منگل : 24 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]نريندر مودی ايک عظيم رہنما ہيں: امريکی صدر[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزير اعظم نريندر مودی کو ايک عظيم رہنما قرار ديا ہے۔ ٹرمپ نے احمد آباد ميں دنيا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹيڈيم ميں ’نمستے ٹرمپ‘ نامی ريلی سے خطاب ميں يہ بات کہی اور مہمان نوازی پر بھارتی عوام کا شکريہ ادا کيا۔ ٹرمپ نے بھارت کے ليے مزيد اسلحے کی فروخت کا اعلان کيا اور يہ بھی کہا کہ تجارتی معاہدے کے ليے مذاکرات جاری ہيں۔ امريکی صدر اپنی اہليہ ملانيا ٹرمپ اور ايک وفد کے ساتھ بھارت کے دو روزہ دورے پر ہيں۔ دريں اثناء دارالحکومت نئی دہلی، کولکٹہ، حيدرآباد اور گوہاٹی سميت ديگر چند شہروں ميں حکومت مخالفت مظاہرے بھی پھوٹ پڑے۔

[pullquote]اسانج کی امريکا حوالگی کی درخواست پر عدالتی کارروائی شروع[/pullquote]

وکی ليکس کے بانی جولين اسانج کی امريکا حوالگی کی درخواست پر برطانوی دارالحکومت لندن ميں عدالتی کارروائی آج سے شروع ہو گئی ہے۔ ابتدائی سماعت ميں امريکی وکلاء نے موقف اختيار کيا کہ اسانج نے خفيہ دستاويزات عام کر کے امريکی شہريوں کی زندگيوں کو خطرے ميں ڈالا۔ اڑتاليس سالہ اسانج امريکی حکومت کو اٹھارہ مختلف جرائم ميں مطلوب ہيں، يہ جرائم ثابت ہونے پر انہيں کئی دہائيوں کی قيد ہو سکتی ہے۔ لندن ميں اس موقع پر عدالت کے باہر اسانج کے حامیوں کا احتجاج بھی جاری ہے۔ امريکا اسانج پر جاسوسی کا مقدمہ چلانا چاہتا ہے۔ اسانج کو گزشتہ برس اپريل ميں حراست ميں ليا گيا تھا۔

[pullquote]انسانی حقوق کے تحفظ کے ليے ايکشن پلان[/pullquote]

دنيا بھر ميں انسانی حقوق کے تحفظ کے ليے اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے سات نکات پر مشتمل آج ايک ايکشن پلان لانچ کيا ہے۔ انہوں نے جنيوا ميں ہيومن رائٹس کونسل کے اجلاس ميں يہ اعلان کيا۔ گوٹيرش نے زور ديا ہے کہ استحکام، ترقی اور دنيا کے مستقبل کے ليے انسانی حقوق کا تحفظ لازمی ہے۔ سيکرٹری جنرل نے حکومتوں پر زور ديا کہ وہ ان امور کو اپنی حکمت عملی ميں شامل کريں۔ انٹونيو گوٹيرش نے اقوام کو متنبہ کیا کہ اس وقت جنگی جرائم، عورتوں کو ہراساں کيے جانے کے واقعات اور حقوق کے رضاکاروں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ اقليتوں کے ساتھ نا انصافی جيسے مسائل کو روکنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]چين ميں جنگلی جانوروں کی تجارت اور انہيں پکانے پر پابندی[/pullquote]

چين نے جنگلی جانوروں کی تجارت اور انہيں کسی بھی طريقے سے پکانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی پر عمل درآمد فوری طور پر شروع کر دیا گيا ہے۔ شبہ ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم جنگلی جانوروں کے ذريعے ہی پھیلی تھی۔ چينی شہر ووہان سے پھيلنے والی يہ وبا اب تک ڈھائی ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت کا سبب بن چکی ہے جب کہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد اسی ہزار سے زائد ہے۔ چين ميں ہنگامی صورتحال کے سبب پارليمان کا سالانہ سيشن بھی منسوخ کر ديا گيا ہے۔ کميونسٹ پارٹی کے اس اہم اجلاس ميں بجٹ، قوانين ميں تراميم اور ديگر اہم معاملات طے کيے جاتے ہيں۔

[pullquote]جنوبی کوريا ميں کورونا وائرس تيزی سے پھيلتا ہوا[/pullquote]

جنوبی کوريا ميں آج بروز پير کورونا وائرس کی نئی قسم 161 نئے مریضوں میں تشخیص کی گئی ہے۔ اس طرح جنوبی کوريا ميں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 763 ہو گئی ہے۔ وائرس میں مبتلا جنوبی کوریائی مریضوں کی تعداد چين کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ کووڈ انیس وائرس کا زیادہ پھیلاؤ جنوبی کوريا کے جنوبی شہر ڈيگو میں ہوا۔ پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران دو مزيد افراد وائرس کے سبب ہلاک بھی ہوئے اور يوں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔ جنوبی کوريا نے اسکولوں کو مزيد ايک ہفتے بند رکھنے کے احکامات جاری کيے ہيں جبکہ ملک ميں ’ريڈ الرٹ‘ نافذ ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس عالمی معيشت کے ليے خطرہ، آئی ايم ايف[/pullquote]

عالمی مالياتی فنڈ نے خبردار کيا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب عالمی اقتصاديات ميں بہتری کا پہلے سے نازک عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ آئی ايم ايف کی سربراہ نے سعودی دارالحکومت رياض ميں ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خرانہ کے اجلاس کے بعد بتايا کہ اس سال عالمی سطح پر اقتصادی نمو کی شرح 3.3 رہنے کا امکان ہے تاہم يہ شرح کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر بھی ہو سکتی ہے۔ ان کے بقول وائرس کے سبب دنيا بھر ميں ايمرجنسی کی سی صورتحال ہے۔ اسی سبب چين ميں معاشی سرگرمياں بری طرح متاثر ہوئی ہيں جن کا اثر عالمی معيشت پر بھی پڑے گا۔

[pullquote]مہاتیر محمد نے منصب وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے ملک کے دستوری بادشاہ کے نام تحریر کردہ خط میں اپنے منصب سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس استعفے کے بعد حکمران مخلوط حکومت کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔ اسی ویک اینڈ پر مہاتیر محمد کے متوقع جانشین انور ابراہیم کے بغیر ایک نئی حکومت تشکیل دینے کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔ ابھی تک يہ واضح نہیں کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد بھی مہاتیر منصب وزارت عظمیٰ پر براجمان رہیں گے۔ مشرق بعید کے مسلم اکثریتی آبادی کے حامل اس ملک کو اس وقت ایک شدید سیاسی بحران کا سامنا ہے۔

[pullquote]خالد سعید بن عمر باطرفی، جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے نئے سربراہ[/pullquote]

دہشت گرد نيٹ ورک القاعدہ کی جزیرہ نما عرب میں سرگرم شاخ نے ایک امریکی حملے میں اپنے رہنما قاسم الریمی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ خالد سعید بن عمر باطرفی کو القاعدہ کا نیا رہنما مقرر کیا گيا ہے۔ القاعدہ کی شاخ کے مذہبی امور کے نگران حامد بن حمود التمیمی نے پير کو جاری کردہ آڈيو پيغام ميں يہ اعلانات کيے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چھ فروری کو اعلان کیا تھا کہ قاسم الریمی کو یمن میں انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن ميں ہلاک کر ديا گيا ہے۔ واشنگٹن حکومت جزیرہ نما عرب میں اس دہشت گرد نیٹ ورک کو کافی خطرناک قرار دیتی ہے۔

[pullquote]اسرائيل کی دمشق اور غزہ پٹی ميں فضائی کارروائی[/pullquote]

شامی دارالحکومت دمشق کے قريب اتوار اور پير کی درميانی شب اسرائيل کی بمباری کے نتيجے ميں کم از کم چھ شام نواز جنگجو مارے گئے ہيں۔ سيريئن آبزرویٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق ان ميں سے دو اسلامک جہاد کے ارکان تھے اور چار ايران نواز شامی جنگجو تھے۔ علاوہ ازيں اسرائيلی فوج نے غزہ پٹی ميں بھی اہداف کو نشانہ بنايا۔ فوجی بيان ميں کہا گيا ہے کہ يہ کارروائی جنوبی اسرائيل کی جانب راکٹ حملوں کے رد عمل ميں کی گئی۔ اسلامک جہاد نے اسرائيل پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]ہيٹی ميں پوليس اور فوج کے مابين تصادم[/pullquote]

ہيٹی ميں ملکی پوليس اور فوج کے مابين فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بہتر تنخواہوں کا مطالبہ کرنے والے پوليس اہلکاروں نے اتوار کو سہ پہر کے وقت شامی محل پر دھاوا بول ديا اور اسی وقت وہاں حفاظت پر مامور فوجی اہلکاروں کے مابین فائرنگ شروع ہو گئی۔ يہ جھڑپ کئی گھنٹوں تک جاری رہی اور اس ميں ایک اہلکار ہلاک اور متعدد اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ پورٹ او پرنس ميں صورتحال کافی کشيدہ ہے اور حکومت نے کارنيوال کی پريڈ بھی منسرخ کر دی ہے۔ ہيٹی مں پوليس کئی ماہ سے بہتر تنخواہوں اور بہتر سہوليات کے مطالبات کر رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے