بدھ: 15 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ آج بدھ کے روز تک کووِڈ انیس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں بھی سوا لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں۔ اس وائرس کے پھیلاؤ کے اعتبار سے امریکا سرفہرست ہے، جہاں چھ لاکھ چودہ ہزار دو سو چھیالیس افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ وہاں اب تک چھبیس ہزار چونسٹھ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ اسپین میں قریب پونے دو لاکھ افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ پاکستان میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی وجہ سے مزید گیارہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی، جس کے بعد اس وائرس کی وجہ سے وہاں مجموعی ہلاکتیں سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔

[pullquote]اقتصادی نمو کے لیے اگلے بجٹ میں بھاری سرمایہ کاری، یورپی منصوبہ[/pullquote]

یورپی یونین نے اگلے طویل المدتی بجٹ میں اقتصادی بحالی کے لیے سرمایہ بڑھانے کا عندیہ دیا ہے۔ یورپی کونسل کے صدر چارلس مِچل نے کہا کہ یورپی رہنما سن 2021 تا 2027 کے مشترکہ یورپی بجٹ پر نظرثانی کے منصوبے پر ایک ویڈیو کانفرنس میں گفت گو کریں گے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارژلا فان ڈیر لائن نے بھی کہا ہے کہ یورپی یونین کا اگلا بجٹ کورونا بحران پر یورپی ردعمل کا آئینہ دار ہو گا۔

[pullquote]کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باوجود تائیوان ہائی الرٹ[/pullquote]

تائیوان میں بدھ کو کورونا وائرس کے دو نئے کیس سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ روز یہ تعداد صفر تھی۔ تائیوانی حکام کے مطابق یہ دو نئے مریض حال ہی میں امریکا سے وطن واپس لوٹے تھے۔ تائیوان میں اب تک کورونا وائرس کے 395 مریض سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے تین سو چالیس باہر سے آنے والے لوگ تھے۔ حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باوجود فی الحال ملک اس معاملے پر ہائی الرٹ ہی رہے گا۔

[pullquote]صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہء صحت کی فنڈنگ روک دی[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہء صحت کو امریکی سرمايے کی فراہمی روکنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس عالمی ادارے نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں اس وائرس کا پھیلاؤ شروع ہوا، تو عالمی ادارہ صحت اس کی روک تھام میں ناکام رہا۔ گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے ایک پریس بریفنگ میں الزام عائد کیا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی ناقص کارکردگی اس وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ بنی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اپنی بنیادی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں ناکام رہا، جس کے لیے اسے جواب دہ ہونا ہو گا۔

[pullquote]صحافی کے گھر کی تلاشی غیر قانونی عمل تھا، آسٹریلوی عدالت[/pullquote]

آسٹریلیا کی اعلیٰ عدالت نے ایک صحافی کے گھر پر چھاپے کی کارروائی کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔ جون سن 2019 میں پولیس نے معروف آسٹریلوی صحافی انیکا سمیتھرسٹ کے گھر پر چھاپہ مار کر خفیہ ادارے اور دیگر حکام کی وہ فائلیں اور دیگر مواد قبضے میں لے لیا تھا، جن پر ’خفیہ‘ اور ’انتہائی خفیہ‘ جیسے الفاظ تحریر تھے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے چھاپے کے لیے وارنٹ حاصل کرتے ہوئے، صحافی پر اصل الزام یا جرم کی واضح نوعیت نہیں بتائی تھی، اس لیے یہ ایک غیر قانونی کارروائی تھی۔

[pullquote]عالمی وبا کی وجہ سے جرمن آرٹ نمائش کی تیاری آن لائن[/pullquote]

جدید آرٹ سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی نمائش ڈوکیومنٹا کے انعقاد کی تیاری اب آن لائن ہو رہی ہے۔ ہر پانچ برس بعد منعقد کی جانے والی اس نمائش کو آٹھارہ جون سے 25 ستمبر دو ہزار بائیس میں جرمن شہر کاسیل میں منعقد ہونا ہے۔ ڈوکیومنٹا سوسائٹی کی ڈائریکٹر جنرل زابینے شورمان نے کہا کہ نمائش کی تیاری کو تیز رفتاری سے ڈیجیٹل طریقے پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں سفری پابندیاں عائد ہیں اور اس تناظر میں نمائش میں شامل فن کاروں سے روبہ رو ملاقاتیں مشکلات کا شکار ہیں۔ اس 15 ویں عالمی نمائش میں انڈونیشیا کے راؤن گوروپا کے فن کاروں کے شاہکار شامل کیے جانا ہیں۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ایک ارب تیس کروڑ آبادی والے ملک بھارت میں اسی تناظر میں لاک ڈاؤن کو تین مئی تک وسعت دے دی گئی ہے۔ سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارتی معیشت کو شدید اثرات برداشت کرنا پڑیں گے، تاہم گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نیرندر مودی نے بھارتی عوام سے التماس کی کہ وہ تنظیم کا مظاہرہ کریں۔ دوسری جانب پاکستان اور نیپال میں بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

[pullquote]جنگجوؤں کے گھروں پر امریکی بمباری امن ڈیل سے متصادم ہے، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان کے سیاسی ونگ کے ترجمان سہیل شاہین کے مطابق افغانستان میں جنگجوؤں کے گھروں پر امریکی بمباری امن ڈیل سے متصادم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں طالبان کے چیف مذاکرات کار ملا عبدل غنی برادر نے قطر میں امریکا سے احتجاج بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے ارکان کو ان کے رہائشی علاقوں میں نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کی امن ڈیل میں کوئی جگہ نہیں بنتی۔ ادھر منگل کو امریکی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

[pullquote]سیاحت کے شعبے میں لاکھوں ملازمتیں خطرے میں ہیں، تیونس[/pullquote]

تیونس حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک میں سیاحت کے شعبے کو ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے، جب کہ چار لاکھ ملازمتیں بھی ختم ہونے کے خطرات ہیں۔ تیونس نے اسی تناظر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مدد بھی طلب کی ہے۔ تیونس کے مرکزی بینک کے گورنر اور وزیر خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے ایک مراسلے میں بتایا گیا ہےکہ ملکی اقتصادیات چار اعشاریہ تین فیصد تک سکڑنے کے خدشات ہیں۔

[pullquote]کورونا وائرس کے انسداد کے اقدامات کے بغیر ہلاکتیں چار لاکھ تک ہو سکتی ہیں، جاپانی وزارت صحت[/pullquote]

ایک جاپانی مطالعاتی رپورٹ میں تخمینہ لگایا گیا ہےکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے اقدامات نہ اٹھائے گئے، تو اس وبا کی وجہ سے ہلاکتیں چار لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہیں۔ جاپانی وزارت صحت کی ایک مطالعاتی ٹیم کے مطابق اس وائرس کی وجہ سے ساڑھے آٹھ لاکھ افراد کو وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ رپورٹ ہوکائیڈو یونیورسٹی کے متعدی بیماریوں کے ماہر پروفیسر ہیروشی نِیشیورا کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جو کورونا وائرس کی وبا پر حکومتی ردعمل سے متعلق مشاورت بھی فراہم کر رہے ہیں۔

[pullquote]ڈنمارک میں ایک ماہ کی بندش کے بعد اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے[/pullquote]

ڈنمارک میں ایک ماہ کی بندش کے بعد اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ یورپ میں ڈنمارک وہ پہلا ملک ہے، جہاں پرائمری اسکول اور کنڈر گارٹن دوبارہ کھل رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں ڈنمارک میں 12 مارچ کو اسکول بند کر دیے گئے تھے۔ تاہم بتایا گیا ہے کہ بچوں کے یہ اسکول ڈنمارک کی فقط نصف میونسپلٹیز میں کھل رہے ہیں جبکہ دارالحکومت کوپن ہیگن کے بھی 35 فیصد ادارے کھل گئے ہیں۔ باقی علاقوں اور اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں مزید وقت طلب کیا گیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے بانی کی سالگرہ تقریبات، غیرعمومی طریقے سے[/pullquote]

کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں شمالی کوریا کے بانی کم اِل سنگ کی سال گرہ کی تقریبات غیر عمومی طور پر کم سطح کی منائی جا رہی ہیں۔ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے انسداد کے لیے انتہائی سخت اقدامات کر رکھے ہیں اور ایسے میں یہ تقریبات محدود رکھی گئی ہیں۔ آج شمالی کوریا کے موجودہ رہنما کم جونگ اُن کے دادا کم اِل سنگ کا ایک سو آٹھواں جنم دن منایا جا رہا ہے۔ شمالی کوریا کے سیاسی کیلنڈر میں پندرہ اپریل سب سے اہم دن ہے اور اسے یومِ خورشید قرار دیا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے