پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ شیئر کردی۔
اپنی ٹوئٹ میں بلاول کا کہنا تھا کہ ہیومن رائٹس واچ نے سیاسی جماعتوں، میڈیا کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سیاسی انتقام پرسوال اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ نے رپورٹ میں میرا، آصف زرداری، سعد رفیق اورمیرشکیل الرحمان کا ذکر کیا ہے۔
Human rights watch calls out NAB political victimisation of political parties & media. Mentions Saad Rafique, Mir Shakeel-ur-Rehman, myself & my father. We love to quote @hrw on Kashmir but ignore them on Pakistan https://t.co/If0185gUYj
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) August 7, 2020
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم شوق سے کشمیر پر ہیومن رائٹس واچ کا حوالہ دیتے ہیں لیکن پاکستان کے معاملے میں اس کی رپورٹس نظرانداز کردیتے ہیں۔
گزشتہ روز انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی زیادتیوں اور اور بلاجواز گرفتاریوں پر تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
ہیومن رائٹس واچ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت کو اپنی سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر عمل کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کرنے والوں کے خلاف نیب کا استعمال بند کرنا چاہیے۔
عالمی تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستانی حکام کو نیب کی جانب سے غیر قانونی گرفتاریوں اور اختیارات کے غلط استعمال کی تحقیق کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بھی پیراگون کیس کے فیصلے میں کہا ہے کہ نیب قانون ملک میں بہتری کے بجائے مخالفین کا بازو مروڑنے کے لیے استعمال کیا گیا اور نیب آرڈیننس اپنے اجراء سے ہی انتہائی متنازع رہا ہے، نیب کے امتیازی رویے کے باعث اس کا اپنا تشخص متاثر ہوتا ہےاور اُس کی غیرجانبداری سےعوام کا اعتماد اُٹھ گیا ہے۔