نمائندوں کے مؤقف سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین کو درپیش مسائل کا حل صرف قوانین کی موجودگی نہیں بلکہ ان پر مؤثر عمل درآمد اور ادارہ جاتی تعاون میں بھی پوشیدہ ہے۔
خواتین صحافیوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ضروری ہے جہاں وہ بغیر کسی خوف کے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر سکیں، اپنی رائے کا اظہار کر سکیں اور آن لائن ہراسانی کی صورت میں انہیں فوری قانونی اور ادارہ جاتی مدد میسر ہو۔
شکایات کے طریقہ کار کو آسان بنانا، ڈیجیٹل شواہد محفوظ کرنے کی تربیت دینا، میڈیا اداروں میں مؤثر تحفظ کی پالیسیاں متعارف کرانا اور متاثرہ خواتین کی شناخت و رازداری کا تحفظ یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔