پیر : 02 اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روسی صدر ترکی کا دورہ کریں گے[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کل منگل سے ترکی کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ انقرہ میں وہ ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقاتیں کریں گے۔ ماسکو حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق پوٹن اور ایردوآن مشترکہ طور پر ایک جوہری بجلی گھر کا بھی افتتاح کریں گے۔ اس کے علاوہ تینوں رہنما خطے اور خاص طور پر شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ کچھ عرصے میں ترکی کے روس کی جانب جھکاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]بوکو حرام اور سرکاری فورسز کی لڑائی کم از کم 18 افراد ہلاک، درجنوں زخمی[/pullquote]

افریقی ملک نائجیریا میں جہادی گروپ بوکو حرام اور حکومتی فورسز کے مابین لڑائی کے نتیجے میں کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک اور اسی سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ نائجیریا کے ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق بوکو حرام اور فوجیوں کے مابین یہ جھڑپیں شمال مشرقی شہر میداگوری میں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے وہ شہری ہیں، جو دو طرفہ لڑائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکومت اور بوکو حرام کے مابین نو سالہ لڑائی میں اب تک بیس ہزار افراد ہلاک اور بیس لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]میکسیکو کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ ختم کرنے کی امریکی دھمکی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو کے ساتھ نافٹا نامی شمالی امریکی آزاد تجارتی معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔ امریکی صدر کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میکسیکو کی سرحدی حفاظتی اقدامات ناکافی ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق میکسیو امریکا آنے والے غیرقانی تارکین وطن کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھانے سے گریزاں ہے۔ ٹرمپ کے دباؤ کی وجہ سے نافٹا تجارتی معاہدے پر از سر نو مذاکرات جاری ہیں۔

[pullquote]چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کر دیے[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دینے کے لیے چین نے بھی ایک سو اٹھائیس امریکی مصنوعات پر پندرہ سے پچیس فیصد محصولات عائد کر دیے ہیں۔ چینی وزارت تجارت کے مطابق جن امریکی اشیاء کی درآمد پر مزید ٹیکس عائد کیا گیا ہے، ان میں شراب، خنزیر کا گوشت اور پھل شامل ہیں۔ اس طرح چین تقریبا تین ارب ڈالر اضافی جمع کر پائے گا۔ قبل ازیں امریکی صدر نے چین سے درآمد کیے جانے والے اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی محصول عائد کیا تھا۔

[pullquote]کشمیر میں عام ہڑتال کا اعلان، بیس افراد ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ہوئی تازہ خونریز جھڑپوں کے نتیجے میں تین فوجیوں سمیت کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نئی دہلی حکومت نے مزید تشدد کے پیش نظر سری نگر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سری نگر میں یہ تازہ تشدد اس وقت شروع ہوا، جب بھارتی سکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق یہ مظاہرین بھارت مخالف نعرے بازی کر رہے تھے اور انہوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ کشمیری باغی گروہوں نے پیر کے دن عام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]بحرین کی تاریخ میں تیل کے سب سے بڑے ذخائر دریافت[/pullquote]

خلیجی ملک بحرین کی تاریخ میں تیل کے اب تک کے سب سے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ بحرین حکومت کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں انیس سو بتیس کے بعد دریافت ہونے والے یہ سب سے بڑے ذخائر ہیں۔ اعلیٰ کمیٹی برائے قدرتی وسائل نے بتایا ہے کہ وہاں خام تیل کے ساتھ ساتھ قدرتی گیس کے بھی ذخائر موجود ہیں۔ سعودی عرب کے اتحادی ملک بحرین کا انحصار خام تیل اور قدرتی گیس کی برآمدات پر ہی ہے۔ م‍اناما حکومت کی آمدنی کا اسی فیصد حصہ انہی سے حاصل ہوتا ہے۔ حالیہ چند برسوں میں خام تیل کی کم قیمتوں کی وجہ سے اس کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔

[pullquote]ملالہ یوسفزئی دوبارہ برطانیہ چلی گئیں[/pullquote]

نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان کے مختصر دورے کے بعد پیر کے روز واپس برطانیہ روانہ ہو گئی ہیں۔ سن دو ہزار بارہ میں پاکستانی طالبان کے حملے کے بعد ملالہ پہلی مرتبہ پاکستان آئی تھیں۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی روبینہ ملک نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ملالہ اسلام آباد پیر کی صبح قطر ایئر ویز کی ایک پروازکے ذریعے دوحہ گئی ہیں اور وہاں سے وہ برطانیہ روانہ ہوں گی۔

[pullquote]افغانستان میں مدرسے پر ملکی فورسز کی بمباری، درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں ایک مدرسے پر ملکی فورسز کے ایک مبینہ فضائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ قندوز کی صوبائی کونسل کے ایک رکن مولوی عبداللہ نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ ’مولوی گجر‘ نامی مدرسے پر اس حملے کے نتیجے میں 50 سے 60 تک طالبان عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ عبداللہ کے مطابق جس وقت یہ فضائی حملہ کیا گیا، اس وقت طالبان کے کئی ارکان اور عام شہری وہاں قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں سویلین ہلاکتوں کی تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔

[pullquote]عراق میں مارے گئے 38 بھارتیوں کی لاشیں وطن پہنچ گئیں[/pullquote]

عراق میں دہشت گرد گروپ داعش کے ہاتھوں مارے جانے والے 38 بھارتی شہریوں کی لاشیں شمالی بھارتی شہر امرتسر پہنچ گئی ہیں۔ بھارت کے جونیئر وزیر دفاع ان لاشوں کو ایک خصوصی طیارے کے ذریعے لے کر وطن پہنچے۔ داعش نے سال 2014ء کے موسم گرما میں موصل کا کنٹرول حاصل کرنے کے فوری بعد ان بھارتی تعمیراتی مزدوروں کو یرغمال بنا کر بعد میں قتل کر دیا تھا۔ ان افراد کی جسمانی باقیات گزشتہ برس ایک اجمتاعی قبر سے دریافت ہوئی تھیں تاہم ان کی شناخت گزشتہ ماہ ممکن ہو سکی تھی۔ داعش کے جنگجوؤں نے کُل 40 بھارتی شہریوں کو یرغمال بنایا تھا۔ ان میں سے ایک شخص بعد میں ان کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ ایک بھارتی شہری تاہم ابھی تک لاپتہ ہے۔

[pullquote]مصر میں السیسی بھاری اکثریت سے دوسری مرتبہ صدر منتخب[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی ملک میں ہونے والے حالیہ صدارتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے دوبارہ صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ مصری الیکشن کمیشن کے مطابق السیسی کو ڈالے گئے کُل ووٹوں کا 97 فیصد ملا۔ چار برس قبل ہونے والے انتخابات میں بھی سابق فوجی سربراہ السیسی کو اتنی ہی شرح سے ووٹ ملے تھے۔ تاہم اس مرتبہ 2014ء میں ہونے والے انتخابات کے مقابلے میں ووٹنگ میں عوامی شرکت کا تناسب کم یعنی محض 41 فیصد رہا۔

[pullquote]نیلسن منڈیلا کی سابقہ اہلیہ وِنی منڈیلا انتقال کر گئیں[/pullquote]

جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز کے خلاف لڑنے والے آنجہانی رہنما نیلسن منڈیلا کی سابقہ اہلیہ وِنی منڈیلا 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ منڈیلا خاندان کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وِنی منڈیلا کا انتقال جوہانسبرگ کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ وہ جنوبی افریقہ میں نسلی امتیاز اور نسل پرستی کے خلاف طویل جدوجہد میں بھی شریک رہی تھیں۔

[pullquote]اسرائیل افریقی مہاجرین کو مغربی ممالک بھیجے گا[/pullquote]

اسرائیل اپنے ملک میں موجود سولہ ہزار سے زائد مہاجرین کو ڈی پورٹ کرنے کی بجائے مغربی ممالک میں بھیجے گا۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین اور اسرائیل کے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا تھا۔ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق باقی ماندہ مہاجرین کو آئندہ پانچ برس کے لیے ملک میں رہنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اسرائیل میں تقریباﹰ سینتیس ہزار افریقی مہاجرین کو ممکنہ ملک بدری کا سامنا ہے۔

[pullquote]آخری باغی گروپ نے بھی مشرقی غوطہ سے نکلنا شروع کر دیا[/pullquote]

شام کے دارالحکومت کے قریب واقع مشرقی غوطہ کے علاقے سے آخری باغی گروپ جیش الاسلام نے بھی انخلاء شروع کر دیا ہے۔ باغیوں نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ اس علاقے سے انخلا روس کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد شروع کیا ہے۔ اس انخلاء کے بعد مشرقی غوطہ کا مکمل علاقہ حکومتی فورسز کے کنٹرول میں آ جائے گا۔ یہ صدر بشار الاسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]یمن: فضائی حملے میں مزید سولہ افراد ہلاک[/pullquote]

یمن میں ہونے والے ایک فضائی حملے کے نتیجے میں مزید سولہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی مطابق سعودی عسکری اتحاد کی جانب سے الحدیدہ بندرگاہ کے قریب یہ حملہ اس عمارت پر کیا گیا، جہاں ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی جمع تھے۔ اس حملے میں عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی بھی خبریں موصول ہو رہی ہیں لیکن ابھی تک آزاد ذرائع سے ان خبروں کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔

[pullquote]غزہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی[/pullquote]

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا مزید ایک فلسطینی ہلاک ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جمعے کے روز اسرائیل غزہ سرحد پر ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر اٹھارہ تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے پاس حماس کے دو مبینہ کارکنوں کی لاشیں موجود ہیں۔ انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق یہ مظاہرین کوئی خطرہ نہیں تھے اور ان کے خلاف اس طرح طاقت کا استعمال غیرقانونی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے اپنی اس کارروائی کا دفاع کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے