مسقط (محمد نعمان خان): پاکستان اور عمان نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کر دیے، جس کے تحت عمان پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرے گا جبکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
معاہدے پر اتوار 22 نومبر کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) اور عمان کی عالمی تجارتی کمپنی او کیو ٹریڈنگ (OQ Trading) کے درمیان دستخط کیے گئے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک اور عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی بھی موجود تھے۔
پاکستان کی پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس معاہدے کا مقصد پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات کی مستقل فراہمی کے لیے ایک منظم تجارتی نظام فراہم کرنا اور توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ، پی ایس او کو پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 20 کروڑ ڈالر کی کریڈٹ سہولت فراہم کرے گی، جس سے پاکستان کو ایندھن کی خریداری میں مالی معاونت حاصل ہوگی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق او کیو ٹریڈنگ رواں سال 2026 کے دوران پاکستان اسٹیٹ آئل کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کر چکی ہے، جبکہ پاکستان میں اس کمپنی کی ایل پی جی کی فراہمی بھی جاری ہے، جو رواں سال کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے توانائی نے تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور عمان کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تیل و گیس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم کو توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
حکام کے مطابق پاکستان اور عمان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے، پیٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے اور علاقائی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے دوران ایندھن کی فراہمی کو مستحکم بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔