[pullquote]ایردوآن نے دستوری ترامیم کی توثیق کر دی، اپریل میں ریفرنڈم متوقع
[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دستوری ترامیم کے اُس بل کی توثیق کر دی ہے، جس کے تحت حکومتی اختیارات وزیراعظم سے صدر کو منتقل ہو جائیں گے۔ صدارتی توثیق کے بعد اب اِس بِل پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے گا اور عوامی منظوری پر یہ قانون بن کر ترک دستور کا حصہ بن جائے گا۔ دستور میں ترامیم کا پیکیج رواں برس پہلی جنوری کو منظور کیا گیا تھا۔ نائب وزیراعظم نعمان کُرتُلموس کا کہنا ہے کہ امکاناً دستوری ریفرنڈم اپریل کی سولہ تاریخ کو کرایا جا سکتا ہے۔ اس دستوری پیکیج کی منظوری کے لیے عوام کی سادہ اکثریت درکار ہو گی۔ ریفرنڈم میں منظوری کے بعد باسٹھ سالہ ایردوآن سن 2034 تک الیکشن جیتنے کی صورت میں اپنے ملک کے صدر رہ سکیں گے۔
[pullquote]ساحلی شہر المخا پر قبضہ کر لیا ہے، یمنی حکومت
[/pullquote]
یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے ترجمان محمد النقیب نے اعلان کیا ہے کہ تاریخی اور ساحلی شہر المخا پر منصور ہادی کی حامی فوج نے اپنا قبضہ مکمل کر لیا ہے۔ اس شہر میں ہادی کی حامی فوج چند روز قبل داخل ہوئی تھی اور حوثی شیعہ ملیشیا کو ایک کارنر میں مقید کر کے رکھ دیا تھا۔ ترجمان کے مطابق شیعہ باغیوں کے ساتھ فوج کی زوردار جنگ کئی ایام تک جاری رہی اور اب باغیوں کو پوری طرح پسپا کر دیا گیا ہے۔ النقیب کے مطابق باغیوں کے ساتھ اُس کے دوسری اتحادی بھی فرار ہو گئے ہیں۔ منصور ہادی کی فوج کو سعودی عسکری اتحاد کے جنگی طیاروں کے ساتھ ساتھ زمینی فوج کا تعاون بھی حاصل ہے۔
[pullquote]انڈونیشیا: مٹی کے تودے گرنے سے ایک درجن ہلاکتیں
[/pullquote]
انڈونیشی حکام کے مطابق جزیرہ بالی میں مٹی کے تودے گرنے سے نوعمر بچوں سمیت کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بیان کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مکانات بھی منہدم ہوئے ہیں۔ انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث بالی میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے بنگلی علاقے کے تین دیہات مٹی تلے دب کر رہ گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کا تعلق دو خاندانوں سے ہے۔ ان ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں ایک اور سات سال بتائی گئی ہیں۔ ادارے نے علاقے کے مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ اگلے دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے لہذا وہ حفاظتی بندوبست کر لیں تاکہ اُن کی جان اور مال محفوظ رہے۔_
[pullquote]افغانستان میں ریڈ کراس تنظیم کے دو مغوی کارکنوں کی تلاش جاری
[/pullquote]
بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں اپنے اغوا شدہ دو کارکنوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ افراد اُس وقت مغوی بنائے گئے تھے، جب ریڈکراس کا ایک قافلہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ کی زد میں آ گیا تھا۔ فائرنگ کے دوران بین الاقوامی ادارے کے چھ کارکن ہلاک بھی ہوئے۔ حملہ جوزجان کے علاقے میں کیا گیا تھا۔ ریڈکراس کے ترجمان نے اعتراف کیا کہ دونوں کارکنوں کا کھوج ابھی تک نہیں لگایا جا سکا ہے۔ فی الحال کسی گروپ نے ریڈکراس کے قافلے پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم جوزجان کی پولیس کے سربراہ رحمت اللہ ترکستانی کا کہنا ہے کہ حملہ مقامی ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جہادیوں نے کیا تھا۔
[pullquote]امریکی وفاقی اپیل کورٹ نے بھی ٹرمپ کی سفری پابندیاں بحال کرنے سے انکار کر دیا
[/pullquote]
کل جمعرات، نو فروری کو سان فرانسسکو کی وفاقی اپیل کورٹ نے امریکی صدر کی سات مسلمان ملکوں کے شہریوں اور مہاجرین کے امریکا داخلے پر پابندی کے ایگزیکٹیو آرڈر کو جائز اور قانونی قرار دینے کی حکومتی اپیل مسترد کر دی۔ تین ججوں پر مشتمل اپیل کورٹ نے یہ فیصلہ متفقہ طور پر سنایا۔ ججوں کے مطابق صدارتی ایگزیکٹو آرڈرکو جن قانونی چیلنجز کا سامنا ہے، اُس کے تناظر میں اُسے بحال نہیں کیا جا سکتا۔ وفاقی اپیل کورٹ سان فرانسسکو شہر میں امریکی محکمہٴ انصاف کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کر رہی تھی۔ ججوں کے مطابق پابندی کے حق میں جو دلائل دیے گئے ہیں، اُن سے کئی قسم کے اہم دستوری نکات سامنے آئے ہیں اور وہ جواب طلب ہیں۔
[pullquote]ترکمانستان میں صدارتی الیکشن اتوار کو ہوں گے
[/pullquote]
وسطی ایشیائی ریاست ترکمانستان میں صدارتی الیکشن کے سلسلے میں اتوار، بارہ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس الیکشن میں نو امیدوار میدان میں ہیں لیکن قوی امکان ہے کہ صدر قربان علی بیردی محمدوف ایک مرتبہ پھر جیت جائیں گے۔ صدر بیردی محمدوف کو جن امیدواروں کا سامنا ہے، وہ اُن کے ماتحت اور علاقائی سطح کے افراد ہیں۔ ایک امیدوار حکومتی آئل ریفائنری کا ڈائریکٹر ہے جبکہ ایک دوسرا امیدوار حکومت کے زرعی محکمے سے تعلق رکھتا ہے۔ ترکمانستان میں صدارتی الیکشن کی انتخابی مہم کل ہفتہ کے روز ختم ہو گی۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عام لوگوں کو دیگر امیدواروں کے بارے میں معلومات نہ ہونے کے برابر ہیں اور وہ کھلے عام صدر بیردی محمدوف کو ووٹ ڈالنے کی بات کرتے ہیں۔
[pullquote]آزاد امیدوار میکرون صدارتی الیکشن جیت سکتے ہیں، فرانسیسی رائے عامہ
[/pullquote]
فرانس میں صدارتی انتخابات 23 اپریل کو ہوں گے۔ اس الیکشن کے لیے دائیں بازو کی ری پبلکن پارٹی کے امیدوار فرانسوا فِیوں کو کرپشن اسکینڈل کا سامنا ہے اور اُن کی مقبولیت خاصی کم ہو چکی ہے۔ اس صورت حال میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق الیکشن کے پہلے مرحلے میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل فرنٹ کی خاتون لیڈر مارین لے پین کو 24 فیصد، آزاد امیدوار ایمانوئل میکرون کو 21 فیصد اور فرانسوا فیوں کو 20 فیصد ووٹ ڈالے جانےکا اندازہ لگایا گیا ہے۔ ان جائزوں کے مطابق سات مئی کو ہونے والے دوسرے مرحلے میں آزاد امیدوار میکرون کو 65 فیصد تک ووٹ مل سکتے ہیں اور مارین لے پین کو 35 فیصد ووٹ ڈالے جا سکتے ہیں۔
[pullquote]صومالیہ میں بھوک کا بحران، لوگ گھر بار چھوڑ کر خوراک کی تلاش میں در بدر
[/pullquote]
قرنِ افریقہ میں مسلسل جاری خشک سالی اور غذائی قلت کے باعث ہزارہا خاندان گھر بار چھوڑ کر خوراک کی تلاش میں در بدر ہیں۔ امدادی تنظیم ’سیو دی چلڈرن‘ کے مطابق یہ لوگ پانی اور اپنے مویشیوں کے لیے چارے کی تلاش میں دیگر علاقوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ صومالیہ میں اس تنظیم کی ملکی شاخ کے سربراہ حسن نور سعدی نے بتایا کہ وہاں ہر طرف بھوک سے مر جانے والی بکریوں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں۔ صومالیہ کے شمالی علاقوں کو گزشتہ ساٹھ برس سے زائد عرصے کی بدترین خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق صومالیہ میں کم از کم تین لاکھ ساٹھ ہزار بچے کم خوراکی کا شکار ہیں جب کہ تقریباً ستّر ہزار کی جانیں خطرے میں ہے۔
[pullquote]جنوبی افریقہ کی پارلیمنٹ میں ہنگامہ، مُکّوں کا استعمال اور گالیاں
[/pullquote]
جنوبی افریقہ میں سربراہِ مملکت جیکب زُوما کے خلاف مزاحمت شدید تر ہوتی جا رہی ہے۔ ملکی حالات کے بارے میں اُن کے سالانہ خطاب سے پہلے بائیں بازو کی اپوزیشن جماعت ای ایف ایف کے ارکان نے بلند آواز میں اُن کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے زُوما کو ایک بدعنوان ’غنڈہ‘ اور ’آئین توڑنے والا‘ قرار دیا۔ اس پر ارکان کے درمیان مُکوں کا استعمال شروع ہو گیا اور سکیورٹی کے ارکان ای ایف ایف کے اراکینِ پارلیمان کو زبردستی پارلیمنٹ سے باہر لے گئے۔ اسپیکر نے ان تمام اراکین کو پارلیمنٹ سے باہر نکال دینے کا حکم دیا تھا۔ اس کے کچھ دیر بعد ایک اور اپوزیشن جماعت ڈی اے کے ارکان بھی پارلیمنٹ چھوڑ کر چلے گئے۔ پارلیمان کی یہ ساری کارروائی ٹیلی وژن پر براہِ راست دیکھی جاتی رہی۔
[pullquote]ایردوآن سے متعلق طنزیہ نظم پر جزوی پابندی برقرار
[/pullquote]
ہیمبرگ کی عدالت نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن پر لکھی گئی استہزائیہ نظم پر عائد پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پابندی کے تحت اس نظم کو نشرِ مکرر کے طور پر ٹیلی وژن پر پیش نہیں کیا جا سکتا۔ مزاحیہ اداکار ژان بوہیمرمان نے یہ نظم پبلک ٹیلی وژن پر پیش کی تھی۔ یہ امر اہم ہے کہ کئی دوسرے ٹیلی وژن چینلوں نے بھی ایردوآن بارے مزاحیہ گیت نشر کیے ہیں لیکن اُن پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
[pullquote]ٹرمپ ’ون چائنا‘ پالیسی کا احترام کرنے کے لیے تیار
[/pullquote]
امریکی صدر حالیہ دنوں میں فون پر عالمی رہنماؤں سے بات چیت کرتے رہے ہیںوائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے بات چیت کے دوران ‘ون چائنا’ پالیسی کا احترام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔امریکی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جمعرات کی شب ایک طویل فون کال کے دوران مختلف توجہ طلب مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔ون چائنا پالیسی کے احترام کا مطلب امریکہ کی جانب سے سفارتی سطح پر یہ بات تسلیم کرنا ہے کہ صرف ایک ہی چینی حکومت وجود رکھتی ہے۔
[pullquote]آئفل ٹاور کے گرد شیشے کی دیوار نصب کی جائے گی
[/pullquote]
دھاتی جنگلے کی جگہ شیشے نصب کیے جائیں گے.فرانس کے دارالحکومت پیرس میں حکام کے مطابق کے مطابق آئفل ٹاور کو دہشت گرد حملوں سے بچانے کے لیے اس کے گرد آٹھ فٹ اونچی شیشے کی مضبوط دیوار نصب کی جائے گی۔ پیرس کے میئر کے دفتر کا کہنا ہے کہ شیشے کی دیوار 2016 میں یورو فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران نصب کیے گئے دھاتی جنگلے کی جگہ لگائی جائے گی۔