پیٹرول بحران: تین دن میں صورتحال بہتر ہوجائیگی، وزیر پیٹرولیم کا دعویٰ

پشاور: وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہےکہ آئندہ تین روز میں ملک میں پیٹرول کی صورتحال بہتر ہوجائے گی۔

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ جو ذخیرہ اندوزی کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، یہ مافیا عوام تک ثمرات پہنچنے نہیں دے رہی اور اس مافیا کے خلاف پہلی دفعہ کارروائی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اگلے تین دن میں صورت حال بہتر ہوجائے گی، ابھی بھی کارروائی کی جارہی ہے اور پیٹرول کے ذخائر پکڑ کر مقدمات درج کی گئیں ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی مانگ 30 فیصد زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد یکم جون سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہ ملنے کی شکایات ہیں اور حکومت اب تک اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکام ہے۔

کراچی سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے اور اکثر پیٹرول پمپ کھلے تو ہیں لیکن پیٹرول دستیاب نہیں اور جن پمپس پرپیٹرول مل رہا ہے وہاں صارفین کا جم غفیر ہے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کے مصنوعی بحران کا نوٹس لیا تھا اور وزیراعظم نے پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے