سندھ حکومت سے مذاکرات ناکام ،تاجروں کا آج سے تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان

سندھ حکومت سے تاجر رہنماؤں کے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد تاجروں نے آج سے تمام مارکیٹیں کھولنے کا اعلان کردیا۔

کمشنر آفس کراچی میں سندھ کے وزراء کی تاجر تنظیموں کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی اس دوران مطالبات نہ ماننے پر تاجر رہ نما احتجاجاً مذاکرات چھوڑ کر آگئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنما شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

چیئرمین سندھ تاجر اتحاد عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہم پورے وقت دکانیں کھول کر کاروبار کریں گے اور چاند رات تک تاجر 24 گھنٹے کاروبارکریں گے۔

عتیق میر کا کہنا تھا کہ ہم نے کمشنر کراچی سے وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا لیکن حکومت نے ہمارے تمام مطالبات مسترد کر دیے، ہمارا حق ہے کہ چاند رات تک کاروبار کریں،عید سیزن میں دووقت کی روٹی کمانا ہمارا حق ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں گرفتار دینی پڑی تو دیں گے،ضابطہ کار (ایس او پی) پر مکمل عمل کرکے کاروبارجاری رکھیں گے۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ شہر بھرکی مارکیٹیں مسلسل 6 روز تک کھولنے دی جائیں اور شاپنگ مالز پنجاب کی طرزپر کھولنے کی اجازت دی جائے۔

چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کے اوقات میں تبدیلی نہیں کی:امتیاز شیخ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ فی الحال شاپنگ مالز بند رہیں گے اور حکومت نے چھوٹی مارکیٹیں کھولنے کے اوقات میں بھی تبدیلی نہیں کی، تاجروں کی درخواست پر سیل کی گئی مارکیٹیں کھولنے کی ہدایت کردی ہے اور تاجر رہنماؤں سے کہا ہے ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی میٹنگ میں طے ہوا تھا کہ شاپنگ مال نہ کھولے جائیں،ہم 31 مئی تک کے فیصلے پر قائم ہیں۔

اتفاق رائے کیلئے جو قدم اٹھایا تحریک انصاف نے اسے سبوتاژ کیا:سعید غنی
سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم نے اتفاق رائے کے لیے جو جو قدم اٹھایا تحریک انصاف نے اسے سبوتاژ کیا،کچھ صوبوں کو استعمال کر کے وفاقی حکومت ایسی صورتحال پیدا کرتی ہے کہ پنجاب میں کچھ اور سندھ میں کچھ ہو رہا ہے تو یہ بہت غلط بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرعظم کو کسی فیصلے پر نظر ثانی کرنی ہے تو قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی)کی میٹنگ بلائیں جس میں تمام اسٹیک ہولڈر ہوتے ہیں،این سی سی کے فیصلوں کو اسی فورم پر زیر بحث لانے کے بجائےخود سے کوئی فیصلے کرنا نامناسب ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ان لوگوں کو شہہ دے رہی ہے تاکہ سندھ کے حالات خراب ہوں لیکن ہم یہ سازش کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے