بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس ہی نہیں تو اپوزیشن کس بات کو رد کررہی ہے: وفاقی وزراء

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وفاقی بجٹ کو مسترد کرنے پر ردعمل میں کہا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس ہی نہیں لگایا تو پھراپوزیشن کس بات کو رد کررہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اور وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جن کی پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے وہ ہمیں طعنے دے رہے ہیں، شہباز گروپ، مریم نواز گروپ، نواز گروپ اور خاقان گروپ والے طعنہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آج جو حالات ہیں ان کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہے، اپوزیشن ملک و قوم کے ساتھ سنجیدہ نہیں، اربوں کی جائیدادیں بنانے والے غریبوں کا رونا رو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ثابت قدمی نے ملک و قوم کے عالمی تشخص کو بحال کیا، دونوں پارٹیوں نے اپنے اپنے دور اقتدار میں ملک کو لوٹا اور چلے گئے، دونوں سیاسی جماعتیں ایسے لیڈر کو ابھرتے نہیں دیکھ سکتیں جس کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، ان مشکلات میں بجٹ نہ ماننے اور الیکشن کی بات کرنے سے لگتا ہے یہ مخلص نہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل وفاقی بجٹ منظو ہوجائے گا اور اپوزیشن کی غلط فہمی بھی دور ہوجائے گی، اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ کل پوری قوت سے بجٹ پاس کرائیں گے۔

[pullquote]بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ ریلیف دیا: حماد اظہر[/pullquote]

وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا بلکہ ریلیف دیا لیکن سمجھ سے باہر ہے کہ اپوزیشن بجٹ کیوں مسترد کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ روایت بن چکی ہے، تاریخ میں اتنی تیزی سے ملک میں تیل کی قیمت نیچے نہیں گئی، اپوزیشن عادت اور اپنے مفادات سے مجبور ہے، ان کے منہ کو کرپشن کا خون لگ چکا ہے۔

[pullquote]یہ کچھ بھی کرلیں عمران خان انہیں این آراو نہیں دینے والا: شہباز گل[/pullquote]

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے ابلاغ شہباز گِل نے اپوزیشن رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر رد عمل میں کہا کہ ان کو این آر او چاہیے، اس لیے بجٹ کو جھٹلا رہے ہیں، یہ کچھ بھی کرلیں عمران خان انہیں این آراو نہیں دینے والا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، عوامی نیشل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) اور قومی وطن پارٹی سمیت بعض آزاد امیدواروں نے بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے