ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا پیکیج لائیں گے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے حکومتی قانونی ٹیم کے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا پیکیج لائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری شریک ہوئے۔

اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کورونا سے متعلق قانون سازی پر مشاورت کی گئی اور ہیلتھ سیکٹر میں قانون سازی کے لیے پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات کا پیکیج لائیں گے۔

اجلاس میں عورتوں اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے تھے کہ قومی سطح پر بھی کورونا سے تحفظ کے لیے کوئی قانون سازی ہونی چاہیے، قومی سطح پر قانون سازی کا اطلاق پورے ملک پر ہوگا۔

دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کے باعث متعدد ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ کے افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ سیکڑوں ڈاکٹرز اور دیگر عملہ متاثر ہے۔

ملک بھر میں کورونا کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 3400 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 73 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے